لیڈز: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کے خلاف شاندار باؤلنگ کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔
قومی کرکٹ ٹیم نے لیڈز میں افغانستان کے خلاف ورلڈکپ 2019 کا انتہائی اہم میچ کھیلا جس میں سرفراز الیون نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔
افغانستان کی ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، شاہین شاہ آفریدی سمیت دیگر باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کو مختصر ہدف تک محدود رکھا۔
شاہین آفریدی نے اپنی شاندار کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھا اور افغانستان کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہوں نے 10 اوورز میں صرف 47 رنز دیے۔
مزید پڑھیں: ’’ آفریدی کی کارکردگی ٹیم کی فتح کے لیے ضروری تھی ہے اور رہے گی‘‘
آئی سی سی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی وہ واحد نوجوان باؤلر بن گئے جس نے ورلڈکپ کی تاریخ میں چار وکٹیں لینے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق ورلڈ کپ میں آج تک کسی بھی 20سال سے کم عمر باؤلر نے 4یا اس سے زائد وکٹیں نہیں لیں لیکن 19سالہ شاہین شاہ آفریدی نے یہ ریکارڈ قائم کردیا۔