جمعہ, 22 نومبر 2024


گرین شرٹس نےکلین سوئپ کردیا

ڈربن:  انڈر19 کرکٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کا کلین سوئپ مکمل ہوگیا، گرین شرٹس نے ساتویں اور آخری ون ڈے میں بھی 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی، حارث خان اور محمد باسط علی نے نصف سنچریاں بنائیں، محمد عامر نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، عامر علی اور حارث نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

تفصیلات کے مطابق انڈر19 کرکٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستانی مشن 7-0 سے مکمل ہوگیا، گرین شرٹس نے آخری ون ڈے میں 7 وکٹ سے کامیابی سمیٹ لی، 183 کا ہدف پانے والی قومی ٹیم کو اوپنرز باسط علی اور حیدرعلی نے 49 رنز کی بنیاد فراہم کی، اس میں حیدر کا حصہ 30 رنز رہا، انھوں نے 38 گیندوں پر 3 چوکے اور ایک سکسر لگایا، کپتان روحیل نذیر 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے، انھوں نے 12 بالز کا سامنا کیا، حارث اور باسط کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے82 کی شراکت بنی، باسط 56 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، حارث 69 اور فہد منیر21 پر ناقابل شکست رہے۔

ٹیم نے 37.3 اوورز میں 3 وکٹ پر 185 رنز جوڑ کر کامیابی سمیٹی، اس سے قبل میزبان پروٹیز 48 اوورز میں 182 پر آل آؤٹ ہوگئے، کپتان برائس پیئرسن37 اور کھانیا کوٹانی 35 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، عامر نے 40 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، عامر علی اور حارث خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، واضح رہے کہ قومی جونیئر ٹیم نے ٹور میں اس سے قبل منعقدہ 6 میچز میں جنوبی افریقہ کیخلاف بالترتیب 17 رنز، چار وکٹ، 6 وکٹ، 88 رنز 116 رنز اور 60 رنز سے فتوحات کو گلے لگایا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment