ھفتہ, 23 نومبر 2024


نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کل سے فیصل آباد میں شروع ہورہا ہے

 
 
 
 
 
 
فیصل آباد: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کی چمچماتی ٹرافی کی فیصل آباد میں رونمائی کی گئی، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کل سے فیصل آباد میں شروع ہورہا ہے، ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قبل تمام ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے، سرفراز احمد سندھ کی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
 
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوینٹی میں اچھا پرفارم کرکے کھلاڑی دورہ آسٹریلیا اور پی ایس ایل میں سلیکشن کے مضبوط امیدوار بن سکتے ہیں۔
 
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں روبن فارمیٹ کے تحت مدمقابل آئیں گی، ہر ٹیم دوسرے ریجن کی ٹیم سے میچ کھیلے گی، ایک ٹیم ٹوٹل پانچ میچ کھیلے گی، ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میچ میں 14 اکتوبر کو مدمقابل آئیں گی۔
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں آمدنی میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، گزشتہ سال فائنل کی انعامی رقم 25 لاکھ تھی جسے اب بڑھا کر پچاس لاکھ کردیا گیا ہے۔
 
ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو 1،1 لاکھ کی انعامی رقم دی جائے گی، قومی ٹی 20 کپ کا بہترین کھلاڑی بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گا۔
 
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پلیئر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کے لیے 25 ہزار روپے بہ طور انعام مقرر کیے گئے ہیں۔
 
پلیئنگ الیون میں شامل ہر کھلاڑی 40 ہزار روپے بہ طور میچ فیس وصول کرے گا، نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 16 ہزار روپے میچ فیس وصول کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment