کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر پر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ میں آنے والی بیروزگاری کی ذمہ داری کون لے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر صرف 200 کھلاڑیوں کا خیال رکھ رہا ہے اور 1000 کے قریب کھلاڑی اور مینجمنٹ اسٹاف اس نئے فارمیٹ کی وجہ سے بیروزگار ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس پر محمد حفیظ نے ردعمل دیا۔
ویڈیو میں ڈومیسٹک کرکٹر فضل سبحان کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بند ہونے کی وجہ سے بھاڑے کی سوزوکی چلانے پر مجبور ہیں۔
فضل سبحان انڈر 19، پاکستان اے، 42 فرسٹ کلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، فضل سبحان کا کہنا تھا کہ ہم نے کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت محنت کی، ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بند ہونے سے بہت مشکل حالات ہیں، پہلے لاکھ روپے مل جاتے تھے اب 30 سے 35 ہزار میں سوزوکی چلا کر گزار کررہا ہوں۔
ڈومیسٹک کرکٹر فضل کا کہنا تھا کہ اور بھی بہت سے لڑکے ایسے ہیں جو بائیک چلا رہے ہیں، کمپنی میں دھکے کھار ہے ہیں، کھلاڑیوں کی مجبوری ہے گھر چلانے کے لیے یہ سب کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے نیا ڈومیسٹک اسٹرکچرمتعارف کرایا گیا تھا جس میں صرف 6 ریجن سے ٹیموں کا انتخاب کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر پر سابق کھلاڑیوں نے بھی تنقید کی تھی، جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ہم ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر بنے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ بند ہونے سے آپ لوگوں سے روزگار چھین رہے ہیں۔