بھارت نے پاکستان میں شیڈول ڈیوس کپ ٹائی کے سلسلے میں ویزوں کے لیے درخواست دیدی ہے تاہم وہ اب بھی میچز کی اسلام آباد سے منتقلی کے لیے پرامید ہیں۔ ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں ہونا تھے لیکن سکیورٹی وجوہات کے سبب انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے مقابلوں کو نومبر تک ملتوی کر دیا تھا۔
آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہیرونموئے چیٹرجی نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ میچز کو پاکستان سے منتقل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ویزوں کیلئے لیے درخواست دیدی ہے لیکن ابھی بھی میچز کے مقام کے حوالے سے حتمی منظوری کے منتظر ہیں۔
ہم نے میچز کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی جس پر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ہمیں 3نومبر تک حتمی جواب دینے کا وعدہ کیا تھا۔ پاکستان اور بھارت میں ڈیوس کپ ٹائی آئندہ ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں شیڈول ہے۔