راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیسٹ ٹیم کےکپتان ا ظہرعلی کا کہناتھاکہ سری لنکا کوآسان نہیں لیا جاسکتا، ان کی بالنگ اور بیٹنگ اچھی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکن کپتان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اظہر علی کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ 10 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آئی اور گراوٴنڈز کی رونقیں بحال ہوئیں، آسٹریلیا میں ہم اچھی طرح سے پرفارم نہیں کرسکے، اب ہوم گراوٴنڈ پر کھیل رہے ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ جو کمی ہے اسے دورکریں۔
اظہر علی نے کہا کہ کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی فارم بحال کرکے بڑا اسکور کروں، اگر کپتان اچھا پرفارم کرے تو دیگر کھلاڑیوں کو بھی حوصلہ ہوتا ہے، پریشر کو ہینڈل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اور کپتان ساتھ ہیں، سری لنکا کو آسان نہیں لیا جا سکتا، ان کی بولنگ اور بیٹنگ اچھی ہے۔
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈی مووتھ کرونا رتنے نے کہا کہ پاکستان کے دورے پر بہت خوش ہیں، 10 سال کے بعد آئے ہیں اچھا موقع ہے، پاکستان کے ساتھ کھیلنا آسان نہیں ہے، مکی آرتھر پہلے پاکستان کے کوچ تھے اب ہمارے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ ٹریننگ کرکے پاکستان کی ٹیم کو جاننے کا موقع ملا ہے لہذا کوشش کریں گے کہ اچھا پرفارم کریں۔