دبئی: ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیزمقابلےکےبعد بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستانی ٹیم نے بھارت کے خلاف ہدف ایک گیند پہلے ہی حاصل کر لیا، یو اے ای کی سرزمین پر قومی ٹیم نے ٹو ٹوئنٹی میں دوسری مرتبہ سب سے زیادہ رنز کا ہدف حاصل کیا۔
پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو کپتان بابر اعظم 14 اور فخر زمان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد رضوان اور محمد نواز کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ محمد نواز کے 42 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان بھی 71 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔خوشدل شاہ اور آصف علی کے درمیان 33 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن یہاں آصف علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 20ویں اوور کی پانچویں گیند پر افتخار احمد نے دو رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
بھارتی اوپنرز کی جانب سے جارحانہ آغاز کیا گیا تاہم کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول 28، 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سوریا کمار 13 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ریشب پنت 14 رنز اور ہاردیک پانڈیا دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دیپک ہوڈا 16 رنز اور ویرات کوہلی 60 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی فاسٹ بولر شاہنواز دھانی سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہونے کے بعد دستیاب نہیں جبکہ بھارتی آل راؤنڈر روندر جدیجہ بھی انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں۔
قومی ٹیم نے شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا تھا جبکہ بھارتی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی تھیں جس میں ہاردیک پانڈیا کی واپسی ہوئی جبکہ ریشب پنت، دیپک ہوڈا ور روی بشنوی کو شامل کیا گیا۔