دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹرزآف دی ایئر کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی نے مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ائیر بھارت کے سوریا کمار یادیو کو قرار دیا۔بھارت کے سوریا کمار یادیو نے 2022 کے دوران 31 میچز میں 46 اعشاریہ 56 کی اوسط اور 187 اعشاریہ 43 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1164 رنز اسکور کیے۔
سوریا کمار یادیو نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک کلینڈر سال کے دوران 1000 سے زائد رنز اسکور کرنے والے دوسرے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا اور مجموعی طور پر 1164 رنز اسکور کیے۔ اس کے علاوہ سوریا کمار یادیو نے سال کے دوران 68 چھکے بھی لگائے جو کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ایک سال کے دوران سب سے زیادہ تعداد ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر آسٹریلیا کی تاہلیا میک گرا کو قرار دیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی تاہلیا میک گرا نے گزشتہ برس 16 ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران 62 کی اوسط سے 435 رنز اسکور کیے، اس کے علاوہ تاہلیا میگرا نے 13 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یاد رہے کہ تاہلیا میک گرا نے 2021 میں ہی اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا اور صرف ایک سال کے عرصے میں ہی آسٹریلین آل راؤنڈر نے شاندار کارکردگی سے آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں اپنی جگہ بنائی۔