ھفتہ, 23 نومبر 2024


بھارت کی پہلی وکٹ 71 رنز پر گر گئی

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کی پہلی وکٹ 71 رنز پر گر گئی ہے۔

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے سیمی فائنل میں میزبان بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 9 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 78 رنز بنا لیے ہیں۔

بھارت کی جانب سے اننگ کا آغاز کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے کہا۔ بھارتی کپتان نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 71 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

اننگ کے نویں اوور میں روہت شرما 29 گیندوں پر 47 بنانے کے بعد ٹم ساؤتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔ ان کی اننگ میں 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی قائد روہت شرما نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ میں لگاتار 9 میچز جیت کر آئے ہیں لیکن آج نیا دن ہے۔ نیوز لینڈ سے اچھا مقابلہ ہوگا۔ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

کیوی قائد کین ولیمسن نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔ انہوں نے غیر ملکی میڈیا کی آج کے میچ کی پچ تبدیل کرنے کے دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ میچ استعمال شدہ پچ پر ہی کرایا گیا ہے۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت آج تک ناک آؤٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں ناکام رہا ہے۔ اس سے قبل آئی سی سی ایونٹس کے ناک آؤٹ مراحل میں بھارت اور نیوزی لینڈ 3 بار مقابل آئے اور تینوں بار بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔ آخری بار آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو مات دی تھی۔

بڑے مقابلے کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، سوریا کمار یادیو، رویندر جڈیجہ، جسپرت بمراہ، محمد شامی، کلدیپ یادیو اور محمد سراج


کین ولیمسن (کپتان)، ڈیون کانوے، رچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مارک چپمین، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment