نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میچ میں 195 رنزکا ہدف دیدیا۔
ہملٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، کیوی اوپنرز نے پاکستانی بالرز کیخلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم 59 کے مجموعی اسکور پر کیویز کے اوپنر ڈیون کانوے 20 رنز بناکر عامر جمال کا شکار بنے۔
فن ایلن 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 41 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان کین ولیمسن 26 رنز بنا ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، اسکے بعد ڈیرل مچل 17، گلین فلپس 13، مارک چیپ مین 4 اور ایڈم ملنے صفر کے مہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، عباس آفریدی نے 2 جبکہ اسامہ میر اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے ابتداء میں کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا کر کیویز کے ٹاپ آرڈر کا شکار کریں۔
اس موقع پر کیوی کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، میٹ ہنری کی جگہ مچل سینٹنر کی واپسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں کیویز نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کو 46 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کررکھی ہے۔