آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم کی جرسی پرپاکستان نہ لکھنے کی رَٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ردعمل آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بی سی سی آئی 'میزبان ملک ریگولیشن کے حصے کے طور پر اپنی ٹیم کی کٹ پر پاکستان لکھنے کا خواہاں نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے مبینہ طور پر بی سی سی آئی سے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کِٹ پر پاکستان لکھنے کی پابند ہے کیونکہ پاکستان ٹورنامنٹ کا میزبان ہے۔
بھارتی میڈیا کےمطابق آئی سی سی کی جانب سے ایک آفیشل نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کا لوگو اپنی جرسیوں میں شامل کرنا ہر ٹیم کی ذمہ داری ہے، تمام ٹیمیں اس اصول کی تعمیل کرنے کی پابند ہیں۔
ایپکس بورڈ نے مبینہ طور پر یہ بھی کہا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کی کِٹ پر میزبان ملک پاکستان کے نام کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی کا لوگو نہیں ہوا تو بھارتی ٹیم کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔