بدھ, 30 اکتوبر 2024


آسٹریلین کرکٹ ایوارڈ میلہ ڈیوڈ وارنر کی لوٹ لیا

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلوی ایوارڈ میلہ جارح مزاج بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے لوٹ لیا، سب سے ممتاز ایلن بورڈر میڈل کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز میلبورن میں آسٹریلوی کرکٹ ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں دو ٹاپ ایوارڈز جارح مزاج بیٹسمین اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کی جھولی میں آن گرے۔ انھیں سال کے بہترین کھلاڑی کے لیے مختص ایلن بورڈر میڈل اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ گذشتہ برس اسٹیون اسمتھ نے ایلن بورڈر میڈل اپنے گلے کی زینت بنایا تھا اور اس بار بھی ووٹنگ پیریڈ کے دوران سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز ان کے ہی تھے لیکن جب ووٹنگ ہوئی تو وارنر کے حصے میں 240 جبکہ اسمتھ کو 219 ووٹ ملے، مچل اسٹارک  183 ووٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

وارنر نیوزی لینڈ کے ساتھ گذشتہ برس کے آخر میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے بہترین پلیئر رہے، اس میں انھوں نے گابا ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ واکا میں 253 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، اس سیریز میں مجموعی طور پر 592 رنز 98.66 کی اوسط سے اسکور کیے۔ ووٹنگ پیریڈ کے دوران وارنر نے 60.63 کی ایوریج سے 1334 رنز بنائے، اس دورانیہ میں صرف جوئے روٹ اور الیسٹر کک ان سے آگے رہے۔ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلیے ووٹنگ میں وارنر نے 30، اسمتھ نے 24 اور اسٹارک نے 18 ووٹ لیے، ایڈم ووگس 16 ووٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ گلین میکسویل کے نام رہا۔ چونکہ ووٹنگ پیریڈ کے دوران آسٹریلیا نے صرف ایک ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا تھا، اس لیے اس بار مختصر ترین فارمیٹ میں کوئی ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ بیلنڈا کلارک سے منسوب ویمنز ایوارڈ الیسی پیری کے نام رہا، اس سے قبل مسلسل دو برس میگ لیننگ نے اس پر قبضہ کیے رکھا تھا۔ بریڈ مین ینگ کرکٹر کا ایوارڈ ساؤتھ آسٹریلیا کے بیٹسمین الیکس روس کو دیا گیا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹر کا اعزاز ایڈم ووگس کے حصے میں آیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment