پیر, 25 نومبر 2024


عمر اکمل،احمد شہزاد اور صہیب سلیکٹرز کے ریڈار میں اگئے

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)  عمر اکمل، احمد شہزاد اور صہیب مقصود سلیکٹرز کے ریڈار میں آگئے، ایشیا کپ اور ورلڈ  ٹی 20 کیلیے ابتدائی مشاورت میں کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف یواے ای کی سازگار کنڈیشنز میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکامی کے بعد لاہور میں قومی کرکٹرز کی فیلڈنگ اور فٹنس بہتر بنانے پر کام کیا گیا، دورہ نیوزی لینڈ کے پہلے میچ میں جیت کے بعد ایک بار پھر ناکامیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، کارکردگی میں عدم تسلسل کی بناپر قومی سلیکٹرز بھی تشویش میں مبتلا ہیں، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی20 کیلیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دینا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

گذشتہ روز اس سلسلے میں ابتدائی مشاورت کی گئی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونیوالی میٹنگ میں سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید، ارکان اظہر خان اور کبیر خان کے ساتھ شاہد آفریدی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی، ٹی ٹوئنٹی کپتان نے ٹیم کے مسائل سے آگاہ کیا، نیوزی لینڈ میں موجود ہیڈ کوچ وقار یونس سے فون پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق سلیکٹرز عمر اکمل، احمد شہزاد اور صہیب کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔ ان کو مستقبل کے میگا ایونٹس میں کھلانے یا نہ کھلانے کا حتمی فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا ہے، سلیکٹرز شرجیل خان سمیت چند دیگر پلیئرز کو موقع دینا چاہتے ہیں تاہم ان کی شمولیت کا دارومدار پی ایس ایل میں کارکردگی پر ہوگا۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز سے ڈراپ ہونیوالے  عرفان کو ورلڈ ٹی 20 میں واپس لانے جب کہ کامران اکمل کو ایشیا کپ میں بطور بیٹسمین آزمانے کے آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment