ایمز ٹی وی(اسپورٹس) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے افغان ٹیم کی جلد پاکستان آمد کی خوشخبری سنا دی، گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ذرائع آمدن بڑھانے کیلیے ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر اینڈ ریئل اسٹیٹ کے تقرر کی منظوری دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ کا39 واں اجلاس گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، اس کی صدارت چیئرمین شہریارخان نے کی، چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی نجم سیٹھی،اراکین ظفر محمود، شکیل احمد شیخ، گل زادہ، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، میجر(ر) نعیم اختر گیلانی، امجد لطیف، سیکریٹری آئی پی سی محمد علی گردیزی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، چیف فنانشنل آفیسر بدر منظور خان، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کوآرڈی نیشن امجد حسین بھٹی اور سیکریٹری بورڈ سلمان نصیر بھی شریک ہوئے۔
میٹنگ شروع کرنے سے پہلے سانحہ چارسدہ کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیلیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔شہریار خان نے شرکا کو بتایا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کیلیے کوشاں ہیں، افغانستان ٹیم کے جلد دورہ پاکستان کا امکان ہے، مصباح اور یونس کو مشیر مقرر کیا گیا، ان نامور کرکٹرز کی مشاورت سے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ مالی معاملات میں شفافیت لانے کیلیے آڈٹ اور احتساب کا جامع طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے ریونیو کو مانیٹر اور اس میں اضافے کیلیے ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر اینڈ ریئل اسٹیٹ کا تقرر کیا جائیگا، وہ بورڈ کی املاک سے بہتر آمدن کا حصول ممکن بنائیگا۔اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی نجم سیٹھی نے گورننگ بورڈ کو پی ایس ایل انتظامی طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ تمام فرنچائز نے پی سی بی کو مکمل ادائیگیاں کر دی ہیں اور اب کسی کے ذمہ کوئی بڑی رقم واجب الادا نہیں ہے۔