ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپرلیگ انتظامیہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ پر ایونٹ کے دوران بولنگ کرانے پر پابندی عائد کردی۔
آل راؤنڈرمحمد حفیظ پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے مشکوک ایکشن کی بنا پرپابندی کی زد میں ہیں اورانہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں بولنگ کی اجازت دی گئی تھی لیکن قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں بھی ان کا بولنگ ایکشن پھرسے رپورٹ ہوا اوراب ان کے مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے انہیں پاکستان سپر لیگ میں بھی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ترجمان پی ایس ایل کے مطابق پاکستان سپرلیگ آئی سی سی قوانین کے مطابق کھیلی جائے گی اورمحمد حفیظ پر عالمی کرکٹ میں بولنگ کرانے پرپابندی عائد ہے اس لئے اب وہ سپرلیگ میں بطوربلے باز ہی کھیل سکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اگر کسی بولر کے بولنگ ایکشن پرایک سال کے عرصے میں 2 مرتبہ اعتراض سامنےآ جائے تو اس پر ایک سال کی پابندی عائد کردی جاتی ہے جب کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن بھی ایک سال کے دوران 2 مرتبہ مشکوک قرار دیا گیا تھا۔