جمعہ, 22 نومبر 2024


بد ترین شکست؛ پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) بدترین بیٹنگ نے سابق و موجودہ ٹیسٹ کرکٹرز کے سر شرم سے جھکا دیئے، کسی نے بیٹسمینوں کی تکنیک کو غلط قرار دیا تو کسی نے گھومتی گیندوں پر جلدبازی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

تفصیلات کے مطابق سابق کپتان عامر سہیل نے کہا کہ پاکستانی بیٹسمینوں کی تکنیک درست نہیں ہے، جب تک اس پر کام نہیں کیا جائے گا وہ اسی طرح آؤٹ ہوتے رہیں گے، ہمیں بیٹنگ کوچ کی ضرورت ہے لیکن حیرت انگیز طور پر 2 بولنگ کوچز کا تقرر کردیاگیا۔ ٹیسٹ قائد مصباح الحق نے کہا کہ  گیند سوئنگ ہو رہی تھی، ایسے  میں جلد بازی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے تحمل سے بیٹنگ کی ضرورت تھی، میچ کے دوران پاکستان نے ابتدائی 10 اوورز میں 50 رنز سے اوپر بنا لیے۔

اس موقع پر اگر وکٹیں ہاتھ میں ہوتیں تو مجموعی اسکور کو120 سے 130 تک لے جایا جا سکتا تھا۔ مشتاق احمد نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا  ہے جو ٹیم کو ساتھ لے کر چلے،کپتان شاہد آفریدی رن آؤٹ ہونے کے بجائے کریز پر موجود رہتے تو بھارت کے خلاف اچھا ٹوٹل بنایا جا سکتا تھا۔

 

انھوں نے کہا کہ جب ٹیم کا کپتان غلطی کرے تو وہ اگلے فیصلے بھی  بہتر انداز میں نہیں لے سکتا۔ اعجاز احمد نے کہا کہ کنڈیشنز کو سمجھنے کے بجائے ہم بھارتی ٹیم کے دباؤ میں آگئے، بیٹسمین کچھ صبر کا مظاہرہ کرتے تو  میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ سابق  فاسٹ بولر محمد اکرم نے کہا کہ ٹیم میں موجود  تجربہ کار کھلاڑی اسکول کے بچوں کی طرح آؤٹ ہوئے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Media

Leave a comment