ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اپنے شاگردوں کی پرفارمنس پر عدم اطمینان ظاہر کردیا۔ ذرائع کے مطابق گرانٹ نے کہاکہ قومی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین، ون ڈے میں بہتری کی کوشش ہورہی ہے، بیٹسمینوں سے پوچھا ہے کہ انھیں کسی قسم کا خوف یا پریشر تو نہیں لیکن ان کا جواب نفی میں ہے، کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ میں انھیں خامیاں بھی بتائی ہیں لیکن وہ میدان میں جاکر مشوروں پر عمل در آمد نہیں کرتے اس حوالے سے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری بیٹنگ ناکام رہی، یو اے ای کے مقابل بھی دباؤ کا شکار ہوگئے تھے لیکن شعیب ملک کیساتھ میری شراکت نے حالات ہمارے حق میں کردیے، ساتھی آل راؤنڈر کو اس اننگز کا زیادہ کریڈٹ دوں گا، ٹیم مینجمنٹ نے ہمیں جو اعتماد دیا تھا اس کی وجہ سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے، بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے اچھی پرفارمنس دکھانے کی کوشش کروں گا تاکہ ایونٹ میں پیش قدمی جاری رکھیں۔