جمعہ, 22 نومبر 2024


کالی آندھی اور بھارتی سورما آج آمنے سامنے ہوں گے

ایمز ٹی وی ( کھیل) ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آج کو کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے ایونٹ کے آغاز میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر آخری مقابلے میں اسے افغانستان کے ہاتھوں شکست کی ہزیمت برداشت کرنا پڑی، اب اس کا مقابلہ میزبان بھارت کے ساتھ ہے جسے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے ہی ہاٹ فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ ونوں ٹیمیں جہاں فائنل میں نشست پکی کرنے کیلیے ٹکرائیں گی، وہیں ان کے سپر اسٹار بیٹسمین کرس گیل اور ویرات کوہلی میں بھی مقابلہ ہوگا، دونوں خود کو سپر بیٹسمین ثابت کرنے کیلیے زورآزمائیں گے، گیل نے انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کی تھی تاہم اس کے بعد صرف ایک اور میچ کھیلا جس میں چار رنز بنائے۔ دوسری جانب ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف ففٹی اور آسٹریلیا سے میچ میں82 رنز ناٹ آؤٹ بناکر دنیا بھر کی توجہ کھینچ لی۔ ویسٹ انڈین کپتان سیمی نے کہاکہ بھارت سے میچ میں ہم 15 کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں اور ٹی وی دیکھنے والے کروڑوں میزبان شائقین کا مقابلہ کرنا ہے، ہم اس کیلیے تیار بھی ہیں، اب اگلا ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ 2020 میں ہوگا اس وقت تک ہم میں بہت سے پلیئرز ٹیم میں نہیں رہیں گے، اس لیے فتح کیلیے بے چین ہیں۔ دوسری جانب یوراج سنگھ ٹخنے کی انجری کے باعث میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ ان کی جگہ منیش پانڈے کو دی گئی ہے، بھارتی کپتان دھونی نے کہا کہ ہمارے دیگر بیٹسمینوں کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی،ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری کا کہنا ہے کہ گیل کو قابو کرنے کیلیے ہم نے بے داغ منصوبہ بنالیا۔ دریں اثنا ممبئی کی فلیٹ وکٹ پر چھکوں چوکوں کی برسات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment