ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نومنتخب کوچ مکی آرتھر پی سی بی سے ماہانہ18 لاکھ روپے کا چیک سال میں 30 دن کی چھٹیاں اور ٹریول الائونس بھی حاصل کریں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مکی آرتھر کو کوچنگ کے عوض 18 لاکھ روپے تنخواہ دی جائے گی انھیں سال میں 30 دن کی چھٹیاں اور ٹریول الائونس بھی دیا جائے گا۔ پی سی بی نے گذشتہ روز سابق جنوبی افریقی فرسٹ کلاس کرکٹر مکی آرتھر کو قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی ہے، آرتھر نے پاکستان میں قیام پر آمادگی ظاہر کر دی ہے،اورفی الحال وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رہائش پذیر ہوں گے۔ البتہ اگر بعد میں چاہا تو انھیں کوئی گھر کرائے پر لے کر دے دیا جائے گا، ان کو سال میں 30 چھٹیاں ملیں گی، یہ انہی پر منحصر ہوگا کہ وہ کتنی بار اپنے آبائی وطن جاتے ہیں، پی سی بی انھیں ٹریول الائونس بھی دینے کا پابند ہوگا۔ واضح رہے کہ سابق کوچ وقاریونس کو ماہانہ 15 لاکھ روپے ملتے تھے، بعض دیگر الائونسز ملا کر یہ رقم اور زیادہ ہوجاتی تھی، وقار یونس ہر سیریز کے بعد اپنے سسرال آسٹریلیا چلے جاتے تھے جس پر انھیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔