جمعہ, 22 نومبر 2024


اظہرعلی کپتان مصباح الحق کی دفاعی ڈھال بن گئے

ایمزٹی وی(کھیل) اظہر علی، مصباح الحق کی دفاعی ڈھال بن گئے، نوجوان بیٹسمین نے انھیں جارحانہ کپتان قرار دے دیا، ان کے مطابق دورئہ انگلینڈ کو مصباح کی الوداعی سیریز تصور کرنا درست نہیں ہے، اظہر کے مطابق محمد عامر انگلینڈ میں دباؤ برداشت کرنے کے قابل ہوں گے، مقامی میڈیا کی موجودگی میں سب کو محتاط رہنا ہوگا، تمام کھلاڑی میدان کے اندر اور باہر بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اظہر علی سے سوال کیاگیا کہ انگلش پچز پر تیز کرکٹ کھیلی جاتی ہے، کیا پاکستان ٹیم بھی جارحانہ انداز اختیار کریگی؟ جواب میں انھوں نے کہا کہ انگلینڈ میں کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر میدان کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے جو بھی پلان بنائیں اس پر عمل کریں گے، مصباح خود بھی ایک جارحانہ کپتان ہیں، یو اے ای میں سست پچز پر بیشتر کپتان دفاعی انداز اختیار کرتے ہیں، سینئر بیٹسمین وہاں بھی جارحانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے حریفوں کو دباؤ میں لاکر فتوحات حاصل کرتے رہے ہیں۔ مصباح الحق کو الوداعی سیریز میں جیت کا تحفہ دینے کے سوال پر اظہر علی نے کہا کہ ہماری تو دعا ہے کہ وہ مزید کھیلتے رہیں، کاکول کیمپ میں ان کی فٹنس بہترین تھی،وہ مزیدکافی عرصے ملک کی خدمت کرسکتے ہیں،ہم بطور قائد ان کیلیے ہر میچ جیتنے کی کوشش کرتے ہیں، اس بار بھی سیریز میں فتح کا تحفہ دینے کیلیے کوشاں رہیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment