ھفتہ, 04 مئی 2024


پی ایس ایل؛ پاکستان بڑے نام شامل کرنے کیلیے کوشاں

ایمزٹی وی (کھیل) پاکستان پی ایس ایل میں مزید بڑے نام شامل کرنے کیلیے کوشاں ہے، ایونٹ کے روح رواں نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ میں خود تمام بورڈز سے بات کروں گا کہ اپنے پلیئرز کو ہمارے ایونٹ کیلیے ریلیز کریں، وہ ایونٹ میں اینٹی کرپشن اقدامات سے بھی مطمئن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اولین پی ایس ایل میں بعض ممالک کے کھلاڑی حصہ نہیں لے سکے یا بہت کم تعداد میں شریک ہوئے تھے، آئندہ برس دوسرے ایڈیشن میں بڑے ناموں کی شمولیت یقینی بنانے کیلیے ابھی سے اقدامات شروع ہو چکے، اس حوالے سے نجم سیٹھی نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ پہلے ایونٹ میں وقت نہیں مل سکا تھا،اب میں خود تمام بورڈ حکام سے رابطے کر کے کہوں گا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو آپ کے ایونٹس میں شرکت کی اجازت دیتے ہیں آپ بھی ایسا ہی کریں، مجھے یقین ہے کہ مثبت جواب ملیں گے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ آئی پی ایل کے آغاز میں ہی کرپشن شروع ہو گئی تھی، لہٰذا پی ایس ایل سے قبل ہی ہم نے تمام فرنچائزز کے ساتھ ملاقات میں واضح کر دیا کہ بہت احتیاط سے کام لینا ہوگا،چھوٹا سا بھی واقعہ ہوا تو سمجھو لیگ کا کام تمام ہو گیا، مجھے خوشی ہے کہ کوئی بڑا تنازع سامنے نہ آیا، ہم نے آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے آفیشلز کی بھی خدمات حاصل کیں، سیکیورٹی پر بہت زیادہ رقم خرچ کی گئی اسی لیے ایونٹ کا کامیابی سے اختتام ہوا۔ نجم سیٹھی نے ایک سوال پر کہا کہ پی ایس ایل کیلیے مزید کسی اینٹی کرپشن آفیشل کی فی الحال ضرورت نہیں، ہمارے آفیشلز عمدگی سے خدمات انجام دے رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایم سی ایل کی وجہ سے اولین ایڈیشن میں سنگاکارا جیسے بعض کھلاڑی شریک نہیں ہو سکے، اب ایسا نہیں ہوگا،بعض فرنچائزز نے میچز کے دوران وقفہ نہ ہونے کی شکایت کی تھی، اس لیے اب مقابلے 28،29 دن تک جاری رہیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment