ھفتہ, 23 نومبر 2024


انیل کمبلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

ایمزٹی وی (کھیل)  بھارتی کرکٹ بورڈ نے انیل کمبلے کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔ یہ تقرری ایک سال کے لیے کی گئی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر نے انیل کمبلے کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انیل کمبلے پر پورا بھروسہ ہے اور تمام کھلاڑی ان کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کے کوچ کا عہدہ ٹیم کے ڈائریکٹر روی شاستری کے پاس تھا۔ ان کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی تھا جس پر اب انیل کمبلے کا تقرر کیا گیا ہے۔ اس عہدے کے لیے سابق کپتان ساروو گنگولی، سچن ٹنڈولکر اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل مشاورت پینل کو 57 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جس میں سے 22 افراد کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی اور ون ڈے کپتان ایم ایس دھونی سے اس بارے میں مشورہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ اور بولنگ کوچز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر، ساروو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن بھارتی بورڈ کے مشیر رہیں گے اور راہول ڈریوڈ حسب سابق جونیئر ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ انیل کمبلے ٹیسٹ کی تاریخ کے تیسرے کامیاب ترین بولر ہیں۔ انہوں نے 14 ٹیسٹ میچز میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی۔ وہ بھارتی ٹیم کے دسویں کوچ ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں 619 اور ون ڈے میں 337 وکٹیں حاصل کیں۔ 2005 میں انہیں ملک کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا گیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment