Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(تعلیم)ملک کے مختلف شہروں کے نجی اسکولوں میں پانچویں جماعت کے بچوں کو پڑھائے جانے والی معاشرتی علوم کی کتاب میں آزاد کشمیر کو پاکستان کا مقبوضہ علاقہ قرار دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق نصابی و غیر نصابی کتب چھاپنے والے نجی پبلشنگ ادارے پیرا ماؤنٹ کی جانب سے چھاپی جانے والی پانچویں جماعت کی معاشرتی علوم کی کتاب میں آزاد کشمیر کو پاکستان کا مقبوضہ علاقہ قرار دیا گیا ہے اور یہ کتاب ملک کے متعدد بڑے شہروں میں بھی دستیاب ہے لیکن حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا تاہم پیرا کی جانب سے اس کتاب پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پیپلزپارٹی کی سینیٹر سحر کامران نے کتاب میں ہونے والی مجرمانہ غلطی پر ایوان بالا میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ کئی دیگر کتابوں میں بھی اسی طرح کی سنگین غلطیاں موجود ہیں۔
میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں کتاب پر پابندی عائد کردی ہے اور کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے متنازع کتاب نہیں پڑھائیں گے اور غلطیاں درست کرکے ترمیم شدہ ایڈیشن دوبارہ شائع کیا جائے گا۔ پیرا کے حکام کا کہنا تھا کہ پبلشرز ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔دوسری جانب پیرا ماؤنٹ پبلشرز نے بھی کتاب میں متنازع مواد کے ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے پیرا سے تحریری معافی مانگ لی ہے۔

 

ایمز ٹی وی ( راولپنڈی) راولپنڈی پولیس اورپتنگ بازوں میں اتوارکوبھی آنکھ مچولی کاسلسلہ جاری رہا ،پنجاب کانسٹیبلری سے بلائی گئی نفری کو پولیس کے ہمراہ شہرکے مختلف علاقوں میں تعینات کیاگیا تھا جوسارادن پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کے لئے گلی محلے اورسڑکوں پرگشت کرتے رہے سی پی اوکے حکم پرشہرکے مختلف پلوں کے اوپراورکھمبوں پرلٹکتی ڈوربھی ہٹائی گئی سی پی اونے حکم دیاتھاکہ پولیس اپنے علاقوں میں کھمبوں اور اونچی جگہوں کوچیک کرے اورجہاں کہیں ڈورلٹک رہی ہواسے وہاں سے ہٹایاجائے تاکہ کوئی موٹرسائیکل سواراس کی زد میں آکرزخمی نہ ہوجائے ادھربعض ایس ایچ اوزکاکہناتھاکہ 25،سے 30ملازمین کے ساتھ وہ لاکھوں کی آبادی میں کیسے پتنگ بازوں کے خلاف مؤثرکارروائی کرسکتے ہیں اس حوالے سے قانون کی عملداری کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کواپناکرداراداکرنا چاہئیے ،ادھرراولپنڈی پولیس نے پتنگ فروشوں،پتنگ بازوں، آتش بازوں اورسائونڈ آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 19ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) لاہورمیں پی ایس ایل کا فائنل کرانے کی صورت میں بھرپور سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا،پلان کے تحت 10 ہزار سے زائد اہلکاروں کو قذافی اسٹیڈیم کےاطراف تعینات کیا جائےگا، پاک فوج اوررینجرز کو مامورکرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
میچ سے دو روز قبل قذافی اسٹیڈیم کو مکمل بندکردیا جائے گا ،چپے چپے کی تلاشی کے بعد کلیئرنس دی جائے گی، اسٹیڈیم کے اندراورباہر 10 ہزارسے زائدپولیس اہلکاراور افسران تعینات ہوں گے ۔
سیکیورٹی کے تناظر میں فیروز پورروڈمکمل بند ہو گی، نہرکے پل اور کلمہ چوک پر کنٹینر کھڑے کرکے ٹریفک بندکردی جائیگی ، شائقین پیدل اسٹیڈیم تک جائیں گے ،مین گیٹ سے صرف کھلاڑیوں اور وی وی آئی پیز کو گزارا جائے گا، گاڑیاں لبرٹی مارکیٹ کی پارکنگ میں کھڑی کی جائیں گی۔
باوردی اہلکاروں کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے ،شائقین کو 5 درجاتی سکیورٹی سے گزارا جائے گا ،50واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے ،ہرانٹری پوائنٹ پر گزرنے سے سے پہلے فزیکل چیکنگ ہو گی ، ٹیموں کو ہوٹل سے اسٹیڈیم تک وی وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی۔
ایئرپورٹ سے ہوٹل اورہوٹل سے اسٹیڈیم تک روٹ کو مکمل طورپر عام ٹریفک کیلئے بند کردیا جائے گا،اسٹیڈیم کے باہر ایلیٹ فورس کی30 سے زائد گاڑیاں بدستورگشت کرتی رہیں گی۔
پولیس اہلکار صبح 6 بجے اپنے اپنے انچارج کو رپورٹ کرینگے ،ناشتے سے کھانے تک اٹھنے والا کروڑوں روپے کاخرچہ ویلفیئر فنڈ سے ادا کیا جائے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ) 89 ویں آسکر ایوارڈز میں میوزیکل فلم ’لالا لینڈ‘ نے 14 کٹیگریز میں نامزدگیاں حاصل کرکے جیمس کیمرون کی ’ٹائٹینک‘ کا ریکارڈ برابر کردیا جبکہ اس سال یہ سب سے زیادہ اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم بھی رہی ۔لیکن بہترین فلم کا سہرا ’مون لائٹ‘ کے سر سجا۔
اس سال آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے افراد اور فلموں کی ترتیب یہ ہے۔
بہترین اداکارہ ایما اسٹون (لالا لینڈ)بہترین اداکار کیسی ایفلک (مانچسٹر بائی دی سی)بہترین ہدایتکار ڈیمیئن شیزیل (لالا لینڈ)بہترین اسکرین پلے (ماخوذ) مون لائٹ ،بہترین اسکرین پلے (اوریجنل) مانچسٹر بائی دی سی ،اوریجنل سونگ سٹی آف اسٹارز (لالا لینڈ)
اوریجنل اسکور لالا لینڈ،بہترین سنیماٹوگرافی لالا لینڈ،بہترین مختصر فلم (لائیو ایکشن)سِنگ،بہترین ڈاکیومینٹری (شارٹ سبجیکٹ) دی وائٹ ہیلمٹس،بہترین فلم ایڈیٹنگ ہیکسا رِج
بہترین بصری ا ثرات دی جنگل بک،بہترین پروڈکشن ڈیزائن لالا لینڈ،بہترین اینی میٹڈ فیچر فلم زوٹوپیا،بہترین مختصر فلم (اینی میٹڈ)پائپر،بہترین معاون اداکارہ وائیولا ڈیوس، فینسس
بہترین معاون اداکار مہرشالا علی، مون لائٹ،ساؤنڈ مکسنگ ہیکسا رِج،ساؤنڈ ایڈیٹنگ ارائیول،بہترین ڈاکیومینٹری او جے، میڈ ان امریکا،بہترین کاسٹیوم ڈیزائن فینٹاسٹک بیسٹس اینڈ ویئر ٹو فائنڈ دیم،بہترین میک اپ اور ہیئر اسٹائلنگ سوسائیڈ اسکواڈ،غیرملکی زبان میں بہترین فلم دی سیلزمین، ایران،بہترین فلم مون لائٹ ہے

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپرلیگ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ کرس گیل نے لاہور قلندرز کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔
کرس گیل کا بلا بالآخر چل ہی گیا۔ پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں ایسے چوکے چھکے لگائے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں کےطوطے ہی اڑگئے۔ کرس گیل کے چھکوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست ہوئی اور لاہور قلندرز کا پتہ پلے آف مرحلے سے کٹ گیا۔
بارش کےسبب میچ پندرہ اوورز تک محدود کردیاگیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نےسات وکٹوں پر ایک سوتینیس رنزبنائے جس میں ڈیوائن اسمتھ کی اننچاس رنزکی اننگز بھی شامل ہے جو ٹیم کے کام نہ آ سکی۔
کراچی کنگز کےاوپنر کرس گیل میدان میں اترے تو کسی کو نہ بخشا۔ پانچ چھکوں اور چارچوکوں سے جڑی چوالیس رنزکی اننگز نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔کراچی کنگز نے نےایک سو چوبیس رنز کا ہدف آخری اوورمیں حاصل کر کے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان سپرلیگ کے اس اہم ترین میچ نے کراچی کنگز اور لاہورقلندرزکی ایونٹ میں مزید پیش قدمی کا فیصلہ کرنا تھا۔ پاکستان سپر لیگ کے دبئی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز کو انتہائی دلچسپی صورتحال کا سامنا تھا کیونکہ ہار یا جیت دونوں صورتوں میں ٹیم پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتی تھی۔
پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں پہلے ہی پلے آف راونڈ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔بہتر اوسط کے سبب کراچی کنگز کی ٹیم چوتھے نمبر پر تھی لیکن پھربھی پلے آف راونڈ تک رسائی نہیں ہوئی تھی۔
لاہور قلندرز کی تمام تر امیدیں اس میچ سے وابستہ تھیں کیونکہ اسلام آباد یونائیٹڈ بہتر مارجن سے فتح حاصل کرتا تو کراچی کنگز کی ٹیم ایونٹ سے باہرہو جاتی۔ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں نے تین تین میچ جیت رکھے تھے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)مہیش بھٹ بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے مخالف ہیں اور اپنی رائے کا بلاجھجک اظہار کرتے ہیں۔اب انہوں نے اس پابندی کو چیلنج کرنے کے حوالے سے عملی اقدام بھی کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان امن کے خیال پر مبنی ایک پلے ملنے دو کے لیے مہیش بھٹ نے پاکستانی فنکاروں علی ظفر اور شفقت امانت علی کو گلوکاری کے لیے مدعو کیا ہے۔ مہیش بھٹ نے علی ظفر کو کال کرکے گانے کی پیشکش کی جس پر پاکستانی گلوکار نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔اسی طرح شفقت امانت علی بھٹ نے بھی مفت میں گانے کی حامی بھری ہے۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے اداکار عمران زاہد جو کہ اس پراجیکٹ پر مہیش بھٹ کے ساتھ کام کررہے ہیں، نے اس خبر کی تصدیق کی ' مہیش صاحب نے جن پاکستانی فنکاروں سے رابطہ کیا.

انہوں نے پرجوش انداز میں ردعمل ظاہر کیا، شفقت امانت علی کے منیجر کا کہنا تھا کہ گلوکار اس گانے کے لیے کوئی معاوضہ نہیں چاہتے، ہم راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کو بھی اس پراجیکٹ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں'۔ زاہد عمران کا ماننا ہے کہ یہ پابندی غیر منطقی ہے اور پاکستانی صلاحیت کو استعمال کرنے کے منصوبے پر اس کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا ' ہم پاکستانی فنکاروں کی آواز ملنے دو میں استعمال کرنے جارہے ہیں جو کہ آٹھ جون کو دہلی اور 23 جون کو ممبئی میں اسٹیج ہوگا، مزید برآں بھارتی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد نہیں کی، جب حکومت نے اس معاملے پر واضح موقف اختیار کیا ہے تو پھر احتجاج کا کیا امکان رہ جاتا ہے؟

انہوں نے مزید بتایا 'بھٹ صاحب کے لیے احتجاجی مظاہرے نئے نہیں، پاکستان کے ساتھ ثقافتی سطح پر دوبارہ بات چیت شروع ہونی چاہئے، دہلی حکومت دارالحکومت میں ہمارے اقدام کی حمایت کررہی ہے جبکہ مغربی بنگال کی ممتا بینرجی نے بھی ہمارے مشن کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے'۔ دوسری جانب بی جے پی کے ترجمان نے اس سے اتفاق نہیں کیا ' پاکستان سے تعلقات اس حد تک خراب ہوچکے ہیں کہ اب پاکستان کو عالمی سطح پر دہشتگرد ریاست قرار دلانے کے لیے تحریک چل رہی ہے، موجودہ بحران کو دیکھتے ہوئے میرا نہیں خیال کہ ہمیں پاکستانی فنکاروں کو یہاں آنے دینا چاہئے'۔

 

 

ایمز ٹی وی (بزنس)ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کےلیے پاک افغان چمن بارڈر، طورخم بارڈراور کرم ایجنسی میں 4 مقامات پر سرحد10 روز سے بند ہے،چمن باب دوستی پر افغان شہریوں کو ویزا پاسپورٹ پر افغانستان جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔دوسری جانب پاک افغان سرحد طورخم کی بندش سے بارڈر کے دونوں جانب خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں،جو فٹ پاتھ پر روز و شب گزاررہے ہیں۔

 

لنڈی کوتل بازار کے راہ گزر کو مسکن بنانے والے یہ افغان شہری ہیں جو ایک ہفتہ قبل طورخم بارڈر کی بندش کے باعث افغانستان جاتے ہوئے پھنس کر رہ گئے ہیں،لنڈی کوتل کی سخت سردی میں کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ طورخم بارڈرکو پاک افغان کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث 17 فروری کو ہرقسم آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا، جس سے سرحد کے دونوں جانب ہزاروں مسافر رل گئے ہیں، بیشتر مسافروں کے پاس زاد راہ بھی ختم ہو چکا ہے اور بعض کو ویزے کی میعادختم ہونے کی پریشانی بھی لاحق ہے۔طورخم بارڈر کی بندش سے پھنسے ہوئے افغان شہریوں نے مطالبہ ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کی مشکلات کے پیش نظر پاک افغان حکومتیں مل بیٹھ کر حکمت عملی تشکیل دیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (بزنس)پاکستان کا ہر فرد پیدائشی طور پر 1 لاکھ 15 ہزار روپے تک کا مقروض ہے، ملکی مجموعی قرضوں کا حجم 23ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان پر مجموعی قرضے میں 8ہزار ارب روپے کا بیرونی جبکہ 15ہزار ارب روپے کا مقامی قرضہ شامل ہے۔سال 2017ء سے 2020ء کے دوران پاکستانی بانڈز کی مدت معیاد مکمل ہونے پر حکومت 2 ارب 75 کروڑ ڈالر ادا کرنے کی پاپند ہو گی۔

دوسری جانب آئندہ دو سال کے دوران ہی پیرس کلب اور آئی ایم ایف کے قرضوں کی ادائیگیاں بھی شروع ہو جائیں گی۔ واضح رہے کہ پیرس کلب کے 11ارب 70کروڑ ڈالر کے قرضوں کو 2001ء میں ری شیڈول کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کا ہر فرد پیدائشی طور پر 1لاکھ 15ہزار روپے تک کا مقروض ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد میں پرانی ٹیکنالوجی کی حامل اسٹریٹ لائٹس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ایل ای ڈی لائٹس پر منتقل کرنے کے منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور اب تک مختلف بڑی شاہرائوں کی 2100پرانی اسٹریٹ لائیٹس کو جدید ایل ای ڈی لائٹس پر منتقل کر دیا گیا ہے اور تین ماہ کے اندرمرحلہ وار اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کر کے اسلام آباد کی تمام چالیس ہزار پرانی لائٹس کو مکمل طور پر تبدیل کر کے اسلام آباد کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے اسلام آباد میں ایل ای ڈی لائٹس کے منصوبے پر جاری کام کے معائنے کے موقع پر کیا۔ 

انہوں نے اسلام آباد میں شاہراہِ دستور، ناظم الدین روڈ، آغا خان روڈ، مرکز ایف6،فیصل ایونیو، کوہسار روڈ اور دیگر شاہرائوں پر ایل ای ڈی لائیٹس لگانے کے کام کا جائزہ لیا۔میئر نے کہا کہ اب تک دو ہزار سے زائد ایل ای ڈی لائٹس سے اوسطاً 10 ملین روپے کی بچت ہوئی ہے جبکہ پورے شہر میں 40 ہزار لائٹوں کی تبدیلی کے بعد کروڑوں روپے کی بچت کے علاوہ توانائی کی مد میں بھی قابلِ زکر بچت ہو گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) پاکستان میں غذائی قلت اور جسمانی مدافعت کی کمی جِلدی امراض کا سبب ہیں، جلدی مرض لشمانیاس ایک سنگین صحت کا مسئلہ ہے۔ سندھ، بلوچستان میں لشمانیاس زیادہ عام ہے، یہ مرض زائرین سعودی عرب اور ایران سے اپنے ساتھ لاتے ہیں، لشمانیاس ایک باریک مادہ ریت مکھی کے کاٹنے سے ہوتا ہے،سندھ کے لاڑکانہ ضلعے میں ا?خری مرتبہ 2001 ئ میں اس مرض کی وبائ پھیلی تھی۔

یہ بات لیپریسی سینٹر لاڑکانہ سندھ کے انچارج اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے ایڈجنکٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق رحمان سومرو نے ہفتے کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (ا?ئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں اپنے لیکچر کے دوران کہی۔

اس موقع پر آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق سومرو نے کہا کہ ایک تحقیق کے مطابق یہ مرض زائرین سعودی عرب اور ایران سے اپنے ساتھ لاتے ہیں، انھوں نے کہا زائرین کی ملک آمد کے راستوں پر انفیکشن اسکریننگ نظام قائم ہونا چاہیے۔ سندھ میں یہ مرض اب وبائی صورت حال سے باہر ہے، اس جلدی مرض کی تین اہم اقسام ہیں جس میں وسسیرل(کالاآزار)، کوٹینیس اور میوک کوٹینیس ہیں، زیادہ ترلشمانیاس کے پیراسائٹس زونوٹک ہوتے ہیں جو جانوروں کو متاثر کرتے ہیں، اس کے جراثیم مرطوب ماحول اور گرم ایّام میں شام سے طلوعِ آفتاب کے دوران زیادہ متحرّک ہوتے ہیں۔

 

انھوں نے کہا اس مرض کے پھیلاو میں غذائی قلت، نقل مکانی، ناقص ہاوسنگ، کمزور جسمانی مدافعت اورغربت کا اہم کردار ہے، مرض کی علامات میں جلدی سوجن جو متاثر ہونے کے ہفتوں اور مہینوں بعد ظاہر ہوتے ہیں۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ دنیابھر میں غذائی قلت جسمانی مدافعت کی کمی کا اہم سبب ہے جبکہ انفیکشن اور غذائی قلت کا گہرا تعلق ہے۔

 

پاکستان میں غذائی قلت اور جسمانی مدافعت کی کمی لشمانیاس کے پھیلاؤ کا اہم اسباب ہیں، یہ مرض سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں میں غریب آبادی کو زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں، انھوں نے کہا افسوس ناک امر یہ ہے کہ جنرل پریکٹیشنرز بنیادی تربیت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے وہ مرض کی تشخیص کرنے سے بھی قاصر نظر آتے ہیں۔