Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)ہالی ووڈ فلم مون لائٹ میں بہترین معاون اداکار کےلئے آسکر جیتنے والے مہرشالا علی کی دنیا بھر میں تعریف کی گئی اور انہیں آسکر جیتنے والا پہلا مسلمان قرار دیا جانے لگا تاہم اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ مہرشالا علی احمدی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو بھی اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑ گئی۔
شادی کے سیزن میں اس چیز سے بال دھونے سے ان میں ایسی چمک آئے گی کہ سب آپ کی تعریف کرنے پر مجبور ہوجائیں گے
تفصیلات کے مطابق ملیحہ لودھی نے آسکر ایوارڈ جیتنے پر ایک ٹویٹ کی کہ ”دنیا کا پہلا مسلمان جس نے آسکر جیت لیا۔“ لیکن جب ٹوئٹر صارفین نے یہ انکشاف کیا کہ مہر شالا علی احمدی ہیں تو انہوں نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔
پاکستانی آئین کے آرٹیکل 260-3 میں احمدیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے آئین میں یہ جملہ استعمال کیا گیا ہے کہ ”آئین اور قانون کے مقاصد کےلئے۔“
ملیحہ لودھی کی جانب سے ڈیلیٹ کی گئی ٹویٹ لوگوں کی نظروں میں آ گئی اور پھر کچھ لوگوں نے اسے دوبارہ اپ لوڈ بھی کر دیا اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

 

 

ایمز ٹی وی ( اسلام آباد) صدر مملکت ممنون حسین نے سرکاری ملازمین سے متعلق شکوہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو کام کرنے کی عادت ہی نہیں رہی ، ہماری قوم کے مختلف شعبوں میں حرام خوری کی عادت پڑگئی ہے ، پانی و بجلی کے حکام کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان تبدیل کرنے کا کہا لیکن سنی ان سنی کردی گئی، مجھے افسوس ہوتا ہے کہ میری تجاویز پر کوئی خاص عملدرآمد نظر نہیں آیا، آفات کے خطرات میں کمی لانے اور آتشزدگی سے نمٹنے کےلئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کو بلڈنگ کوڈ آف پاکستان 2016ءکی آتشزدگی سے بچاؤ سے متعلق دفعات کے اجراءکی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ زرائع  کے مطابق شہری تو یہ شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ان کی شنوائی نہیں ہورہی لیکن سربراہ مملکت نے بھی ایسا ہی شکوہ کردیا۔ کہتے ہیں کہ پانی و بجلی کے حکام کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کو تبدیل کرنے کا بولا تھا لیکن کسی نے ایک ناں سنی ، ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت نے افسوس ظاہر کیا کہ ان کی تجویز پر عملدرآمد نہ ہوا ۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ میں نے غور کیا ہے کہ کوئی خاص عملدرآمد مجھے نظر نہیں آیا اور مجھے افسوس ہوتا ہے کہ ہماری بہت سی تجاویز پر ہمارے بہت سے سرکاری ملازم عمل نہیں کرتے اس لئے کہ ان کو کام کرنے کی عادت ہی نہیں رہی ہے ۔
واٹر اینڈ پاور کے جو ذمہ داران ہیں ان کو تجویز دی تھی کہ نیٹ ورک پھیلا ہوا ہے کرپٹ لوگ ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ ہیں ان کو تبدیل کیجئے ، میں نے غور کیا ہے ، عملدرآمد مجھے نظر نہیں آیا ، بے شمار شعبوں میں حرام خوری کی عادت پڑگئی ہے۔ نیوز ایجنسیز کے مطابق صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ قدرتی اور ناگہانی آفات کسی بھی وقت رونما ہو سکتی ہیں تاہم بروقت حفاظتی اقدامات اور ان پر بہتر طور پر عملدرآمد کے ذریعے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے یا ان میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات بشمول تجارتی و صنعتی یونٹس اور رہائشی علاقوں میں آتشزدگی سمیت ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی انتظامات کا اہتمام کرنا بہترین طریقہ کار ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں آتشزدگی سے بچاؤ کے انتظامات میں انحطاط آیا ہے اور دفاتر، صنعتی یونٹس اور عمارات میں آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں نہ صرف قیمتی جانوں کا نقصان ہوا بلکہ بھاری مالی نقصانات بھی ہوئے۔
صدر مملکت نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے تمام شراکت داروں کے تعاون سے جامع قانونی فریم ورک کی تیاری کو سراہا جو آتشزدگی جیسے واقعات کی روک تھام اور ان میں کمی لانے کےلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ کوئی بھی قانون یا ضابطہ مؤثر ثابت نہیں ہو سکتا جب تک اسے مقامی حالات، ماحول اور دستیاب سہولتوں کو مدنظر رکھ کر نہ بنایا گیا ہو، نئی قانون سازی میں مقامی حالات کو مدنظر رکھا گیا ہے جس سے اس کی کامیابی یقینی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آتشزدگی جیسے واقعات عمومی طور پر نسبتاً قدیم، پرہجوم اور لوگوں کی زیادہ آمدورفت والے مقامات اور عمارتوں میں رونما ہوتے ہیں۔ ملک کے زیادہ تر شہروں کے قدیم حصوں میں بجلی اور ٹیلیفون کی تاروں کے پیچیدہ نیٹ ورک نے صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا ہے اس لئے ضروری ہے کہ قدیم عمارتوں کو ایسے واقعات سے بچانے کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائے۔
آتشزدگی سے بچاؤکے نئے انتظامات موجودہ حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے اور امید ہے کہ ان پر عملدرآمد سے ہمارے لوگ اور املاک مزید محفوظ ہو جائیں گی۔ صدر مملکت نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پاکستان انجینئرنگ کونسل، تمام متعلقہ اداروں اور افراد کو ان دفعات کی تیاری میں کردار ادا کرنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی سے بچاؤکے نئے حفاظتی قوانین لوگوں کی زندگیوں اور املاک کی حفاظت میں معاون ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل اصغر نواز اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین کو بلڈنگ کوڈ آف پاکستان، فائر سیفٹی پروویڑنز 2016 ء کی کاپی بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں صدر مملکت نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ٹاسک فورس کے ممبران کو تعریفی سرٹیفکیٹس بھی عطا کئے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)مشہور ہندوستانی کامیڈین کپل شرما اپنے کامیڈی شو میں دوسروں کو مذاق کا نشانہ بنانے کے لیے تو مشہور ہیں ہی، لیکن وہ خود اپنا اور بالخصوص اپنی انگریزی کا مذاق اڑانے سے بھی نہیں کتراتے۔ حال ہی میں کپل نے کرن جوہر کے شو 'کافی وِد کرن' سیزن 5 میں شرکت کی، اس شو کے پرومو آج کل ٹی وی پر دکھائے جارہے ہیں، جن میں کپل، کرن سے کہتے نظر آتے ہیں کہ برائے مہربانی انگریزی کے بجائے ہندی زبان میں بات کریں کیونکہ ان کی انگلش ڈکشنری صرف 700 الفاظ تک محدود ہے۔

شو کے دوران کپل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ لوگ ٹوئٹر پر کچھ بھی لکھ دیتے ہیں، جن میں وہ خود بھی شامل ہیں۔ گذشتہ برس ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو کرپشن کے حوالے سے کی گئی ٹوئیٹ کا جب ذکر چھڑا تو کرن نے کپل سے پوچھا کہ اُس رات ایسا کیا ہوا تھا کہ آپ نے وہ ٹوئیٹ کی؟ جس پر کپل نے کہا کہ 'وہ لوگوں کو نصیحت کرنا چاہتے ہیں کہ نشے میں ڈرائیونگ نہ کریں اور نشے میں ٹوئیٹ بھی نہ کریں'۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس ستمبر میں کپل شرما نے نریندر مودی کے نام اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا تھا کہ ’میں انکم ٹیکس کے نام پر گزشتہ 5 سالوں میں 15 کروڑ روپے ادا کرچکا ہوں اور اب بھی مجھے نیا دفتر بنانے کے لیے بی ایم سی (بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن) کو 5 لاکھ روپے رشوت دینی ہوگی‘۔

انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا تھا ’نریندر مودی کیا یہ ہیں آپ کے اچھے دن؟‘'کافی کوئز' کے دوران کپل اُس وقت مشکل میں پھنس گئے جب کرن نے ان سے انگریزی فلموں کے ناموں کو ہندی میں ترجمہ کرنے کو کہا۔ ہولی وڈ فلم 'فالٹ اِن آور اسٹارز' (Fault In Our Stars) کا نام کپل نے کچھ یوں ترجمہ کیا، 'شاہ رخ خان کی غلطیاں' یہاں کپل نے شاہ رخ کا نام بالی ووڈ اسٹار کی حیثیت سے مزاحیہ انداز میں لیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کپل اپنی انگریزی کا سب سے زیادہ مذاق خود ہی اڑاتے ہیں، گذشتہ برس کپل نے ایک موبائل فون کے اشتہار میں کام کیا تھا، جس میں وہ اپنی قومی زبان کی اہمیت پر لیکچر دیتے نظر آئے تھے۔ کپل شرما نے اشتہار میں لوگوں کو اس حوالے سے 'درس' دیا تھا کہ ہمیں اپنی زبان سے پیار کرنا چاہیے اور اگر کسی کو انگریزی نہیں آتی تو اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے یہ روش اختیار کرلی ہے کہ 'جو انگریزی جھاڑے گا، وہی جھنڈے گاڑے گا'۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق نہم اور دہم کے تمام وہ طلبہ و طالبات کو جو ابھی تک اپنے امتحانی فارمز 2017، انرولمنٹ، رجسٹریشن اور پرمیشن جمع نہیں کروا سکے ہیں ان کو متنبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ منگل 28 فروری تمام فارمز جمع کروانے کا آخری دن ہے۔

یاد رہے کہ تمام لیٹ فیس فارمز کی تاریخ میں اب کسی بھی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں میں 2سال کی توسیع دینے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں میں توسیع کے متفقہ فیصلے کے بعدپارلیمانی رہنماﺅں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں میں دو سال کی توسیع دینے پر اتفاق ہو گیا ہے 

بل پیش ہو گا تو رفتہ رفتہ سب کے تحفظات دور ہو جائیں گے ۔ پارلیمانی رہنما میڈیا ٹاک میں فوجی عدالتوں میں توسیع کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

 

 
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے آئندہ 6 ماہ کے لئے 17 کھلاڑیوں کیلئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا۔ کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بناءپر اے، بی اور سی کیٹیگریز میں یکم جنوری سے جون 2017 تک کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔
اے کیٹیگری میں تین کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں نثار علی، بدر منیر اور ریاست خان، بی کیٹیگری میں بھی تین کھلاڑی ہیں جن میں انیس جاوید، ہارون خان اور محمد جمیل شامل ہیں جبکہ سی کیٹیگری میں 11 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جن میں محسن خان، ساجد نواز، ظفر اقبال ، محمد ایاز، محمد وقاص، اسرار حسن، محمد ادریس سلیم، عامراشفاق، مطیع اللہ، فخر عباس اور یاسر عندلیب شامل ہیں۔ اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 12 ہزار، بی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 10 ہزار جبکہ سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ 9ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ فائنل میچ والے دن سٹیڈیم میں داخل ہونے کیلئے ٹکٹ کے ساتھ شناختی کارڈ رکھنا بھی لازمی ہو گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ 10 ہزار افراد کیلئے 500 روپے والی ٹکٹوں کا بندوبست کر لیں گے تاہم کوئی شخص ٹکٹ 500 روپے والی خریدے یا 12 ہزار روپے والی، اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے اسے اپنا شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہو گا اور اس کے بغیر سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کے تحت اسٹیڈیم میں داخلے کو شناختی کارڈ سے مشروط کر دیا ہے اور جو شخص بھی شناختی کارڈ کے بغیر آئے گا اسے اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا پیپلز پارٹی کی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں فوجی عدالتوں کے قیام پر متفق ہوگئیں ہیں اس لئے تحریک انصاف پیپلزپارٹی کی اے پی سی میں شرکت نہیں کرےگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے بل 6مارچ کوقومی اسمبلی میں پیش کیاجائیگا۔واضح رہے کہ فوجی عدالتوں کی توسیع کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے اے پی سی طلب کررکھی ہے جبکہ عدالتوںمیں 2 سال کی توسیع پر اتفاق کیا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ میں ایک کے بعد ایک فلم میں اپنی بہترین اداکاری سے جگہ بنانے والے نواز الدین صدیقی نے انڈین ایوارڈز شوز میں آنجہانی اوم پوری کا تذکرہ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اوم پوری کو حال ہی میں منعقدہ 89 ویں اکیڈمی ایوارڈز (آسکرز) میں خراج عقیدت پیش کیا گیا، تاہم ہندوستان میں اب تک کسی بھی ایوارڈ شو میں اوم پوری کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔

اس حوالے سے اداکار نوازالدین صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔اداکار کا کہنا تھا ’اکیڈمی ایوارڈز نے اوم پوری کو خراج عقیدت پیش کیا، لیکن بالی ووڈ میں کسی ایک بھی ایوارڈ میں اوم پوری کے لیے ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا، شرم کی بات ہے‘۔

یاد رہے کہ اوم پوری کا انتقال رواں برس 6 جنوری کو ہوا تھا، ان کی عمر 66 سال تھی۔اوم پوری نے بالی ووڈ فلموں کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ اور پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا، ان کی آخری پاکستانی فلم ’ایکٹر اِن لا‘ تھی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) امریکا کے میساچیوسٹس جنرل اسپتال کے نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل اور بے ربط گفتگو الزائیمر اور ڈیمنشیا جیسی دماغی بیماریوں کی ابتدائی علامت ہوتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج انہوں نے گزشتہ دنوں بوسٹن میں ’’امریکن ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف سائنس‘‘ (AAAS) کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے جن کے مطابق دماغ کو متاثر کرنے والے امراض کی کچھ اہم ظاہری علامات تقریباً دس سال پہلے ہی نمودار ہونے لگتی ہیں جنہیں پیش نظر رکھتے ہوئے ایسے افراد پر زیادہ توجہ دی جاسکتی ہے۔
اب تک مروجہ نفسیاتی معالجے (سائیکاٹری) میں دماغی بیماریوں کا کوئی باضابطہ علاج موجود نہیں اور اس ضمن میں دی جانے والی دوائیں زیادہ سے زیادہ بیماری کی پیش رفت ضرور سست کردیتی ہیں لیکن انہیں کسی بھی صورت میں ایسے امراض کا علاج قرار نہیں دیا جاتا۔
میساچیوسٹس جنرل اسپتال کی جینٹ شرمن کی قیادت میں کیے گئے ایک مطالعے میں دماغی طور پر 24 صحت مند اور نوجوان افراد جبکہ 22 ایسے افراد شریک کیے گئے جو ایسے ادھیڑ عمر ہونے کے ساتھ ساتھ ’’ایم سی آئی‘‘ نامی ایک کیفیت کا شکار بھی تھے یعنی وہ نفسیاتی امراض کے دہانے پر پہنچ چکے تھے۔
ان افراد میں گفتگو کے انداز اور لفظوں کے استعمال کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ صحت مند افراد دوران گفتگو ایک جیسے الفاظ کا بار بار استعمال کرنے سے بچتے ہیں جبکہ ان کی گفتگو بھی غیر ضروری طور پر طویل نہیں ہوتی۔ دوسری جانب ایم سی آئی میں مبتلا افراد کی گفتگو زیادہ طویل تھی جبکہ وہ یکساں الفاظ کا استعمال بھی بار بار کررہے تھے جس سے ظاہر ہوا کہ وہ الفاظ بھولتے جارہے ہیں۔
شرمن نے واضح کیا کہ ان کے مطالعے کا تعلق ان افراد سے نہیں جو باتونی مزاج ہوتے ہیں اور عادتاً لمبی لمبی گفتگو کرتے ہیں۔ اس کے برعکس، ان کے مطالعے میں یہ جائزہ لیا گیا ہے کہ معمول کی گفتگو کرنے والوں کی باتیں طویل اور بے ربط ہوجائیں اور وہ ایک جیسے الفاظ کا استعمال بار بار کرنے لگیں تو ان کے ارد گرد موجود لوگوں کو ہوشیار ہوجانا چاہیے۔ علاوہ ازیں ایسے لوگوں میں پیچیدہ باتیں سمجھنے اور پیچیدہ امور انجام دینے کی صلاحیت بھی دوسروں کے مقابلے میں کم ہونے لگتی ہے۔
دماغی امراض کی دیگر ابتدائی علامات میں وقت اور جگہ کے بارے میں کنفیوژن، معمول کے کاموں میں دشواری، قوتِ فیصلہ میں کمی، شخصیت یا طرزِ عمل میں تبدیلی، چیزیں رکھ کر بھول جانا، تخیل کے استعمال میں مشکلات، یادداشت میں کمی اور روزمرہ کاموں پر اس کے اثرات سب سے نمایاں طور پر دیکھے جاتے ہیں۔
اگرچہ اس مرحلے پر ان لوگوں کو ذہنی طور پر بیمار نہیں کہا جاسکتا لیکن ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دس سال کے اندر اندر ایسی علامات رکھنے والوں کو کسی سنجیدہ نوعیت کی دماغی بیماری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جو الزائیمر سے لے کر ڈیمنشیا تک، کچھ بھی ہوسکتی ہے۔