Wednesday, 09 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان کسٹمز ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے ایل ای ڈی لائٹس کی غیرقانونی کسٹمزکلیئرنس پردرآمدکنندہ پرعائدکردہ الزامات کو درست قراردیتے ہوئے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

کسٹمز دستاویزات کے مطابق میسرز شاہد برادرز کی جانب سے مختلف واٹ کے پینل کی ایس ایم ڈی / ایل ای ڈی، سولر ڈرائی بیٹری، سولر ایل ای ڈی لائٹس، ایل ای ڈی لائٹ، سولرپینل کے 11 کنسائمنٹس کی کلیئرنس کی گئی تھی جس میں کسٹمزڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے قانون میں موجودرعایت غلط طریقے سے حاصل کرتے ہوئے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 708 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

دستاویزات کے مطابق پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے کلیئرکیے جانیوالے کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی تو انکشاف ہواکہ مذکورہ درآمد کنندہ کی جانب سے مختلف واٹ کے پینل کی ایس ایم ڈی / ایل ای ڈی، سولر ڈائی بیٹری، سولر ایل ای ڈی لائٹس، ایل ای ڈی لائٹ، سولر پینل کے متعدد کنسائمنٹس کی کلیئرنس کرائی گئی جس میں کسٹمز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کے قانون میں موجود رعایت غلط طریقے سے حاصل کی گئی۔

جس پر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے درآمدکنندہ کو اپنی صفائی کا موقع دیا گیا لیکن درآمدکنندہ متعلقہ درآمدی دستاویزات مہیا کرنے میں ناکام رہا جس پر کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی گئی۔

اس کے بعد ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے میسرز شاہد برادرز پر لگائے گئے الزامات کو درست قرار دے کر 4 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے چوری کیے جانیوالے 3 کروڑ 52 لاکھ 31 ہزار 708 روپے مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسزکی ادائیگی کے احکام جاری کیے۔

 
 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد/تعلیم)فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام دو روز ہ نیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجو 26اور 27اکتوبر تک جاری رہے گی۔

مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ امجد محمودتھے ۔
تقریب میں ، وائس چانسلر، فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ ، ڈین فیکلٹی آف پبلک ایڈمنسٹریشن ، لا اینڈ کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر عذرا ، صدر نیشنل یوتھ پارلیمنٹ حنان عباسی کے علاوہ پورے پاکستان سے 30 سکالرز نے بھی شرکت کی

 

ایمزٹی وی(لاہور) وزیردفاع خواجہ آصف نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم سیاستدان ہیں اور ہماری اولین ترجیح مذاکرات ہی ہی

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنا شہر پر حملے کے ہی برابر ہے تاہم مذاکرات اگر نتیجہ خیز ہوں تو ہم امن کے لیے عمران خان سے مذاکرات کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف پہلے عمران خان کے گھر چل کر گئے اور دھرنے کے بعد ہم اسمبلی میں انہیں لے کر آئے جس کا میں مخالف تھا لیکن دھرنے کے دوران طاہرالقادری سے بھی مذاکرات کیے کیونکہ ہم سیاستدان ہیں اور مذاکرات کی ہماری پہلی ترجیح ہیں، اگر ملک میں امن قائم ہوسکتا ہے یا ترقی کا راستہ بغیر روک ٹوک کھل سکتا ہے تو میں خود مذاکرات کے لیے ہر دروازے پر دستک دینے کو تیار ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں 2 نومبر سے کوئی خطرہ یا پریشانی نہیں ہے کیونکہ اب تحریک انصاف کےچراغوں میں روشنی نہیں رہی، ہماری حکومت 2018 تک چلتی رہے گی، عمران خان کسی خوش فہمی یا غلط فہمی کا شکار ہیں کیونکہ وہ پہلے بھی 26 دن تک بیٹھے رہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ وقت بتائے گا پاناما لیکس کوئی ایشو بھی ہے یا نہیں لیکن وزیراعظم ہارے ہوئے لوگوں کی فرمائش پر کیوں استعفیٰ دیں، وہ کسی قیمت پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج27اکتوبر کو بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے جبکہ سرینگر میں پہلی مزاحمتی اسمبلی بھی منعقد کی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 27اکتوبر 1947کو بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پر چڑھائی کی تھی اور اس پر کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کو پامال کرتے ہوئے زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔ اس دن مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔ دکانوں، گھروں کی چھتوںاور گاڑیوں سمیت ہر جگہ سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔ حریت رہنماؤں نے کشمیر اسمبلی سرینگر میں پہلی مزاحمتی اسمبلی منعقد کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ انھوں نے آزادکشمیر کے صدر، وزیراعظم اور قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی جانیں، روزگار، تعلیم اور سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ ہر قیمت پر اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے، میر واعظ نے جامع مسجد میں مسلسل نماز کی ادائیگی پر قدغن پر بھی شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کرفیو اور پابندیوں کو توڑتے ہوئے کل نماز جمعہ جامع مسجد سرینگر میں ادا کریں گے۔ دوسری طرف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کیبل آپریٹروں نے بھی بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے، بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور تنازع کشمیر کے پرامن حل کیلیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

آج جمعرات27 اکتوبر کو کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ 68 سال پہلے اس دن بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام کودبانے، خوفزدہ کرنے، انھیں محکوم بنانے اور مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کے لیے اپنی افواج سرینگر میں اتاری تھیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم و جبر آج بھی جاری ہے، عالمی برادری سے وعدوں اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کے باوجود بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے اور بھارت اپنے وعدے پورے کرنے سے انکاری ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو 2 نومبر کو وفاقی دارالحکومت بند کرنے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے متعلق 4 شہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں کرے گی، سڑکوں پر کوئی کنٹینر نہیں لگے گا اور اسکول و اسپتال کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ جسٹس شوکت عزیز نے تحریک انصاف کے مظاہرے کے لئے بھی پریڈ گراؤنڈ مختص کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر پیمرا نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تقاریر کی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کیں جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امپائر، تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں، کرکٹ میں رگبی کے اصول نہیں لگیں گے، عمران خان کو بھی نوٹس جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 2 نومبر کو اسلام آباد میں مظاہرے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ حکومت کی جانب سے بھی تحریک انصاف کے دھرنے سے نمٹنے کے لئے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(لاہور)جماعت اسلامی نے 30اکتوبر کو” کرپشن مٹاﺅ ملک بچاﺅ “مارچ کا اعلان کردیا ۔سراج الحق کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف ملک میں سب سے پہلے جماعت اسلامی نے آواز اٹھائی ،موجودہ نظام میں بڑوں کے وارے نیارے ہوتے ہیں ۔
وحدت کالونی گراونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ظالموں کے ساتھ مقابلے کے لیے مظلوموں کو اکٹھا کرنا چاہتا ہوں ،قوم کی تمام مشکلات کا حل ملک میں اسلامی انقلاب اور تبدیلی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے تحت تبدیلی نہیں چاہتے ،ہم چہروں کی نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور تحریکوں کی ماں ہے ،جب بھی کوئی مثبت تحریک شروع ہوتی ہے تو وہ لاہور سے ہی شروع ہوتی ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں افراتفری اور انتشار ہے ، سیاسی انتشار کا سب سے زیادہ نقصان عام آدمی کو ہو رہا ہے ۔سانحہ کوئٹہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت سو رہی ہے اور عوام جاگ رہی ہے ،حکومت سیکیورٹی دینے میں ناکام ہو گئی ہے ۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے قیام اور اختیارات میں 90 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 2 نومبر کے دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد میں وزارت داخلہ کی جانب سے فوج کے قیام اور اختیارات میں 90 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے فوج کے قیام میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت آپریشن ضرب عضب کے آغاز سے پہلے اسلام آباد میں طلب کیا گیا تھا۔ 350 فوجی جوان اسلام آباد کے حساس مقامات پر کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہیں۔ آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے قیام کے اختیار کو ہائی کورٹ میں بھی چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

 

 

ایمزٹی وی(سیالکوٹ)بھارتی فوج کی ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی‘ ورکنگ باونڈری کے ہرپال اور چپراڑ سیکٹر پر فائرنگ اور شیلنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید جبکہ پانچ زخمی ہو گئے

تفصیلات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ بھارتی فورسز نے رہائشی آبادیوں پر مارٹر گولے برسائے جس سے موٹر سائیکل پر جانے والا نوجوان شہید ہو گیا۔

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دوسرے پانچ زخمی دیہاتیوں کو سی ایم ایچ سیالکوٹ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

شدید گولہ باری اور فائرنگ کے باوجود بھی سرحدی دیہاتوں میں بسنے والوں کے حوصلے چٹان کی طرع مضبوط ہیں اور وہ پنجاب رینجرز اور پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پنجاب رینجرز نے بھارتی فورسز کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ حکومت نےہندوؤں کے تہوار دیوالی پر اقلیتی برادری کی مالی معاونت کے لیے ڈھائی کروڑ روپے جاری کردیے۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہداہت ہر سندھ حکومت نے ہندو برادری کے تہوار دیوالی پر اقلیتی برادری کی مالی معاونت شروع کردی۔

سندھ حکومت کی جانب سے ہندو برادری کے تہوار دیوالی پر ڈھائی کروڑ روپے پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر جاری کیے۔

محکمہ اقلیتی امور کی جانب سےڈھائی کروڑ روپے اقلیتی برادری میں مستحقین کےدرمیان فی کس پانچ ہزار روپے کے طور پر تقسیم کیے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ ٹریننگ سینٹر پر حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے منائی جانے والی دیوالی کی تقریبات ملتوی کرنے کی ہدایت کی تھی

 
 

 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنے والے خاتون کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی جبکہ خاتون کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کردی۔

دو بہنوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔دوران سماعت خاتون عظمیٰ نے عدالت میں بیان دیا کہ اس نے اپنی مرضی سے شاہنواز زرداری سے شادی کی ،اسے کسی نے اغوا نہیں کیاجبکہ اس کی چھوٹی بہن بھی والدین کے پاس ہے۔

عدالت نےخاتون کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ پولیس کو خاتون کی چھوٹی بہن کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔

خاتون کے اہلخانہ نے درخواست میں زرداری قبیلے پر دونوں بہنوں کے اغوا کا الزام لگایاتھا۔