Tuesday, 08 October 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی(تعلیم/گلگت بلتستان)صوبائی وزیر اقبال حسن نے کہا ہے کہ تعلیم جیسے پیغمبرانہ پیشے کو بدنام کرنے والے عناصر کو چوراہوں پر لٹکایا جانا چاہیے ایسے لوگ شرعی اور قانونی لحاظ سے ناقابل معاف ہیں کرپٹ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں ہونی چاہئیں ایک دفعہ کرپٹ عناصر کو لٹکایا جائیگا تو ہمیشہ کیلئے نظام ٹھیک ہو جائیگا اور پورا گلگت بلتستان کرپشن سے بالکل پاک صاف ہو جائیگا

کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے کو کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینا ہو گا، ہمارا کام اداروں کو لانا تھا ہم نے ادارے لائے ہیں اب ان اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپٹ عناصر کا کڑا احتساب کریں ہم نیب اور ایف آئی اے کی کارروائی میں کبھی رکاوٹ نہیں بنیں گے کرپٹ عناصر حکومتی ہو یا غیرحکومتی ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیے اگر ہم نے کرپشن کے خلاف تحقیقات میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنی تھی تو تحقیقاتی اداروں کو ہی گلگت بلتستان میں نہ لاتے۔ بہت افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں محکمہ تعلیم کو تباہ و برباد کر دیا گیا اور نوکریاں لاکھوں روپے میں فروخت کی گئیں، ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم محکمہ تعلیم میں کرپشن ختم کریں گے اور نئے اضلاع کا قیام عمل میں لائیں گے ہم نے دونوں وعدے پورے کر دیئے ہیں ہم کرپشن کریں گے اور نہ ہی کسی کو کرپشن کرنے دیں گے کرپشن پر کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ہم یہ بڑے دعوے کے ساتھ کہتے ہیں کہ اس وقت گلگت بلتستان میں ایک فیصد کرپشن نہیں ہو رہی ہے ہمارے اوپر لوگوں کے کام نہ ہونے کا الزام لگ سکتا ہے لیکن ایک پیسے کی کرپشن کا الزام نہیں لگایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو کرپشن سے پاک کرنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔

انشاءاللہ اس محکمے میں بڑی تبدیلیاں لائیں گے اور قوم کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائیگا ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو کوئی حصہ نہیں مل رہا ہے آئینی پیچیدگیاں ہیں ان کو دور کر لیا جائیگا پھر ہمیں بھی ملک کے دوسرے حصوں کے برابر حصہ مل جائیگا انہوں نے کہا کہ آئینی پیچیدگیاں دور کرنے کیلئے ہم نے کوششیں تیز کر دی ہیں اس کیلئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے

انہوں نے کہا کہ 29ستمبر کو سکردو روڈ پر واقع پانچ پلوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان پلوں کا خود افتتاح کریں گے افتتاح بہت بڑا بریک تھرو ہو گا انہوں نے کہا کہ میں نے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سکردو میں یادگار شہداءکے ساتھ قسم کھائی تھی کہ ہم کرپشن کریں گے اور نہ ہی دوسروں کو کرپشن کرنے دیں گے انہوں نے کہا کہ میں ایک غریب بات کا بیٹا ہوں میرا مکان بھی کچا ہے کچے مکان سے آئے ہوئے رکن اسمبلی کو ہی غریبوں کی مشکلات کا احساس ہے ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ عوام کے حقوق پر کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے حقوق کی جنگ ہر سطح پر لڑیں گے امید ہے کہ حقوق کی جنگ میں ہمیں کامیاب ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی چاہتے ہیں کہ سکردو روڈ بنے کوئی رکن اسمبلی روڈ کی مخالفت نہیں کر رہا انشاءاللہ روڈ ہر صورت میں بنے گا عوام ہمیں مسائل کے حل کیلئے تھوڑا وقت دیں کیونکہ ہمارے مسائل بہت ہی پیچیدہ ہیں ان کے حل کیلئے وقت درکار ہے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے جو ذمہ داریاں عائد کی ہیں ان کو احسن طریقے سے پورا کریں گے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس کے دوران آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر فائرنگ کے واقعات سے آگاہ کیا۔آرمی چیف نے سرجیکل اسٹرائیکس کے بھارتی دعوے کو بے بنیاد قرار دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان کنٹرول لائن کی صورتحال پر گفتگو ہوئی، آرمی چیف نے وزیراعظم کو سرحدپر صورتحال سے آگاہ کیا۔

آرمی چیف نے وزیراعظم نواز شریف کو بتایا کہ سرجیکل اسٹرائیکس کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے۔ مسلح افواج نے بھارتی اشتعال انگیزی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، ملکی سلامتی کیلئے مسلح افواج مکمل تیار ہیں ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پوری قوم کا جذبہ وطن کی حفاظت کے لیے بلند ہے۔

ادھر موجودہ صورتحال پر غور کےلیے وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔ وزارت خارجہ اوردفاعی حکام خطےکی سلامتی کی صورتحال پربریفنگ دیں گے، اجلاس میں بھارت کےجارحانہ رویےکامعاملہ عالمی فو رمزپراٹھانےسےمتعلق اقدامات کابھی جائزہ لیاجائےگا

ایمز ٹی وی (ممبی )خوبرو اداکارہ کترینہ کیف نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے لیے بے تاب ہیں اور انہیں بہت خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر سپراسٹار سلمان خان کےساتھ بڑے پردے پر جلوہ گرہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے حقیقی سلطان کروڑوں دلوں کی جان سپراسٹار سلمان خان کےساتھ 4سال بعدایک بار پھر باربی ڈول کتریہ کیف ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے سیکوئل’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

بالی ووڈ اداکارہ کا اپنے اور سلمان خان کے رشتے کے حوالے سے کہنا تھا کہ سلمان خان کے ساتھ ان کا اب تک کا سفر بہت اچھا رہا وہ ایک سپٹراسٹار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی ہیں اور ہمشیہ باصلاحیت اداکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ ربی ڈول نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سلمان خان کا شمار انڈسٹری کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے اور وہ مانتی ہیں کہ وہ ان سے بہت بہتر اداکار ہیں۔ باربی ڈول نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سلمان خان کا شمار انڈسٹری کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے اور وہ مانتی ہیں کہ وہ ان سے بہت بہتر اداکار ہیں۔

میڈیا میں سلمان خان سے متعلق افواہیں تھیں کہ بالی ووڈ سلطان پہلی بار اپنی فلم میں 70سالہ بوڑھےشخص کا کردار نبھائیں گے تاہم اداکارہ نے ان تمام تر افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 2012 میں سلمان خان کی فلم ایک تھا ٹائیگر نے باکس آفس پر300 کروڑ سے زائد کما کر تہلکہ مچادیا تھا۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد) لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس جمعے کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل وزیراعظم سیکریٹریٹ اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کے لیے مشاورت کی جائے گی۔

کابینہ کے اجلاس میں سرحدوں کی حفاظت اور پاک فوج کی تیاریوں اور سارک کانفرنس ملتوی کیے جانے کے پیش نظر خارجہ امور کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف کابینہ کو دورہ امریکا سے متعلق آگاہ کریں گے اور عالمی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں میں کشمیر کے معلے کو اجاگر کرنے سے کے لئے کی گئی سفارتی کوششوں پر اعتماد میں لیں گے ۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد) بھارت کی جانب سے گزشتہ رات ایل او سی پر آزاد کشمیر میں فائرنگ کے بعد پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کا بے بنیاد دعویٰ کیا گیا جس پر پاک فوج نے بھارت کے اس دعویٰ کی سختی سے تردید کی جب کہ پاک فضائیہ نے بھی بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کا دعوی مسترد کردیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا دعویٰ جھوٹ پرمبنی ہے، پاک فضائیہ ہر دم مستعد اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیارہے اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کی ہرقیمت پرحفاظت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مختلف سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 9 زخمی ہو گئے جب کہ بھارت کی جانب سے اسے سرجیکل اسٹرائیک کا نام دیا گیا۔

ایمز ٹی وی(نئی دلی) اُڑی میں بھارتی فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملے کے بعد مودی سرکار نے پہلے بڑی بڑی بڑھکیں ماریں اس کے بعد سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی بات کی لیکن کچھ نہ کر پانے کے بعد پاکستان سے پسندیدہ ترین ملک کا درجہ واپس لینے کی بات کی،اب صورت حال یہ ہے کہ وہ اس پر بھی کوئی فیصلہ نہیں کرسکے اور اب یہ معاملہ بھی آئندہ ہفتے تک موخر کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں پاکستان کو پسندیدہ ملک کے درجے پر رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق اجلاس کو اگلے ہفتے تک ملتوی کردیا گیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس میں کئی اہم وزرا سمیت بھارتی صنعت کار بھی شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو 1996 میں پسندیدہ ملک کا درجہ دیا گیا تھا جب کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو پسندیدہ ملک کے درجے پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر نظر ثانی کا فیصلہ گزشتہ دنوں اڑی پر حملے کے بعد کیا گیا۔

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ نے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب آزاد کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیک کے بھارتی دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی گئی بلکہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کا بلااشتعال فائرنگ کوسرجیکل اسٹرائیک قراردینا سچائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ہے، بھارت کی جانب سے مشتبہ حملہ آوروں کے لانچ پیڈ کا ذکر بھی جھوٹ پر مبنی ہے۔ پاکستانی سرزمین پرسرجیکل اسٹرائیک کی گئی تو سخت جواب دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نےمیڈیا سے کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعوٰی بالکل غلط ہے، بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ اپنی عوام کو تسلی دینے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، مستقبل میں بھی اگر بھارت نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا، پاک فوج سرحدوں پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ بھارت کے ڈی جی ایم او نے دعویٰ کیا تھا بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیک کی تھی۔

ایمز ٹی وی (کراچی) جامعہ کراچی میں ڈیجیٹل فرانسک سائنس سینٹر کے قیام سے اس شعبے میں ماہرین تیار کرنے کے ساتھ جرائم کے ثبوتوں کی سائنسی انداز میں جانچ پڑتال میں نمایاں مدد ملے گی ۔ ان خیالات کااظہارگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس کے بارے میں بریفنگ کے بعد خطاب میں کیا ،وزیر تعلیم جام مہتاب خان ڈھر ،شیخ الجامعہ پروفیسر محمد قیصر بھی موجود تھے ۔

 

گورنر نے کہا کہ ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر جرائم پیشہ افراد سزا سے بچ جاتے ہیں ۔کیونکہ ثبوتوں کے سائنسی انداز تجزیے اور ان کے استعمال کے ماہرین عدم موجودگی انھیں موقع فراہم کرتی ہے۔ گورنر سندھ کی کاوشوں کے اعتراف میں اس سینٹر کو ان کے نام سے منصوب کیا گیا ہے۔

 
 


ایمزٹی وی(تعلیم)محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدرپروفیسرڈاکٹرزبیرشیخ نے کہاہے کہ یونیورسٹی میں نتیجہ خیزتعلیمی سرگرمیوں کوجاری رکھنے کے پروگرام کے تحت آئندہ سال کے دوران محمد علی جناح یونیورسٹی کے کچھ کورسز کو ممتازبین الاقوامی یونیورسٹیوں کے کورسز کے ساتھ ہم آہنگ کردیاجائے گاتاکہ ہمارے طلبہ اعلیٰ معیارکی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ بیرون ملک جاکربھی اپنی بہترین صلاحیتوں کامظاہرہ کرسکیں۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ شام یونیورسٹی کی بزنس ایڈمنسٹریشن سوسائٹی کے زیراہتمام سیمسٹر فال2016ء میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ کے اعزاز میں دی جانے والی خیرمقدمی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں طلبہ اوراساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پرموسیقی اورڈرامہ کے پروگرام بھی پیش کیے گئے ۔ڈاکٹر زبیرشیخ نے یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ سے کہاکہ یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم شروع کرنا ان کے لیے ایک نیا تجربہ ہوگا،یہاں انہیں ہر طرح کے استاد میسر ہونگے جن سے وہ بہتر سے بہتر استفادہ کرسکتے ہیں جس کے لیے انہیں اپنی تعلیم پر پوری توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال شروع ہونے والے ہمارے نئے سیمسٹر سے بی ای الیکٹریکل، بی ایس میڈیا سائنسز اور بی ای کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ کے نئے ڈگری پروگرام شروع کیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ یونیورسٹی میں نئی لیب بنانے کے ساتھ ساتھ کلاس رومز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کررہے ہیں جن میں طلبہ کو لیپ ٹاپ کی سہو لت بھی حاصل ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ امور کے ڈائریکٹر احمر عمر نے کہا کہ محمد علی جناح یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی غیر نصابی سرگرمیوںمیں حصہ لینے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جس کے لیے بہت جلد طلبہ سوسائٹیوں کے قیام کا اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے طلبہ شہر کی دیگر یونیورسٹیوں میں منعقد ہونے والے کھیلوں، موسیقی، ڈراموں، تقریری، معلومات عامہ ،نعت گوئی، قرات ، ادبی اور دیگر مقابلوں میں حصہ لے کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ سوسائٹیوں کے ممبر بن کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرسکتے ہیں۔

ایمز ٹی وی (کھیل) ٹوئنٹی 20 سیریز میں فتح کے بعد اب لاغر ون ڈے ٹیم کو قدموں پرکھڑا کرنے کی تیاری مکمل ہوگئی، جیت کی لگن کھلاڑیوں کو کندن بنانے لگی۔

مختصر طرز کے میچز میں لگاتار 4کامیابیوں نے مستقبل کے حوالے سے توقعات بھی کئی گنا بڑھا دیں،باصلاحیت نوجوانوں کی آمد سے سینئرز سے بھی قدامت پرستی کا ’چولا‘ اتارنے پر مجبور ہوگئے، ویسٹ انڈیز کے خلاف سرفراز احمد کی زیرقیادت ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ نے ایک روزہ کپتان اظہر علی پر بھی دباؤ بڑھا دیا، انھوں نے ابوظبی میں حریف قائد جیسن ہولڈر کے ساتھ ٹرافی اور لوگو کی رونمائی کردی، دونوں ٹیموں نے شارجہ میں پریکٹس بھی کی۔

دوسری جانب سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ چیمپئن کے خلاف وائٹ واش کی توقع نہیں تھی، کھلاڑیوں نے صلاحیتوں سے بڑھ کر پرفارم کیا، 50 اوورز کے فارمیٹ میں بھی حریف سائیڈ کو ہرانے کیلیے پُرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 میں قیادت کی تبدیلی پاکستان ٹیم کو راس آگئی جو سرفراز احمد کی کپتانی میں لگاتار چار میچز جیت چکی ہے، اس سلسلے کا آغاز انگلینڈ کے خلاف واحد میچ سے ہوا اور ویسٹ انڈیز سے سیریز میں بھی جاری رہا۔ فتح کی لگن نے کھلاڑیوں میں نئی روح پھونک دی،ان کے رنگ ڈھنگ مکمل طور پر تبدیل دکھائی دیے، نوجوان کھلاڑی ملنے والے مواقعوں کو دونوں ہاتھوں سے تھامتے ہوئے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں، ان کی وجہ سے گرین شرٹس پر لگا زمانہ قدیم کی کرکٹ کھیلنے کا لیبل بھی ہٹتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، نوجوان پلیئرز کی باڈی لینگویج اور جارحانہ انداز میں کامیابی کیلیے جوش وخروش نے ٹیم میں موجود سینئرز کو بھی قدامت پسندی کا چولا بدلنے پر مجبور کردیا، وہ بھی ٹیم میں موجودگی کا احساس دلانے میں کامیاب رہے ہیں۔

پاکستان کی اگلا ہدف ون ڈے سیریز ہے جو جمعے کو شروع ہورہی ہے، اس میں قیادت اظہر علی کریں گے، محدود ترین فارمیٹ میں کالی آندھی کے خلاف شاہینوں کی شاندار کارکردگی سے ان پر بھی دباؤ میں اضافہ ہوگیا،ان کے لیے ویسے ہی ٹیم کو رینکنگ میں نویں پوزیشن پر دیکھ کر حوصلہ برقرار رکھنا مشکل ہورہا ہے، البتہ ٹوئنٹی 20 سیریز میں کامیابی کی وجہ سے بہرحال ون ڈے سائیڈ کے بھی حوصلے بلند اور وہ اس میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

گذشتہ روز دبئی کے مقامی ہوٹل میں ون ڈے سیریز کی ٹرافی اور لوگو کی رونمائی ہوئی جس میںاظہر اور ان کے ویسٹ انڈین ہم منصب جیسن ہولڈر موجود تھے۔ بعد ازاں دونوں ٹیموں نے شارجہ میں پریکٹس کی جہاں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بھی شیڈول ہے۔

ادھر بطور کپتان ویسٹ انڈیز پر کلین سوئپ کرنے والے سرفراز احمد اسے ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، انھوں نے کہاکہ یہ ایک نئی سائیڈکی تشکیل کی جانب پہلا قدم ہے، اگر ہم دنیا کی بہترین ٹیم بننا چاہتے ہیں تو کارکردگی میں مستقل مزاجی لانا ہوگی، جونیئر اور سینئر پلیئرز عمدہ پرفارم کرتے ہوئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، یہی اچھی ٹیم کی علامت ہے۔

سرفراز احمد نے تسلیم کیا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ ان کے گمان میں بھی نہیں تھا، انھوں نے کہا کہ ہم نے اندازہ نہیں لگایا تھا کہ ورلڈ چیمپئن کیخلاف 3-0 سے جیت جائیں گے، میں اس کا پورا کریڈٹ کھلاڑیوں کو دوں گا جنھوں نے صلاحیتوں سے بڑھ کرپرفارم کیا، یہی وجہ ہے کہ ہم سیریز اپنے نام کرنے میںکامیاب رہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میرے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ سینئرز اور جونیئرزسب ہی تعاون کرتے ہوئے اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، میں خود بھی بطورکپتان کافی لطف اندوز ہورہا ہوں۔