Monday, 07 October 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی(کھیل)ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے لاہور ائیرپورٹ سے دبئی روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اپنے دورے کے دوران ویسٹ انڈیز سے 3 ٹیسٹ ،3 ون ڈےاور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ٹیم میں بابر اعظم،حسن علی،عماد وسیم،سعد نسیم،خالد لطیف،محمد نواز،محمد رضوان،ر ومان رئیس،شرجیل خان،شعیب ملک،سہیل تنویر ،عمر اکمل اور وہاب ریاض کے نام شامل ہیں۔

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 23 ستمبر،دوسرا 24اور تیسرا 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔پہلے 2 ٹی ٹونٹی میچز دبئی اور تیسرا میچ ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی سیریز کے بعد بولنگ کوچ اظہر محمودکا معاہدہ ختم ہوگیا ہے۔مکی آرتھر کسی غیر ملکی کو بولنگ کوچ بنانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سرفراز نے پاکستان ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی میں بھی سرفہرست لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم سب پاکستان کو مختصر ترین طرز میں اپنی پوزیشن دلانے کے لیے بے تاب ہیں،ٹی ٹوئنٹی کے کپتان کی حیثیت سے درجہ بندی میں ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانا میرا مقصد ہے’


ایمزٹی وی(لندن) برطانیہ میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پنلٹی پوائنٹ اور جرمانے کی رقم دوگنی کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اگلے سال سے نافذ ہونے والے نئے قوانین کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والے اشخاص کے ڈرائیونگ لائسنس پر چھ پوائنٹ درج کر دیے جائیں گے اور انہیں دو سو پاؤنڈ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

نئے ٹریفک قوانین کا اطلاق انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ پر ہو گا، تجربہ کار ڈرائیوروں کو دو بار اس جرم کا ارتکاب کرنے کی صورت میں عدالت جانا پڑے گا جہاں انہیں ممکنہ طور پر ایک ہزار پاؤنڈ تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے اور ان پر چھ ماہ تک ڈرائیونگ کرنے کی پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔

خیال رہےکہ اب تک ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کی سزا ایک سو پاؤنڈ اور ڈرائیونگ لائسنس پر تین پوائنٹ کا اندراج ہے۔

حکومت خلاف ورزی والوں کے خلاف سزا میں اضافے کے ساتھ ساتھ ’تِھنک‘ کے نام سے ایک زبردست میڈیا مہم بھی شروع کر رہی ہے۔

برطانوی وزارتِ ٹرانسپورٹ کو امید ہے کہ نئی تبدیلیوں کا اطلاق 2017 کی پہلے چھ ماہ میں شروع ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق سال 2014 میں ڈرائیونگ کے دوران فون کے استعمال کی وجہ سے 492 حادثے ہوئے جن میں سے 21 مہلک ثابت ہوئے جبکہ 84 کو سنگین کی کیٹیگری میں شمار کیا گیا


ایمزٹی وی(سری نگر) بارہ مولا میں بھارتی فوج کی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے میں 17 اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے اڑی سیکٹر میں بھارتی فوج کے بریگیڑ ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد نے حملہ کیا جس میں17 اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 مسلح افراد نے بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا اور چاروں حملہ آور فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد بھارتی فوج کی بڑی تعداد نے پورے علاقے کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ۔ دوسری جانب بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے حملے کے بعد امریکا اور روس کا دورہ منسوخ کر کے اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔


ایمزٹی وی (نیویارک)امریکی شہر نیو یارک کے مرکزی علاقے مین ہیٹن میں دھماکے سے 26 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں نابینا افراد کے مرکز کے قریب دھماکا ہوا جس میں 26 افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوںمیں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دھماکے کے فوری بعد امریکا کے انسداد دہشت گردی ڈپرٹمنٹ اور ایف بی آئی کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جب کہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد نابینا افراد کے مرکزکے قریب کچرے کے ڈبے میں ہوا۔

امریکی صدر براک اوباما نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے جب کہ سیکیورٹی حکام نے دھماکے کی تفصیلات سے بھی صدر اوباما کو آگاہ کردیا ہے۔


ایمزٹی وی(تعلیم)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ملتان جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا طالب علم وقاص رؤف اب اس دنیا میں نہیں رہا۔

تفصیلات کے مطابق وقاص نے انٹر آرٹس کے امتحانات میں 1013 نمبر حاصل کرکے لڑکوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی،تاہم جب بورڈ حکام نے ان کے گھر پر رابطہ کیا تو ان کے والد نے افسوس ناک خبر سنائی کہ ان کا ہونہار بیٹا انتقال کرچکا ہے۔

وقاص کے والد عبدالرؤف کے مطابق رواں برس 11 جولائی کو ان کے بیٹے کو برین ہیمرج ہوا اور دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث وہ دنیا سے کوچ کر گیا۔

وہاڑی سے تعلق رکھنے والے طالب علم وقاص کے والد بیٹے کی پوزیشن کا سن کر آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے اس کا انعام وصول کیا۔

اس موقع پر وقاص کے والدکا کہنا تھا کہ وہ اللہ کی رضا پر راضی ہیں اور انھیں اپنے بیٹے پر فخر ہے


ایمزٹی وی(اسلام آباد) عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں رائیونڈ مارچ کے تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلا س میں شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین ، ڈاکٹر شرین مزاری سمیت دیگر اہم رہنما شامل تھے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی رہنماﺅں کی جانب سے عمران خان کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ رائیونڈ مارچ کی تاریخ میں توسیع کی جائے اور مارچ سے پہلے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں تاکہ عوام کو موبلائز کیا جا سکے اور دیگر جماعتوں سے بات چیت بھی مکمل ہو سکے۔اجلاس میں تجویز دی گئی ہے کہ رائیونڈ مارچ 30ستمبر کو اڈا پلا ٹ کے مقام پر کیا جائے جبکہ جاتی امراءکی جانب نہ جایا جائے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان نے تجاویز کو قبول کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو رائیونڈ مارچ کے حوالے سے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بات کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے ۔


ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس میں ہونے والی ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ پاکستان کے 3 بچوں نے اپنے نام کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق فرانس میں منعقدہ ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ میں بھارت سمیت 12 ممالک سے تعلق رکھنے والے بچوں نے شرکت کی۔ پاکستان کے چوتھی جماعت کے طالب علم 9 سالہ مونس نے انڈر 10 اسکریبل چیمپیئن شپ میں پہلیپوزیشن حاصل کی۔ انڈر 12 میں عماد علی نے جبکہ انڈر 14 میں پاکستان کے ہشام عادل نے کامیابی حاصل کی۔

607172 scrable 1474108651 603 640x480

اسکریبل چیمپیئن شپ کے فاتح تینوں بچوں کا وطن واپسی کے موقع پر کہنا تھا کہ کامیابی کی خوشی کے ساتھ حکومت اور وزارت کھیل کی بے حسی کا بھی شکوہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکریبل گیم کسی طرح سے بھی آسان نہیں جس طرح پاکستان میں دیگر کھیلوں کو پذیرائی ملتی ہے اسی طرح دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے والے بچوں کو بھی ملنی چاہئے تھی لیکن دنیا میں کامیابی کے جھنڈے گھاڑنے کے باوجود حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی نہ دیناحوصلہ شکن عمل ہے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی کے ساتھ اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد بڑھانے والا ملک گردانا جا رہا ہے اور مغربی دفاعی ماہرین نے مواصلاتی سیاروں سے لی جانے والی تصاویر کے تجزئیے کے بعد یہ خیال پیش کیا ہے کہ غالباً پاکستان یورینیم افزود کرنے کیلئے ایک نیا مرکز تعمیر کرنے میں مصروف ہے جس کے بعد دنیا بھر میں ہلچل برپا ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مغربی دنیا کے ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلام آباد سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر کہوٹہ میں ایک نئے جوہری مرکز کی تعمیر اس امر کا تازہ ثبوت فراہم کرتی ہے کہ پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافے کی کوششیں کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایسی کوششیں اس 48 رکنی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی پر مبنی ہیں، جس میں شمولیت کا پاکستان متمنی ہے۔پاکستان کی جوہری تنصیبات کے حوالے سے یہ تازہ تفصیلات اس جائزے میں شامل ہیں، جسے آئی ایچ ایس جینز انٹیلی جنس ریویو نے ان سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے مرتب کیا ہے ، جو ایئر ڈیفنس اینڈ اسپیس نے پہلے 28ستمبر 2015ءاور پھر 18اپریل 2016ءکو اتاریں۔

رپورٹ کے مطابق نیا مرکز اندازاً 1.2 ہیکٹر رقبے پر مشتمل ہے اور خان ریسرچ لیبارٹریز (کے آر ایل ) کے محفوظ احاطے کے اندر جنوب مغربی حصے میں ہے۔ آئی ایچ ایس جینز کے افزودگی سے متعلق ایک تجزیہ کار کارل ڈیوی کے مطابق اس نئے مرکز پر حفاظت کے سخت انتظامات اور اس کے ڈھانچے کی چند اور خصوصیات سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ یہ یورینیم کی افزودگی کا ہی نیا مرکز ہے۔بتایا گیا ہے اس نئے مرکز کا ڈھانچہ یورپ میں متعدد جوہری پلانٹس چلانے والی جوہری ایندھن کی کمپنی یورینکو کی تعمیر کردہ تنصیبات سے ملتا جلتا ہے۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم دو اداروں کارنیگی انڈونمنٹ فار انٹرنیشنل پیس اور سٹِمسن سنٹر سے وابستہ محققین نے 2015ءمیں ایک رپورٹ تحریر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے ذخیرے میں ہر سال 20وار ہیڈز کا اضافہ کر سکتا ہے اور یوں ایک عشرے کے اندر اندر وہ دنیا کے ایٹمی ہتھیاروں کے تیسرے بڑے ذخیرے کا مالک بن سکتا ہے۔


ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد کی عدالت نے لال مسجد کیس میں مسلسل غیر حاضری پر سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیدیا ۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج عبدالقادر میمن کی عدالت نے لال مسجد کیس میں ملزم پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے انکے ضامنوں کی ضمانتیں اور شورٹی بانڈز بھی ضبط کرنے کا حکم سنا دیا۔
عدالت نے ملزم کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور صدارتی استثنیٰ کی درخواست کو بھی غیر موثر قرار دیدیا ۔ ایڈیشنل سیشن عدالت نے فیصلہ 25جون کو محفوظ کیا تھا جسے آج سنا یا گیا ہے ۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور 26 ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا

جس میں وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا ،اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز ،آئی جی اسلام آباد پولیس ،چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ایم سی آئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، یونیسف (UNICEF)اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(WHO) کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
اجلاس میں اسلام آباد میں پولیو کے خاتمہ کے لئے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔شیخ انصر عزیزنے اجلاس کو بتایا کہ اسلام آباد کو پولیو فری سٹی بنانے کیلئے بھرپور کو ششیں کی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے تمام شعبے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی جی ایچ آر ڈی کو ہدایت کی گئی ہے کہ انسداد پولیو مہم کیلئے تعینات عملے کی ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز میں حاضری کو یقینی بنایا جائے ۔ 26 ستمبر سے شروع ہونے وا لی ا نسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے 600 پولیو ٹیمیں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 5 سال سے کم عمر کے 140,835 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔