Monday, 07 October 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف اسلام آباد سے نیویارک کے لئے روانہ ہوگئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف 19 ستمبر کو نیو یارک پہنچیں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں انہیں کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف 21 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کودوٹوک انداز میں بیان کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف دورہ امریکا کے دوران کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم نیویارک میں کشمیر کے بارے میں اوآئی سی کنیکٹ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جب کہ 19 ستمبر کو مہاجرین کے مسئلہ پر بلائے گئے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، اجلاس میں وزیراعظم افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی پر بھی بات کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر اور حریت رہنماؤں کے وفد سے ملاقات کر کے کشمیر کے معاملے پر مشاورت کی۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیر ایک بار پھر اٹھادیا۔ پاکستانی نمائندے کا کہنا ہے کہ بھارت تاریخی حقائق کو مسخ کرکے انسانی حقوق کونسل کے شعور کی توہین کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیر ایک بار پھر اٹھادیا ہے۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستانی نمائندے نے موقف اختیار کیا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

پاکستانی نمائندے کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ”میں نہ مانوں“ کی منفی پالیسی پر کاربند ہے اور تاریخی حقائق کو مسخ کرکے انسانی حقوق کونسل کے شعور کی توہین کر رہا ہے۔

پاکستان نے قوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق نکالنا ہوگا۔

 


ایمزٹی وی(کوئٹہ)کوئٹہ کے نواحی علاقے میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کیچی بیگ تھانے کے حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے ایک دکان میں بیٹھے افراد پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے، فائرنگ کی زد میں آکر ایک بچہ زخمی ہواہے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں سول اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی ہیں۔ فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی بتائی جاتی ہے ،تاہم اسی واقعہ سے متعلق مزید تفتیش علاقہ پولیس کررہی ہے۔


ایمزٹی وی(پشاور) عیدالاضحیٰ کے موقع پر ڈاکٹروں کی جانب سے گوشت کھانے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جاتا ہے لیکن بعض افراد اس مشورے پر عمل نہیں کرتے اور ایسا ہی ہوا پشاور میں جہاں شہری اپنی زبان کو گوشت سے دور نہ رکھ سکے اور صرف 2 روز میں ہی معدے اور پیٹ کے امراض میں مبتلا 1700 افراد اسپتال پہنچ گئے۔


ذرائع کے مطابق پشاور میں 2 روز کے اندر زیادہ گوشت کھانے کے باعث مختلف بیماروں میں مبتلا ہوکر 1700 افراد اسپتال پہنچ گئے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق آج زیادہ گوشت کھانے والے 200 افراد کو اسپتال لایا گیا جب کہ گزشتہ 2 روز میں اسپتال میں لائے گئے پیٹ اور معدے کے امراض میں مبتلا افراد کی تعداد 1700 سے تجاوز کرچکی ہے۔


ایمزٹی وی(روالپنڈی) پاک امریکا کی9 روزہ مشترکہ جنگی مشقیں اختتام پزیر ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 روزہ پاک امریکا مشترکہ جنگی انسپائرڈ گمبٹ مشقیں جنوبی کیرولینا میں جاری تھیں جو اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔

 

آئی ایس پی آرکے مطابق اسپیشل سروسزگروپ اورایوی ایشن کے دستوں نے مشقوں میں حصہ لیا جب کہ مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔

ایمزٹی وی(حیدرآباد)شہر میں نامعلوم افراد ایک بار پھر سرگرم ہوگئے جنہوں نے راتوں رات بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر وال چاکنگ کردی۔

ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ کے حوالے سے 2 روز قبل ہی حیدر آباد کی مصروف ترین شاہراؤں پر نامعلوم افراد نے بڑے پیمانے پر وال چاکنگ کردی ہے جس میں الطاف حسین کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے اور متحدہ کے بانی سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔ 605785 altaf 1473937774 170 640x480

 

دوسری جانب ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی سالگرہ ایم کیو ایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے منائے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سالگرہ ان کے کارکنان ہر سال 17 ستمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مناتے تھے تاہم الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے اپنی پارٹی کے بانی سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کر رکھا ہے۔

ایمزٹی وی(تعلیم)گورنمنٹ انٹرکالج ملوٹ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میرپور کے زیراہتمام ہونے والے امتحان میں شاندار نتائج دے کرتاریخ رقم کر دی،ادارے کا نتیجہ 87فیصد رہا’1985ء میں کالج قائم ہوا تب سے لیکر اب تک کی تاریخ میں یہ سب سے منفرد نتیجہ رہا جس کا سہرا ادارہ کے پرنسپل سردار محمد اشفاق خان اور ان ٹیم کو جاتا ہے-

کالج بننے کے بعد پہلی مرتبہ اس قدر اچھا نتیجہ آنے پر ہرشخص کی ادارہ ہذا کے پرنسپل کو مبارکباد،شاندار نتائج آنے پر ادارہ کے طلباء نے خوشی کا اظہار کیا اور جشن منایا۔طلباء کے والدین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ۔پرنسپل اور ان کی ٹیم کومبارکباد اور دعائیں،ادارہ کے میتھ کے پروفیسر سردار اعجاز خان نے مسلسل تین سال تک 100فیصد رزلٹ دے کر آزاد کشمیر بھر میں ہیٹرک کرنے کا ریکارڈبھی اپنے نام کر لیا۔

ادھر ملوٹ ’ بنگراں’ سارمنڈل’ پیل’ مندری’ بیس بگلہ ’چناٹ’ بھٹی شریف’ غنی آبادکی سیاسی اور مذہبی شخصیات نے گورنمنٹ انٹرکالج ملوٹ کا شاندار رزلٹ آنے پر پرنسپل سردار اشفاق خان اور ان کی پوری ٹیم کو دل کھول کرمبارکباد دی ہے


ایمزٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد میں دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے مرکزی ملزم راجا ارشد کو 23 ستمبر تک کے لیے جیل بھیج دیا۔

مرکزی ملزم راجا ارشد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی کے روبرو پیش کیا گیا، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم راجا ارشد کا اب تک 13 روز کا جسمانی ریمانڈ لیا جاچکا ہے، ملزم پر سابق سینیٹ چئیرمین میاں محمد سومرو کے بھانجے فہد ملک کے قتل کا الزام ہے، پولیس نے آلہ قتل اور واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کرلیا ہے۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ گاڑی کی برآمدگی کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالت نے ملزم راجا ارشد کو کمرہ عدالت میں وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی جس کے بعد ملزم کو 23 ستمبر تک کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ افغانستان کو زمینی راستےسے رسد پہنچانے کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔ بھارت بہانے بازی کے بجائے سمندری راستے افغانستان کو رسد بھجواتا تو اب تک پہنچ بھی جاتی ۔بھارت سیاسی مقاصد کے لیےپاکستان کو بدنام کرنے کاکوئی موقع ضائع نہیں کرتا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے افغانستان کو گندم بھجوانے کی درخواست مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کو شہید کرنے سے پہلے کی تھی۔

بھارت انسانی بنیادوں کی بات کرتا ہے لیکن کشمیر میں انسانی حقوق پامال کر رہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں 100 سے زائد افراد شہید ، 7000 کی بینائی متاثر اور 10 ہزار کشمیریوں کو زخمی کیا گیا۔

بھارتی سیکرٹری خارجہ نے بیان دیا تھا کہ بھارت لاکھوں ٹن گندم افغانستان بھجوانا چاہتا ہے مگر پاکستان نےدرخواست کا جواب نہیں دیا۔

ایمزٹی وی(کراچی)ڈی آئی جی ٹریفک نے شارع فیصل پر واٹر ٹینکرز اور لوڈنگ گاڑیوں سمیت رکشوں کے داخلے پر پابندی لگادی۔

 

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر واٹرٹینکرز اور لوڈنگ گاڑیوں سمیت رکشوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے جس کا اطلاق پیر سے ہوگا۔

 

ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کا کہنا ہے کہ رکشے، واٹرٹینکر اور لوڈنگ گاڑیاں ٹریفک کی روانی متاثر کرتے ہیں اس لیے اب شارع فیصل پر لوڈنگ گاڑیاں، واٹرٹینکر اور رکشے نہیں آسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شارع فیصل پر بسوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے لیے الگ لائنز بنائی جائیں گے۔