Monday, 07 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(کراچی)ڈی آئی جی ٹریفک نے شارع فیصل پر واٹر ٹینکرز اور لوڈنگ گاڑیوں سمیت رکشوں کے داخلے پر پابندی لگادی۔

 

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے شہر کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر واٹرٹینکرز اور لوڈنگ گاڑیوں سمیت رکشوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے جس کا اطلاق پیر سے ہوگا۔

 

ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کا کہنا ہے کہ رکشے، واٹرٹینکر اور لوڈنگ گاڑیاں ٹریفک کی روانی متاثر کرتے ہیں اس لیے اب شارع فیصل پر لوڈنگ گاڑیاں، واٹرٹینکر اور رکشے نہیں آسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شارع فیصل پر بسوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کے لیے الگ لائنز بنائی جائیں گے۔


ایمزٹی وی(کراچی)سانحہ 12 مئی کے کیس سے متعلق پولیس نے اپنے چالان میں دعویٰ کیا ہےکہ میئر کراچی وسیم اختر نے سانحہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جب کہ ان کے خلاف چالان منظور کرکے کیس اے ٹی سی کو بھجوادیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رہنما ایم کیو ایم پاکستان اور مئیر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل سمیت 4 مزید مقدمات کا چالان منظور کرلیا گیا ہے جب کہ تمام کیسز کو سماعت کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کردیا گیا ہے۔

عدالت میں پیش کیے گئے پولیس چالان کے مطابق مئیرکراچی وسیم اختر نے سانحہ 12 مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے اور انہی کی نشاندہی پر ملزم اسلم کالا کو گرفتار کیا گیا ہے۔

چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقدمے میں وسیم اختر اور 2 ارکان اسمبلی کامران فاروقی اور محمد عدنان سمیت 49 ملزمان نامزد ہیں جن میں سے کچھ مقدمات میں کامران فاروقی اورمحمد عدنان سمیت 49 ملزمان تاحال گرفتارنہیں ہوسکے جب کہ وسیم اختر،اسلم کالا سمیت 20 ملزمان گرفتار ہیں، ملزمان پرتھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں ہنگامہ آرائی ، فائرنگ ، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے الزامات ہیں۔

ایمزٹی وی(سندھ)سندھ سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکورٹی سے متعلق اجلاس ہوا ۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ صدیق میمن، آئی جی سندھ، مشیر قانون ،پرنسپل سیکریٹری، ہوم سیکریٹری سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اقتصادی راہداری منصوبے کیلیے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن بنائی ہےجس میں 6 ونگز ہوں گےجبکہ 9 ہزار آرمی اہلکارہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں کیلیے ایس او پی جاری کرچکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایئرپورٹ پراترنے والے ہر چینی شہری کا مکمل ڈیٹا رکھنے کی بھی ہدایت کی۔


ایمزٹی وی (کراچی) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ بلوچستان سرحد کو محفوط بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس کے تحت بین الصوبائی سرحد پر تعینات اہلکاروں کو ہر قسم کے جدید آلات فراہم کریں گے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ کا تہوار امن و امان سے گزرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مرہون منت ہے ، بلاشبہ تمام فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں گزشتہ روز خانپور میں ممکنہ طور پر ہونے والے دھماکے اور سانحے کو پولیس نے اپنی جرات اور بہادری کے ذریعے ناممکن بنایا ہماری پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنا دیاہے اور اس کی بہتری میں فورسز کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی بھرپور تعاون اور اہم کردار رہا ہے۔

 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ بلوچستان سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے لائحہ عمل تیارکرلیا گیا ہے، بین الصوبائی سرحدی فورسز کو مزید بہتر بنانے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، بارڈر پر جس قسم کے آلات کی ضرورت پڑی حکومت سندھ مہیا کرے گی اور اس کے ساتھ حکومت کی جانب سے پولیس کو جدید آلات فراہم کریں گے جبکہ پولیس ٹریننگ کو مزید بہتر اور جدید تربیت کے لئے ٹریننگ سینٹرز پر جدید انتظامات کئے جارہے ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے بعد شہر میں بکھری آلائشوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہر میں آلائشوں کے ڈھیر کی شکایات مل رہی ہیں نومنتخب بلدیاتی نمائندے اب اس کام کو سنبھال لیں اور جہاں میری ضرورت ہوگی میں بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ہوں گا۔

ایمزٹی وی(ملتان)جناح پارک میں جھولا ٹوٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
ذرائع کےمطابق ملتان کے جناح پارک میں ڈریگن جھولا ٹوٹنے سے 12 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ریسکیو 1122 کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم 4 افراد کو شدید زخمی ہونے کے باعث نشتر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

نمائندہ کے مطابق ڈریگن جھولے پر پابندی کے باجود اسے کھولا گیا، جھولے پر20 افراد سوارتھے اوراس کا درواز کھلنے کے باعث 12 افراد نیچے آگرے۔

نمائندہ نے بتایا کہ پچھلی عیدالاضحیٰ پربھی جناح پارک میں اسی جھولے کے ٹوٹنے کے سبب کئی افراد زخمی ہوئے اور اس بار ڈی سی او نے جھولے کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے جب کہ واقعہ پر ٹھیکیدار اور اس کے اسسٹنٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔


ایمزٹی وی (تعلیم) تعلیمی بورڈ حیدرآباد نے بارہویں جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے ، نتائج کے مطابق تینوں پوز یشنیں طالبات نے حاصل کرلیں ۔تفصیلات کے مطابق اعلی ٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیر اہتمام بورڈ آفس میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں کامیاب طلبا اور انکے والدین نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پرچیئرمین تعلیمی بورڈ اور ناظم امتحانات نے نتائج کا اعلان کیا ۔ نتائج کے مطابق انٹر سائنس پری انجنیئرنگ اور پری میڈیکل گروپ میں تینوں پوز یشنیں طالبات نے حاصل کی ہیں ، نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن حیات گرلز کالج کی راوا رابیل نے حاصل کی اور 871 نمبر حاصل کیے جبکہ دوسری پوزیشن حیات کالج کی ہی صباح نے 869نمبر لیکر حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن حنزہ احمد نے 837نمبر لیکر حاصل کی ، کامیاب طالبات میں اعزازی شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں


ایمزٹی وی(کراچی) شہر قائد میں منتخب بلدیاتی نمائندے اور انتظامیہ جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے امتحان سے نبرد آزما ہیں جب کہ شہری تعفن سے پریشان ہیں۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک کے سب سے بڑے شہر اور اقتصادی شہ رگ کراچی میں پورے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ جانوروں کی قربانی کی جاتی ہے۔ بلدیاتی اداروں کے مطابق رواں برس عید الاضحیٰ کے پہلے روز 6 لاکھ سے زائد چھوٹے بڑے جانوروں کو اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لئے قربان کیا گیا ۔ ان جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کے لیے شہر کی منتخب قیادت اور بلدیاتی اداروں کے اہلکار سرگرم ہیں۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، شہر کے 6 اضلاع کی ڈی ایم سیز اور کنٹونمنٹ اداروں کے اہلکار اپنے اپنے علاقوں میں جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے میں مصروف ہیں جب کہ بعض علاقوں میں آلائشیں نہ اٹھانے کے باعث شہری تعفن سے بھی پریشان ہیں،


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور انداز میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف کل آزاد کشمیر میں کشمیری قیادت سے ملاقات کر کے انہیں اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کل آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچیں گے جہاں وہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد سے ملاقات کریں گے۔

کشمیری قیادت وزیراعظم نوازشریف کو مقبوضہ کشمیر میں 69 روز سے جاری کرفیو، بھارتی بربریت، بے گناہ شہریوں پر پیلٹ گن کے استعمال، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی رائے پر بریفنگ دے گی۔ وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف پر کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ آزاد کشمیر کو انتہائی اہمیت حاصل ہے، آزاد کشمیر کے دورے کے بعد وزیراعظم نے امریکا کے دورے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کرنی ہے جہاں ان کی اعلیٰ سطح کی قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں اور ملاقاتوں اور جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم اقوام عالم کو بھارتی مظالم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔


ایمزٹی وی(ملتان)ملتان میں ٹرین حادثے کے بعد زخمیوں کو ٹرین سے نکالنے کے لئےریسکیو آپریشن مکمل کرلیاگیا،ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے جس میں ملتان کے علاوہ خانیوال ، وہاڑی اور لودھراں کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔

ملتان میں عوام ایکسپریس اور مال گاڑی کے درمیان تصادم کے بعدزخمیوں کو ٹرین سے نکالنے کے لئے ریسکیو اہلکاروں کا 4 گھنٹوں تک آپریشن جاری رہا ، جس میں ملتان کے علاوہ خانیوال ، وہاڑی ، لودھراں سے بھی ریسکیو ٹیمیں بلائی گئیں۔

آپریشن میں 250 اہلکاروں نےحصہ لیا جنہوں نے 4 گھنٹوں کی مسلسل محنت کے بعد 150 زخمیوں کو نشتر اسپتال سمیت مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ،جبکہ 50 مسافروں کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی ۔

حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوئے ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے وزیراعظم نوازشریف سےملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ 
چیرمین واپڈا نے وزیراعظم کو بتایا کہ جاری ہائیڈروپاور پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کر لئے جائیں گے، نئے میگا پراجیکٹس سے بجلی کی پیداوارمیں اضافہ، زرعی اور صنعتی شعبے کو زندگی ملے گی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پن بجلی کے بڑے منصوبوں سے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین واپڈا کو ملک بھر میں جاری پن بجلی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے اس لئے ملک بھر میں پانی کے ذخائر تعمیر کئے جائیں، ڈیموں کی تعمیر سے بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی ضروریات بھی پوری ہوں گی اور آبی ذخائر کی تعمیر سے سیلاب کے خطرات بھی کم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے، گھریلو صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی چاہتے ہیں۔