اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی ادارے بطور احتجاج کل سے بند کردیئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت تعلیمی اداروں کومیونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے احتجاج کے طور پر کل سے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ حکومت نے آرڈننس کے ذریعے تمام تعلیمی اداروں کو بلدیاتی ادارے کے میئر کے ماتحت کر دیا ہے، اندیشہ ہے کہ ملازمین کی سول گورنمنٹ کا اسٹیٹس ختم کردیا جائے گا اور ادارے پرائیویٹ ہو سکتے ہیں، تعلیمی اداروں میں سیاسی دخل اندازی کا خدشہ ہے، کل سے بچوں کو نہیں پڑھائیں گے، اساتذہ و غیر تدریسی عملہ اداروں میں احتجاج کریں گے۔
کراچی: داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ادارے کے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری شہید بلاک کا افتتاح کردیا ہے۔
یونیورسٹی میں بننے والے اس نئے بلاک کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری کی اہلیہ سیما سلیم چوہدری اور بیٹی جویریہ سلیم چوہدری سے کرایا گیا جنہوں نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری 2001ء سے 2005ء تک داؤد کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرنسپل رہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیما سلیم چوہدری نے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فخر کرنے کا موقع ہے کہ وہ سلیم چوہدری شہید جنہوں نے بطور لیکچرار اس ادارے میں کام شروع کیا اور بطور پرنسپل اس ادارے کی ترقی اور بہتری کیلئے خدمات انجام دیں وہ اب داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی ایک میراث بننے جارہےہیں ، اپنے ہیروز اور شہیدوں کو یاد رکھنے میں ہی قوم کی بقاء ہے ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ 2013ء میں جب میں بطور وائس چانسلر اس یونیورسٹی میں آیا تو اس ادارے کی بہترین ماضی اور چیلنجز سے بھرپور ماحول کے بارے میں جاننے کا موقع ملا ، یقیناً ڈاکٹر سلیم چوہدری شہید کیلئے چیلنجز بہت تھے اور ان سے نمٹنے کیلئے انہوں نے بہترین حکمت عملی اپنائی جس کا فائدہ آج تک ادارے کو ہورہا ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ ان کی خدمات کے اعتراف میں اس بلاک کا افتتاح ان کے اہل خانہ سے کرایا ۔
سابق پرنسپل سے منسوب بلاک شعبہ کمپیوٹر سائنس ، سائبر سیکورٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی کلاسز ، لیبارٹریز اور کمپیوٹر لیب پر مشتمل ہے۔ تقریب کے انعقاد سے قبل داؤد یونیورسٹی میں قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت تیسویں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد2021 کا انعقاد کیاگیا۔
تقسیم اسناد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی گورنر سندھ و چانسلر عمران اسماعیل، پرو چانسلر جامعات اسماعیل راہو جبکہ اعزازی مہمان کی حیثیت سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شریک تھے۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ جامعہ این ای ڈی کو اس سال سو برس مکمل ہوئے ہیں،اس موقعے پر یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ اس برس18 پی ایچ ڈی ڈگری دینے والی ہم ملک پہلی ”انجینئرنگ جامعہ“ ہیں۔ا س موقعے پر اس ادارے سے وابستہ اور سابقہ ہر فرد کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے ادارے کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا۔
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے اعزازی مہمان کی حیثیت سے وزیر اعلی سندھ سید مراعلی شاہ کا کہنا تھا کہ میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں جن کی سربراہی میں جامعہ ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔، این ای ڈی یونی ورسٹی 100 برس سے پیشہ وارانہ تعلیم دے رہی ہے توآپ پر فرض ہے کہ آپ المنائی کی حیثیت سے اپنی جامعہ کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتے رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت طالب علم، انسان تمام زندگی اپنی جامعہ سے وابستہ رہتا ہے
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے پرو چانسلر جامعات اسماعیل راہو کا کہناتھا کہ یومِ تقسیمِ اسناد دراصل والدین کی محنت کے نتائج کا دن ہوتا ہے۔
گورنر/ چانسلر جامعات عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جامعہ این ای ڈی اورا س کا تھر کیمپس بہترین کام کررہا ہے،جامعہ این ای ڈی ملک کی عظیم جامعات میں سے ایک ہے جو کہ ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کررہی ہے۔ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے ذریعے دنیا سے مقابلہ کیا جاتا ہے لیکن آج کا دور انٹر پرینورشپ کا دور ہے جامعہ این ای ڈی اس حوالے سے بھی اہم مقام رکھتی ہے۔
اس جلسہ تقسیم اسناد 2021میں 18طالب علموں کو ڈاکٹریٹ کی سندتفویض کی گئی۔ 2021 کے پاس آؤٹ گریجویٹس 916اور ماسٹرزکے طالب علموں کی تعداد868ہے جب کہ کانوکیشن میں شریک طالب علموں کی تعداد قریباً 1560 رہی۔
عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ بھی فیس بک جیسےمیسیج ری ایکشن فیچر پر کام کررہا ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ نے بیٹا چینل پر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نئی اپ ڈیٹ جاری کی ہیں جس سے پتا چلتا ہے کہ واٹس ایپ صارفین کے لیے میسج ری ایکشن فیچر پر کام کررہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چند ماہ سے ایک ایسے فیچر پر کام کررہا ہے جو صارفین کو فیس بک کی طرح کمنٹس پر میسج ری ایکشن کی اجازت دے گا جس کے ذریعے صارفین اب واٹس ایپ میسج پر اپنے جذبات کا اظہار کسی تحریری ریپلائی کے بغیر بھی کرسکیں گے ۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کا نیا فیچر مستقبل میں فیچر اپ ڈیٹ کے طور پر متعارف کروایا جائے گاتاہم صارفین اسے تازہ ترین بیٹا ورژن میں بھی سیٹنگ مینیو میں نہیں دیکھ پائیں گے بلکہ اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو سیٹنگز مینیو میں جاکر اسے ان ایبل اور ڈس ایبل کرنا پڑے گا ۔
جنوبی کوریا: شمالی کوریانے متنازعہ ویب سیریز "اسکویڈ گیم " اسمگل کرکے لانے والے ایک شخص کو سزائے موت سنادی۔
پوری دنیا میں مقبول ہونے والی جنوبی کوریا کی ویب سیریز "سکویڈ گیم" پر شمالی کوریا نے پابندی لگا دی ہے اور اسے اسمگل
کرکے لانے والے ایک شخص کو سزائے موت بھی دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیٹ فلکس سیریز اسکویڈ گیم کو مبینہ طور پر پین ڈرائیو کے ذریعےچین سے جنوبی کوریا لایاگیا تھا، جسے ہائی اسکول کے طلباء کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا۔
کم جونگ ان کی حکومت کا کہنا ہے کہ سیریز نے جنوبی کوریا کے سرمایہ دارانہ نظام کو فروغ دیا ہے۔
اس شو کو دیکھنے والے طلبہ، اسکول پرنسپل اور اساتذہ کو بھی سزا سنائی گئی ہے۔ایک طالب علم کو عمر قید اور دیگر کو 5 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق طلباء کے علاوہ اسکول کے پرنسپل، یوتھ سکریٹری اور اساتذہ کو بھی سزا دی گئی ہے اور انہیں ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔جبکہ اسمگلنگ کرنے والے شخص کو گولی ماردی گئی ہے۔
صوبے بھرمیں اسموگ اور بڑھتی آلودگی کے معاملے پر پنجاب حکومت نے ایکشن لے لیا۔
ذرائع کے مطابق اسموگ اور بڑھتی آلودگی کے معاملے پر پنجاب حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے لاہور کے سرکاری اور نجی اسکول ہفتے میں تین روز بند رکھنے کااعلان کیا ہے۔جسکا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے
جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ لاہور میں ہفتہ، اتوار اور پیر کو اسکول بند رہیں گے، 27 نومبر سے 15 جنوری تک نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ ان فیصلوں کا اطلاق 15 جنوری 2022 تک ہوگا
لاڑکانہ : چانڈکامیڈیکل کالج لاڑکانہ میں طالبہ نےمبینہ طورپرخودکشی کرلی۔
چانڈکا میڈیکل کالج کی انتظامیہ کے مطابق طالبہ کی مبینہ خودکشی کا واقعہ گرلزہاسٹل نمبر2میں پیش آیا۔مبینہ طورپرخودکشی کرنے والی طالبہ نوشین کا تعلق ضلع دادوسے ہے۔
کالج انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ نوشین کی مبینہ خودکشی کا پتا اس وقت چلا جب نوشین کی روم میٹ کے دستک دینے کے باوجود کمرے کا دروازہ نہیں کھلا۔ انتظامیہ نے دروازہ کھولا توطالبہ کی پھندا لگی لاش ملی۔
پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔چانڈکا میڈیکل کالج کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی بھی واقعہ کی تحقیقات کرے گی۔
نوشین کی مبینہ خودکشی کے بارے میں جسٹس فورنوشین سوشل میڈیا پرٹرینڈبن گیا۔
لاہور: بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈنےپہلےٹیسٹ میچ کے لیے 12 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
اعلان کردہ 12 رکنی ٹیم میں بابراعظم (کپتان)، ، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، فہیم اشرف، عابد علی، اظہر علی ،فواد عالم، حسن علی، امام الحق،حسن علی، نعمان علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 نومبر بروز جمعے سے ظہور احمد چوہدری کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔
کراچی: پاکستان ایئر فورس کی پہلی شہید خاتون پائلٹ وفلائنگ آفیسر مریم مختیار کی چھٹی برسی آج منائی جارہی ہے۔
18 مئی 1992 کوکراچی میں پید اہونے والی مریم نے ابتدائی تعلیم کے بعد مئی 2011 کو پاک فضائیہ کے 132ویں جی ڈی پائلٹ کورس میں شمولیت اختیار کی،پی اے ایف رسالپور سے مریم کوفائٹر کنورشن کے لیے ایم ایم عالم ایئر بیس بھیجا گیا،جہاں مریم نے لڑاکا طیاروں کی تربیت حاصل کرنی شروع کی۔
صنف ناز ک ہونے کے باوجود مریم مختیار نے وطن عزیز کے لیے وہ کچھ کردکھایا، جس کی مثال شائد ڈھونڈے سے بھی نہ ملے،24نومبرسن 2015کی صبح مریم اپنے انسٹرکٹر کے ہمراہ تربیتی پرواز پر روانہ ہوئی،اسی دوران لڑاکا جہاز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی،جس کی وجہ سے انھیں جہاز سے باہر نکلنا لازم ہوگیا۔
انتہائی مشکل اور قلیل وقت میں اپنی جان کا تحفظ مگر نیچے موجود دوسری انسانی جانوں کا بھی خیال انہی مشکل حالات کے دوران مریم نے جام شہادت نوش کرلیا۔
کراچی: دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان فلک نازپھرسے یواے ای میں پاک بھارت کرکٹ میلہ سجانے کیلیے بے تاب ہیں۔
عبدالرحمان فلک ناز سالانہ بنیادوں پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سب سے بہترین بات پاکستان اور بھارت کو یہاں پر پھر سے لانا ہوگی۔
حال ہی میں دبئی میں دونوں روایتی حریف ممالک کے درمیان ورلڈ کپ کا مقابلہ ہوا جسے دنیا بھرکے کروڑوں شائقین نے دیکھا۔
ماضی میں شارجہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوا کرتے تھے تو وہاں پر جنگ کا ماحول ہوتا تھا مگر یہ کھیل کی جنگ ہوتی تھی،
فلک ناز نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو، اگر ہم بھارت کو یہاں آنے اور پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر راضی کرسکے تویہ بہت ہی زبردست بات ہوگی۔
یاد رہےدونوں ٹیموں کے درمیان 2013 سے باہمی کرکٹ کا سلسلہ منقطع ہے۔