Thursday, 07 November 2024

اسلام آباد :چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمدکاکہنا ہےکہ سانحہ آرمی پبلک اسکول آپریشن ضرب عضب کےردعمل میں پیش آیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمدکی سربراہی میں سانحہ آرمی پبلک اسکول از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہماری ایجنسیوں اور اداروں کو تمام خبریں ہوتی ہیں لیکن جب ہمارے اپنے لوگوں کی سکیورٹی کا معاملہ آتا ہے تو وہ ناکام ہو جاتی ہیں۔اے پی ایس کا واقعہ سیکیورٹی کی ناکامی تھی ۔چوکیدار اور سپاہیوں کیخلاف کارروائی کر دی گئی،کارروائی اوپر سے شروع ہونی چاہیے تھی لیکن اوپر والے تنخواہیں اور مراعات لیکر چلتے بنے،بچوں کو اسکولوں میں مرنے کیلئے نہیں چھوڑ سکتے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آپریشن ضرب عضب جاری تھا اور اس کے ردعمل میں یہ واقعہ پیش آیا، ہمارے حکومتی اداروں کو اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے تھے۔انہوں نے ریمارکس دیے کہ یہ ممکن نہیں کہ دہشتگردوں کو اندر سے سپورٹ نہ ملی ہو۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کا کہنا تھا اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، اپنا دفتر چھوڑ دوں گا لیکن کسی غلطی کا دفاع نہیں کروں گا، اگر عدالت تھوڑا وقت دے تو وزیراعظم اور دیگر حکام سے ہدایات لیکر عدالت کو معاملے سے آگاہ کروں ۔اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ ایک سنگین نوعیت کا معاملہ ہے اس پر وزیراعظم سے ہی جواب طلب کریں گے۔

دوران سماعت عدالت میں کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا بھی تذکر ہ کیاگیاجسٹس قاضی امین نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ ریاست کسی گروہ سے مذاکرات کر رہی ہے، کیا اصل ملزمان تک پہنچنا اور پکڑنا ریاست کا کام نہیں؟

سماعت کےدوران چیف جسٹس نےوزیراعظم عمران خان کوطلب کرلیا۔

 

لاہور: 24 سال بعد آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ 1998 کے بعد یہ آسٹریلیا کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ مہمان ٹیم آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ شامل ہے۔

پاک آسٹریلیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی اور تیسرا 21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آسٹریلیا ٹیم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں، 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔

چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، ہمارا آئندہ سال دورہ پاکستان وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گا۔

کراچی: قومی ٹیم کے اوپننرمحمد رضوان نے کرس گیل اور ویرات کوہلی سمیت بڑے بڑے کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زبردست فارم کا سلسلہ جاری ہے، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اور پاکستان سپر لیگ میں بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران بھی محمد رضوان کا بلا خاموش نہیں ہوا۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے رواں سال 1666 رنز بناکر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں 1665 رنز بنائے تھے۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں ، جنہوں نے 2016 میں 1614 رنز بنائے جب کہ بابراعظم نے 2019 میں 1607 رنز اور اے بی ڈی ویلیرز نے 2019 میں ہی 1580 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل محمد رضوان نے ایک سال کے دوران سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے بلے باز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا اور ساتھ ہی سب سے زیادہ رنز بنانے والے قومی کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔

محمد رضوان رواں سال نہ صرف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل ہوئے بلکہ وہ اس وقت بابراعظم ، ڈٰیوڈ ملان، ایرون فنچ کے بعد چوتھی پوزیشن پر قبضہ کیے ہوئے ہیں۔

دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اورپاکستان 11 نومبر کومدمقابل ہوں گے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں فتح سمیٹی۔ ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی قومی ٹیم 11 نومبر (جمعرات) کو آسٹریلیا سے دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوگی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان گزشتہ 5 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی بات کی جائے تو دو میچ پاکستان اور دو میچ آسٹریلیا نے اپنے نام کیے ہیں جب کہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی اور بھارت کو ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔ نیوزی لینڈ 10 نومبر کو ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مدمقابل ہوگی۔

واضح رہے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل 14 نومبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔

لاہور: جونیئر ہاکی ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔

شیڈول کے تحت پاکستان اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گا۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی جانب سے جونیئر عالمی کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، بھارت کے شہر بھوبنیشور میں 24 نومبر تا 5 دسمبر کے درمیان کھیلے جانے والے اس عالمی ایونٹ میں پاکستان سمیت 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
16 ٹیموں میں میزبان ملک بھارت، پاکستان، جرمنی،بیلجیئم، ہالینڈ، سپین، ارجنٹائن، ملایشیا، ساوتھ افریقہ، چلی، کینیڈا، فرانس، پولینڈ، کوریا، امریکا اور مصر کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ایف آئی ایچ شیڈول کے مطابق ٹیموں کو چار پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں ساوتھ افریقہ،ملایشیا،بیلجیئم،اورچلی شامل ہیں پول بی میں فرانس، انڈیا ، کینیڈااور پولینڈ پول سی میں ہالینڈ، سپین، کوریا اور امریکہ پول ڈی میں جرمنی، ارجنٹائن، پاکستان اور مصر شامل ہیں۔

پول ڈی میں پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی جب کہ 27 نومبر کو پاکستان مصر کے مدمقابل اعزاز کے حصول کے لئے نبرد آزما ہوگا۔ قومی ہاکی سکواڈ ارجنٹائن کے خلاف پول راؤنڈ کا اپنا آخری میچ28 نومبر کو کھیلے گا۔

دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےدوسرےوارم اپ میچ میں بھارت اورآسٹریلیا آمنےسامنےہیں۔

وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کےخلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیااور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیون اسمتھ 57، مارکس اسٹونس41 اور گلیون میکسویل 37 رنز بناکر سرفہرست رہے۔

ڈیوڈ وارنر صرف ایک رن بناسکے، مچل مارش کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے، کپتان ایرون فنچ بھی صرف 8 رنز ہی بناسکے۔

بھارت کی جانب سے روی چندر ایشون نے 2، بھنیشور کمار ، جڈیجا اور راہول چاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ابو ظہبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈنےنیوزی لینڈکوجیت کےلیے 164 رنزکاہدف دیاہے۔

ابو ظہبی میں ہونے والے آئی سی سی 20 ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹم ساؤتھی کی پہلی ہی گیند پر انگلینڈ کے اوپننگ بیٹس مین جیسن روئے کلین بولڈ ہوگئے۔

ڈیوڈ میلان 11 اور آئن مورگن صرف 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جوز بٹلر نےانگلینڈ کو سہارا دیا اور 51 گیندوں پر 73 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جونی بیئر اسٹو نے 30 اور سام بلنگز نے 27 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے 6 وکٹ کے نقصان پر 163 رنز بنالیے۔

نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 3 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔

اسلام آباد: چیف جسٹس نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے۔

سپریم کورٹ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی نواب شاہ کے وائس چانسلر کی تقرری سے متعلق فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت میں چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ صوبہ سندھ کی بدقسمتی ہے کہ ایک وائس چانسلر بھی نہیں لگایا جا سکا، اصل مسئلہ یہ ہے اپنا بندہ لگانا چاہتے ہیں، سندھ حکومت میں ایک وائس چانسلر لگانے کی بھی صلاحیت نہیں ہے، سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کمیٹی نئے رولز نہیں بنا سکتی۔

عدالت نے دو ماہ میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی۔

اس موقع پردرخواست گزار ڈاکٹر شمس الدین کے وکیل نے بتایا کہ آج امیدواران کے انٹرویو کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہےسپریم کورٹ میں ڈاکٹر شمس الدین نے تقرری کے عمل میں شامل ہونے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے 14 اکتوبر 2020 کو پیپلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کاحکم دیتے ہوئے اس کام کیلئے پہلے دیے گئے اشتہار کے تحت کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

کراچی: سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز سے میٹرک ای گریڈ میں پاس کرنے والے ہزاروں طلبہ سرکاری کالجوں میں داخلے کیلئے نااہل قرار دے دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ کراچی سے جنرل گروپ میں ای گریڈ سے پاس ہونیوالے 4 ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے

محکمہ کالج ایجوکیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ای گریڈ میں پاس طلبہ صرف پرائیویٹ کالجوں میں داخلہ لے کر تعلیم کا حصول ممکن بناسکیں گے جو غریب طلبہ پر اضافی بوجھ ہوگا کیونکہ سندھ حکومت نے سرکاری کالجوں کے طلبہ کی رجسٹریشن اور انرولمنٹ کی مد میں رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری لے رکھی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن کے احکامات پر صوبہ سندھ میں نئے سینٹرلائزڈ داخلہ پالیسی کے حوالے سے صوبے بھر میں ٹریننگ سیشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں واضح کر دیا گیا ہے کہ ای گریڈ میں میٹرک پاس کرنیوالے طلبہ داخلے کے اہل نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب والدین اور طلبہ نے محکمہ کالج ایجوکیشن کے اس اقدام کو ظالمانہ اور نا انصافی پر مبنی قرار دیا ہے۔

واضح رہے رواں ہفتے کراچی میں میٹرک سائنس گروپ کے متوقع نتائج میں میں ای گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے، جس کے بعد صرف کراچی میں تقریباً 10 ہزار سے زائد طلبہ کے سرکاری کالجوں میں داخلے سے محروم رہ جانے کا اندیشہ ہے، جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں ای گریڈ سے پاس ہونیوالوں کی ممکنہ تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جاتی ہے۔

کراچی: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے4رکنی وفدنےگورنرہاؤس میں صوبہ سندھ کےگورنرعمران اسماعیل سےملاقات کی ۔

وفد کے اراکین میں ایسوسی ایشن کے صدر جاوید انوار، نائب صدر کموڈور (ر) سلیم صدیقی، جنرل سیکریٹری محمد ارشد خان اور ایگزیکیٹو ممبر فرخ نظامی شامل تھے ۔

ملاقات کا مقصد حکومت اور تعلیمی اداروں کے مابین خلیج کو کم کرکے خوشگوار تعلقات کو فروغ دینا اور تعلیمی سرگرمیوں کو مضبوط بنانا تھا ۔

اس کے علاوہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین تعاون اور تفہیم کی فضاء قائم کرکے تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا بھی شامل تھا ۔

گورنر سندھ نے اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے اعلیٰ معیارکی تدریسی خدمات کےحوالےسے سرسید یونیورسٹی کے با اثر اور نمایاں کردار کو سراہا ۔