Friday, 15 November 2024

ایمزٹی وی(اسلام آباد) نیشنل ایکشن پلان نے مکمل رپورٹ جاری کردی۔ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک میں 9خصوصی عدالتیں قائم کیں جن کو 73مقدمات بھیجے گئے تمام عدالتوں کیلیے مجسٹریٹ نامزد کر دیے گئے ہیں ۔لاؤڈاسپیکر کے غلط استعمال پر 8925افراد کیخلاف کیس بنائے گئے،2163کوگرفتارکیاگیا ۔ دہشت گردوں کو فنڈ ٹرانسفر کی مد میں ایف ای آر اے یا حوالہ ہنڈی کے214کیسز بنائے گئے اور 322افراد کوگرفتارکیاگیا ۔35کروڑ 65ڈالرریکورکیے گئے۔ اینٹی منی لانڈرنگ میں 137لوگوں کو گرفتارکیا گیا ۔ دستاویزات کے مطابق 254 مشکوک اور غیر رجسٹرڈ مدارس بندکیے گئے ہیں،بیرونی فنڈنگ والے مدارس کی بھی نشاندہی ہوئی۔ پاکستانی مدارس میں غیرملکی طلبہ پر پابندی عائد کی گئی۔ کالعدم تنظیموں کی نقل و حمل اور سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے ۔9کروڑ83لاکھ غیر رجسٹر سمیں بلا ک کی گئی ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سوشل میڈیا کو بلا ک کرنے کیلیے قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ کالعدم تنظیموں کی933یو آر ایل اور 10ویب سائٹ بند کی گئی ہیں۔ نفرت انگیز تقریریں کرنے اور مواد تقسیم کرنے پر2333افراد کیخلاف کیس بنائے گئے اور2163کو گرفتار کیا گیا جبکہ پنجاب میں1132خطرناک اور مشتبہ دہشت گردوں کی شناخت کی گئی ہے 405کو شیڈول چار میں ڈالا گیا ہے ۔دہشت گردوں کے649 معاونت کاروں کیخلاف بھی کارروائی ہوئی ہے۔کراچی آپریشن میں ٹارگٹ کلنگ میں 53فیصد، قتل کی وارداتوں میں 50فیصد ، دہشت گردی میں 80فیصد ، راہزنی میں 30فیصد ، بھتہ خوری میں56فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ 69179افراد کو گرفتارکیاگیا ہے ۔گرفتار شدہ دہشت گردوں کی تعداد890ہے ۔ مفرورووں کی تعداد 676ہے، گرفتار اغواکاروں کی تعداد124 اور بھتہ خور545ہیں ۔ قتل کے واقعات میں ملوث 1834لوگ گرفتار ہیں ۔126730آپریشن کیے گئے ہیں ان میں92848افراد کو گرفتارکیاگیا ہے، 6442خفیہ آپریشن کیے گئے ہیں۔

ایمز ٹی وی(ایجوکیشن) بحریہ فاوٓنڈیشن کالج کنڈ یارو کی جانب سے کلچرل ڈے منعقد کیا گیا، اس موقع پر منعقدہ تقریب میں کالج کے طلبہ وطالبات نے ملی نغمے ،ٹیبلو،اصلاحی خاکے اور ملی گیتوں پر پیروڈی پیش کر کے خوب داد حاصل کی ۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر لیاقت علی شیخ نے کہا کہ ہم 5ہزار سالہ قدیم ثقافت رکھنے والی سندھ کے رہائشی ہیں ،ترقی یافتہ قومیں اپنی تہذیب کو کبھی نہیں بھولتی ،انہوں نے کہا کہ سندھی ٹوپی ،اجرک ہماری شان ہے ،سندھ کی ثقافت کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے ،انہوں نے کہا کہ سندھ اولیاءصوفیوں کی سرزمین ہے جہاں پر ہر مذہب ،نسل کے افراد رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بحریہ کالج کنڈیارو ہرسال کلچر ل ڈے منا کر یہ ثابت کرنا چاہتاہے کہ ہم اپنی تہذیب ،کلچر کو کبھی نہیں بھولتے ،اس موقع پر سید غلام مر تضی شاہ ،ایڈمن آفیسر سید رجب علی شاہ ،کو آرڈینیٹر ثمینہ تنیو،آمنہ مغل ،غلام مرتضیٰ مری ،اللہ وسایوود یگر نے خطاب کیا ،اس سے قبل نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام 3روزہ” ماڈرن یونیورسٹی گورننس ٹریننگ پروگرام“ کا افتتاح بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ نے کیا۔ اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندگی معین قریشی نے کی۔

لیاری یونیورسٹی میں منعقدہ اس 3روزہ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرلیاری یونیورسٹی ڈاکٹر اختر بلوچ نے کہا کہ پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے اقدامات کے حوالے سے تجاویز پر بحث اور قابل عمل تجاویز کو نافذ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری یونیورسٹی کا قیام ایک تاریخی کارنامہ ہے اور گڈگورننس کے باعث بہت کم عرصہ میں لیاری یونیورسٹی شعبہ تعلیم میں اپنا ایک منفرد مقام بناچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہتر تعلیم کی فراہمی کے لئے نہ صرف بہتر نصاب بلکہ اساتذہ کو بھی جدید عصری تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ماڈرن یونیورسٹی گڈ گورننس ٹریننگ پروگرام“ کے انعقاد سے جہاں طلبہ و طالبات کو جدید عصری علوم کے حوالے سے آگاہی حاصل ہوگی وہی اساتذہ کرام کو بھی بہتر طریقہ تعلیم کی فراہمی سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کے لئے بینظیربھٹو شہید یونیورسٹی ایک تحفہ ہے اور لیاری کے عوام کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے یونیورسٹی اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے۔

 

ایمزٹی وی(ایجوکیشن) بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی کی 10ویں کانووکیشن تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں جبکہ نئی سیٹوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ نہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے بغیر تعلیم کو عام کرنے کے خواب کو تعبیر نہیں دی جا سکتی اور یہ امر خوش آئند کہ پاکستان کا نجی شعبہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقی اور کامیابی کی منزل کا حصول تعلیم کے فروغ کے بغیر ممکن نہیں ،جن قوموں نے یہ راز پالیا ہے وہ آج دنیا پر راج کر رہی ہیں ، موجودہ ملکی قیادت انسانی وسائل کی ترقی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق بی اے ریگولروپرائیویٹ کے سالانہ امتحانات 2015ء پیر21 دسمبر2015ء سے شروع ہورہے ہیں۔ طلبا کے لئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں میں17 امتحانی مراکز جبکہ طالبات کے لئے شہر کے مختلف کالجزمیں 32سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امسال بی اے ریگولروپرائیویٹ کے امتحانات میں25350طلباء وطالبات شرکت کریں گے جس میں بی اے ریگولرسال اول ودوم کی12500 طالبات جبکہ 1250طلباء شامل ہیں۔اسی طرح بی اے پرائیویٹ کے امتحانات میں4100 طلباء جبکہ 7500طالبات شامل ہیں۔

دریں اثنا بی کام ریگولرو پرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔جس کے مطابق بی کام پرائیویٹ کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 4000روپے فیس برائے سال اول/ دوم اور کمبائنڈ کے لئے 7000روپے فیس کے ساتھ جبکہ بی کام ریگولر کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 4200روپے فیس برائے سال اول/ دوم اور کمبائنڈ کے لئے 7200 روپے فیس کے ساتھ23 دسمبر 2015ء تک بغیر لیٹ فیس کے جمع کراسکتے ہیں۔جبکہ 100روپے لیٹ فیس کے ساتھ 31 دسمبر 2015 ء تک اور 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 05جنوری 2016ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

بی کام پرائیویٹ کے طلبہ اپنے امتحانی فارم بینک کائونٹرز واقع سلورجوبلی گیٹ جامعہ کراچی پرجبکہ بی کام ریگولر کے طلبہ اپنے امتحانی فارم متعلقہ کالجز میں جمع کراسکتے ہیں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) وفاقی اردو یونیورسٹی کے تحت بروز پیر 21دسمبر کو صبح 11بجے ڈاکٹر عبدالقدیر خان سماعت گاہ میں آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کرینگے جبکہ مقررین میں رجسٹرار آصف علی ،زاہد ہ حنا ،ناصر عباس ،ڈاکٹر توصیف احمد خان ،پرو فیسر ڈاکٹر طاہر مسعود ،سیماناز صدیقی اور نجم العارفین شامل ہیں۔

ایمزٹی وی(ایجوکیشن)سندھ ہائی کورٹ نے انٹر بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کا اشتہار شائع کرنے کے خلاف انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئر اختر غوری کی درخواست پر حکومت سندھ اور دیگر کو 23دسمبر کے لئے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ عدالت نے حکومت کو اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرنے سے بھی روک دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئر مین اختر غوری نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں چیف سیکریٹری سندھ ،سیکریٹری تعلیم ،سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیاہے کہ حکومت کی جانب سے 3جون 2015کو انہیں3سال کی مدت کے لئے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ تعینات کیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے مدت مکمل ہونے سے قبل ہی چیئر مین انٹرمیڈیٹ بورڈ کی تقرری کے لئے اشتہار شائع کردیا ہے جوکہ کنٹریکٹ کے مطابق غیر قانونی ہے کیونکہ جب تک ان کی 3سال کی مدت پوری نہیں ہوجاتی اس وقت تک چیئرمین کے عہدے پر کسی اور کی تقرری نہیں کی جاسکتی ہے لہٰذا حکومت کو اس اقدام سے روکا جائے۔

ایمزٹی وی(ایجوکیشن)وومین یونیورسٹی باغ نے ایم فل میں داخلے کے لئے تحریری ٹیسٹ کے انعقاد کا اعلان کردیا اعلامیہ کے مطابق ایم فل میں داخلے کے لئے تحریری ٹیسٹ21 دسمبر کو بوقت 10 بجے مین کیمپس میں لیا جائیگا،ٹیسٹ کے لئے کال لیٹرز جاری نہیں کئے گئے ،ترجمان کے بیان کے مطابق داخلوں کی آخری تاریخ میں توسیع کر کے 15دسمبرکر دی گئی تھی۔

ایمزٹی وی(ایجوکیشن)نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) اور انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹس (آئی سی ایم اے ) کے مابین باہمی تعاون کا سمجھوتہ طے پاگیاہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نمل یونیورسٹی بریگیڈئیر(ر) ریاض احمد گوندل اور صدر آئی سی ایم اے کاشف متین انصاری نے باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نمل کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے مابین تعاون اور بہتر تعلقات ریسرچ اور جدت پسندی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آئی سی ایم اے(ICMA) تعلیم کا پروفیشنل ادارہ ہے ،نمل اور آئی سی ایم اے مل کر ریسرچ کلچر کے فروغ،بزنس کمیونیکیشن ،طلباء اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام شروع کر سکتے ہیں جس سے نہ صرف دونوں اداروں میں جدید تعلیم کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ ملک میں تعلیم کے معیار پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے .