ایمز ٹی وی(پشاور) پشاور میں پشتو فلموں کے شوقین نے اپنے بیل کا نام پسندیدہ فنکار اور پشتو فلموں کے بے تاج بادشاہ بدرمنیر کے نام پر رکھ دیا بیل نے دھوم مچا دی لوگ دور دور سے دیکھنے کے لئے آنے لگے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والا بیوپاری ابراہیم خان پشتو فلموں کا شوقین اور بدر منیر مرحوم کا دیوانہ ہے جس نے سب سے خوبصورت اور سب سے مہنگے بیل کو اپنے ہیرو کے نام سے منسوب کردیاہے۔ ابراہیم کا کہنا ہے کہ وہ قیمت کی بجائے کسی شوقین اور بدر منیر کے دیوانے کو ہی یہ بیل فروخت کرے گا۔ ابراہیم کا کہنا ہے کہ اس نے یہ بیل بہت محبت اور توجہ سے پالا ہے اس کی خوراک کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ بارہ من وزنی اس بیل کی قیمت چار لاکھ روپے رکھی گئی ہے اور اب تک اسے ڈھائی لاکھ روپے کی آفر مل چکی ہے۔ بھاری بھرکم بدرمنیر کو دیکھنے دور دور سے لوگ آ رہے ہیں اس کی وڈیوز اور تصاویر بھی بن رہی ہیں۔
ایمز ٹی وی (پشاور)عید الاضحٰی قریب آتے ہی پشاور میں چاقو چھریاں تیز کرنے والوں کا کاروبار چمک اٹھا۔ دکان دار تو خوش ہیں کہ ان کا روزگار لگ گیا مگر خریداریہاں بھی مہنگائی کارونا رورہے ہیں۔عیدقربان قریب آنے پر شہریوں کی بڑی تعداد جانورقربانی کرنے اور گوشت کاٹنے کے لئے چاقو چھریاں اور ٹوکے تیز کروا رہے ہیں۔ شہریوں کو شکایت ہے کہ عید آتے ہی چھریاں تیز کرنے والوں نے بھی دام بڑھادیئے ہیں۔اکثر مقامات پر گلینڈرز کے ذریعے چاقو اور چھریاں تیز کی جارہی ہیں دکان دارخوش ہیں کہ ان کا کاروبار خوب چل رہا ہے،دکانداروں کا کہنا ہے کہ سال میں چند ہی دن یہ کاروبار ہوتا ہے مہنگائی کی شرح سے اجرت بڑھانا ان کی مجبوری ہے۔چاقو اور چھریاں تیز کرنے کے ساتھ شہری سیخیں اور ا نگیٹھیاں بھی خرید رہے ہیں تاکہ قربانی کے بعد مزے مزے کے تکوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی)سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے علی نواز شاہ اور ساتھیوں کی درخواستوں کی سماعت کی، رکن سندھ اسمبلی اور ان کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ انھیں سزا سیاسی بنیادوں پر دی گئی، سزا دیتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ، امتیاز شاہ اور خادم علی شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن نے ایک ویب سائٹ کیلیے دنیا کی تمام ٹیموں کی گذشتہ 25 سال کی بہترین سائیڈ مرتب کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے، وہ اب تک آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی بہترین ٹیموں کا انتخاب کر چکے ہیں ، انھوں نے حال ہی میں پاکستان کی بہترین الیون مرتب کی ہے۔شین وارن کے مطابق 1990 سے 2015 تک ویب سائٹ میں ان لوگوں کے نام شامل کئے ہیں جس کے خلاف انھوں نے کھیلا ہے یا انھیں کھیلتے دیکھاہے۔ عالمی کرکٹ میں ایک ہزار وکٹیں اپنے نام کرنے والے مایہ ناز سابق اسپنر نے کہا کہ میں نے اپنی ٹیم میں رچرڈ ہیڈلی، عمران خان اور ای ین بوتھم جیسے عظیم کھلاڑیوں کے خلاف بہت کم کھیلا یا بالکل نہیں کھیلا، اس لیے انھیں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا لیکن جب میں سب سے آخر میں اپنی منتخب کردہ دنیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم تشکیل دوں گا تو اس میں مجھے یقین ہے کہ یہ کھلاڑی شامل ہوں گے۔پاکستان کی الیون منتخب کرنے کے حوالے سے شین وارن نے مزید کہا کہ اس ٹیم میں متعدد بہترین کھلاڑی جگہ نہ بنا سکے اور سب سے مشکل کام اپنے دوست اور بہترین لیگ اسپنر مشتاق احمد کو اس ٹیم سے باہر کرنا تھا لیکن میں نے لیگ اسپن آل راؤنڈر ہونے کی وجہ سے شاہد آفریدی کا انتخاب کیا ورنہ میں ثقلین، وقار یونس یا شعیب اختر میں سے کسی کی جگہ انھیں منتخب کرتا، اس کے علاوہ آل راؤنڈر عبدالرزاق اور اظہر محمود کو بھی اس ٹیم سے باہر کرنا بہت مشکل تھا لیکن یہ ایک انتہائی باصلاحیت ٹیم تھی،شین وارن کی منتخب کردہ پاکستان کی بہترین ٹیم میں وسیم اکرم (کپتان)، سعید انور، عامر سہیل، یونس خان، انضمام الحق، محمد یوسف، شاہد آفریدی، معین خان، ثقلین مشتاق، شعیب اختراور وقار یونس شامل ہیں۔
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل):اسرائیل کے یہودی شرپسندوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلمانوں کے تاریخی مذہبی مقام مسجد الابراہیمی میں داخل ہوکر نہ صرف اس کی بے حرمتی کی بلکہ رقص اور موسیقی کی محفل بھی منعقد کرڈالی۔ مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مسجد ابراہیمی میں داخل ہوکر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اور پولیس نے یہودی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی اور فلسطینیوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیاگیا تھا۔ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد یہودیوں نے مسجد میں محفل موسیقی کا انعقاد کیا جس میں پہلی بار ایک یہودی گلو کارہ کو بھی شریک کیا گیا۔ مسجد ابراہیمی میں یہودی شرپسندوں کی جانب سے محفل موسیقی کا انعقاد پہلی بار نہیں کیا گیا تاہم کسی خاتون کی ایسی تقریب میں شرکت کا یہ پہلا موقع ہے۔ یہودی آباد کار مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے لیے اس نوعیت کی متنازع تقریبات اکثر وبیشتر منعقد کرتے رہتے ہیں۔
ایمز ٹی وی ( کشمیر):بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف کشمیر میں مکمل ہرتال اور کشمیریوں نے ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرادہۓ۔سید علی گیلانی کی جانب سے دی گٰئ ہرتال کے بعد معمولات زندگی درہم برہم ہوکے رہ گئ۔ حریت چیئرمین نے خبردار کیا کہ جماعتوں نے ناکہ بندی کرنے جیسی حماقت کی تو اس کے خلاف عوامی تحریک شروع کی جائے گی۔ جبکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کسی بھی صورت مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں، بھارت اور اس کی پالتو ایجنسیوں کو قتل عام سے روکا نہ گیا تو مقبوضہ کشمیر میں انسانی نسل ناپید ہونے کا خطرہ ہے۔ گھر پر نظربندی کے دوران اپنے بیان میں انہوں نے سگی پورہ سوپور میں بشیر احمد بٹ اور ان کے 3سالہ معصوم بچے کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا ظلم و بربریت کسی صورت منظور نہیں۔ سانحہ کی کسی غیر جانبدار ادارے کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں۔
امیزٹی وی (کراچی) ملک کے معروف ڈاکٹرز اور ڈاﺅ میڈیکل کالج کے سابق طلبہ ڈاکٹر شیر شاہ سید،ڈاکٹر مرزا علی اطہر ،ڈاکٹر کلیم بٹ،ڈاکٹر جمال شیخ،اور ڈاکٹر جے پال نے کہا ہے کہ گور نر ہاﺅس متوازی حکومت چلا رہا ہے ،نباتیات کا پروفیسر ڈاﺅ یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر قبول نہیں ،ڈاکٹر قیصر کو ہٹایا نہ گیا اور گورنر ہاوئس نے ڈاﺅ یونیورسٹی کے معاملات میں مداخلت بند نہ کی تو عید کے بعد سخت احتجاج کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں ہنگامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈاﺅ میڈیکل کالج کے سابق طلبہ نے کہا کہ ڈاﺅ میڈ یکل یونیو رسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کی تقریر میں سندھ کے گورنر ہاوس کے بے جا دخل اندازی کی گئی انھوں نے کہا کہ ہم کراچی کہ شہری گورنر سندھ کی دخل اندازی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سے درخواست کرتے ہیں کہ فوری طور پر اپنی بنائی ہوئی وائس چانسلر کی سلیکشن کمیٹی کے کئے ہوئے فیصلے کے مطابق قابلیت کی بنیاد پر وائس چانسلر کا تقرر کریں۔
ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل) سرچ انجن گوگل اور آن لائن ایجوکیشن کمپنی اوڈیسٹی نے بھارت میں آئی ٹی کورسز کرانے شروع کر دیئے ہیں ۔ گوگل اور اوڈیسٹی کے ساتھ اس سارے عمل میں بھارتی بزنس ٹائیکون ٹاٹا نے اتحاد کیا ہے۔اور ان کورسز کا فوکس اینڈرائیڈ ایپ ڈیولپمنٹ پر ہے۔ اس کورس کی ماہانہ فیس 148ڈالرز رکھی گئی ہے۔ کورس کا دورانیہ چھ سے نو ماہ ہوگا جس میں گوگل کے ماہرین امریکہ سے طلبہ کو آن لائن لیکچر دیں گے اور کورس کے اختتام پر طلبہ کو آدھی ٹیوشن فیس واپس کر دی جائے گی۔ گوگل کی جانب سے ایک ہزار اسکالر شپس بھی دی جائیں گی جبکہ کورس کرنے والے تمام افراد کو آئندہ ماہ گوگل انڈیا کی جانب سے منعقدہ جاب میلے میں بھی مدعو کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی(بزنس) آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے، پاکستان کو قرض کے اجراء کے حوالے سے بورڈ مینٹنگ اٹھائس ستمبر کو ہوگی۔ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن جیری رائس نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں اب مستحکم ہیں، جس کے باعث آئندہ چند روز میں ملک میں مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جیری رائس کے مطابق کم شرح سود ایک مثبت اشارہ ہے، جائزہ مکمل کرلیا گیا اور اٹھائیس ستمبر کو ہونے والے بورڈ میٹنگ میں پاکستان کو قرض کی قسط ادا کرنے کی منظوری دی جائے گی۔ جیری رائس کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر میں حالیہ کمی برآمدات میں اضافے کیلئے بہتر ہے، آئی ایم ایف اس کمی کو مثبت سمجھتا ہے۔
ایمز ٹی وی (راولپنڈی) آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل عامر ریاض، میجر جنرل صادق علی، میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ اور میجر جنرل عمر فاروق درانی کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے پاک فوج کے چار لیفٹیننٹ جنرل اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد آئندہ چند روز میں ریٹائر ہو جائیں گے۔ -میجر جنرل عمر فاروق درانی اس وقت وائس چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر کام کررہے ہیں، میجر جنرل صادق علی جنرل آفیسر کمانڈنگ بہاولپور خدمات انجام دے رہے ہیں۔ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر جبکہ میجر جنرل عامر ریاض ڈی جی ملٹری آپریشن کام کررہے ہیں، ترقی پانیوالے افسران کی تعیناتیوں کا فیصلہ بعد میں کیا جارہا ہے۔