ایمز ٹی وی(لاہور) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کی ڈگری کے حوالے سے برطانوی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ ریحام خان نے جس کالج سے براڈ کاسٹر جرنلزم کی ڈگری حاصل کی وہ کالج یہ کورس ہی نہیں کرواتا۔ ریحام خان نے اپنی ڈگری سے متعلق غلط بیانی سے کام لیا۔ اخبار کے مطابق لنڈسے کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے ریکارڈ میں ریحام خان کے نام سے کوئی اسٹوڈنٹ نہیں اور نہ ہی ہم براڈ کاسٹر جرنلزم کی کوئی ڈگری جاری کرتے ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریحام خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ ڈیلی میل نے لکھا کہ اس سے پہلے بھی ریحام خان نے اپنے سابق شوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں گھریلو تشدد کا نشانہ بناتے رہے تاہم ڈاکٹر اعجاز احمد نے اسکی سختی سے تردید کی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے اسی اخبار نے ہی ریحام خان کی عمران خان سے خفیہ شادی کی خبر بریک کی تھی۔
ایمز ٹی وی (فیصل آباد) تحصیل جڑانوالہ کے نواحی قصبے روڈالا کے مین بازار میں سڑک کنارے بیٹھا منور شکیل پچھلی 3 دہائیوں سے دیہاتیوں کے پھٹے پرانے جوتے مرمت کرنے میں مصروف ہے۔ 1969ء میں پیدا ہونے والے منور شکیل نے ہوش سے پہلے ہی اپنے باپ کو کھو دینے اور رسمی تعلیم سے یکسر محروم رہنے کے باوجود 13 سال کی کم عمری میں شاعری کا آغاز کیا اور ان کی پہلی کتاب 'سوچ سمندر' 2004ء میں منظرِ عام پر آئی۔ منور پنجابی شاعری کی 5 کتابوں کے مصنف ہیں اور اپنی شاعری کی وجہ سے شہر کے مضافاتی علاقوں کی رہتل اور لوگوں کی زندگیوں کی حقیقتوں کا ترجمان مانے جاتے ہیں۔ ان کی اب تک شائع ہونے والی تمام کتابیں ایوارڈ یافتہ ہیں۔اپنی شاعری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مختلف طبقات میں تقسیم ہمارے معاشرے میں نچلے طبقے کے لوگوں کو درمیانے اور اعلیٰ طبقے کے لوگوں کی طرف سے روز مرہ زندگی میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن کمزور لوگوں کے ساتھ کیے جانے والے اس سلوک کے خلاف آواز اٹھانے والا کوئی نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مضافات میں رہنے والے لوگوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہوتی لیکن مالی وسائل کی کمی کے باعث وہ دوسروں سے پیچھے رہ جاتے ہیں