Friday, 01 November 2024

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)دبئی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے۔ پاکستان کے دوسری اننگز میں پہلی وکٹ اظہر علی کی گری جو 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ احمد شہزاد نے نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔جمعے کو کھیل کے آغاز پر آسٹریلیا کی جانب سے افتتاحی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور کرس راجرز نے 113 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور 128 تک پہنچا دیا۔اس موقع پر فاسٹ بولر راحت علی نے راجرز کو بولڈ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی-پاکستان کی جانب سے یاسر نے تین، ذوالفقار بابر اور راحت علی نے دو دو جبکہ محمد حفیظ اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی-پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر عمران خان اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے لیفٹ آرم سپنر سٹیو اوکیف اور بیٹسمین مچل مارش کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے ہزارہ ٹائون کا دورہ کیا اورگزشتہ روزسانحہ ہزار گنجی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ وزیر اعلی بلوچستان نے ہزارہ ٹائون کے مرکزی امام بارگاہ میں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کو تاہی نہیں برتی جائے گی اور انصاف کے تقاضے پورے کریں گے، ملزمان کے قریب پہنچ گئے ہیں تمام حقائق سامنے لائے جائینگے، عوام دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مخلوط حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ یہ جنگ ان کے بناء نہیں جیتی جاسکتی، وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تین اضلاع کے باقی تمام اضلاع میں حالات ٹھیک ہیں۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) 26 سالہ ریحانہ جباری کو سال2007 میں ایرانی انٹلیجنس کے سابق اہلکار مرتضیٰ عبدل علی سربندی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ریحانہ جباری کا موقف رہا تھا کہ انھوں نے جنسی استحصال کی کوشش کرنے پر اپنے دفاع میں قتل کیا۔مگر ایران کی اپیلوں کے باوجود قتل کے جرم میں ریحانہ جباری کو سزائے موت دے دی گئی-ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اگرچہ ریحانہ نے تسلیم کیا تھا کہ انھوں نے عبدل علی کی کمر پر وار کیا تھا تاہم ان کا موقف تھا کہ گھر میں کوئی موجود تھا جس نے عبدل کو قتل کیا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریحانہ کو عدالت میں اپنے دفاع کے لیے وکیل مہیا کیا گیا تھا۔تاہم سرکاری خبر رساں ادارے ایسنا نے سنیچر کو خبر دی کہ ریحانہ جباری کو پھانسی دے دی گئی کیونکہ ان کے رشتہ دار متاثرہ خاندان سے معافی حاصل نہیں کر سکے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے کہا ہےکہ شیخ رشید سیاسی یتیم ہے۔ ان کی تقریر کا جواب دیکر ان کا قد نہیں بڑھانا چاہتا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سندھ ایک ہے اور ہمیشہ ایک ہی رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔ حالات سے کو کنٹرول میں لانے کے لیے حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ خورشید شاہ نے حکومت خارجہ پالیسی بہتر بنانے اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مضبوط کر نے پر زور دیا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں پرویز رشید نے تحریک انصاف قائد پر تنقید کی وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اشتعال انگیز تقریروں سے نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو ڈنڈوں کے ذریعے حالات سے نمٹنے کا درس دیتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اشتعال انگیز تقریروں سے نوجوان نسل کو گمراہ مت کریں۔ تحریک انصاف اگر برسر اقتدار آ گئی تو ملک کو عقوبت خانے میں بدل دے گی۔

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک)پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 15 سے زائد مشتبہ افراد کی گرفتاریاں کی گئیں-ان افراد کی گرفتاری شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے سرچ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔ان واقعات میں جمیعت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان پر خود کش حملے کے خلاف جمعے کو سوگ منانے کے علاوہ احتجاج بھی کیا گیا-اس احتجاج میں جے یو آئی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کمی اور بیشی کے ساتھ شدت پسندی کے واقعات جاری ہیں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) لیاری چاکیواڑہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے میں گینگ وار کے دوملزم ہلاک ہوگئے ہیں ۔ مارے جانے والے ملزمان کی شناخت سمیر اور بالاچ کے ناموں سے ہوئی جن کا تعلق عزیز بلوچ گروہ سے بتایا جاتا ہے،ملزمان رینجرز اہلکار سمیت 20 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں بھی پولیس کو مطلوب تھے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور آوان بم بھی برآمد کیا گیا ہے،لیاری کے علاقے تغلق لین میں ایک اور پولیس مقابلے میں ہوا جس میں گینگ وار کا ملزم حنیف عرف کیلا ہلاک ہوگا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزم تین افراد کے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔

ایمز ٹی وی (کراچی)ایس ایس پی سینٹرل نعمان صدیقی کے مطابق ایف سی ایریا میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران مفرور ملزموں سمیت 9 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ دوسری طرف ایس پی گلبرگ اسد چوہدری کی سربراہی میں گلبرگ ڈویژن کے مختلف تھانوں کی پولیس نے کٹی پہاڑی کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا اور 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) امریکہ کے شہر میں ایبولا کے وائرس سے بچنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں-اور امریکی شہر نیویارک اور نیو جرسی کے گورنروں نے حکم دیا ہے کہ مغربی افریقی ممالک سے آنے والے ان تمام مسافروں کو 21 دن کے لیے الگ تھلگ رکھا جائے جن کا واسطہ کسی بھی طرح سے ایبولا کے مریضوں سے رہا ہے۔یہ مشترکہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب ایک دن پہلے ہی ڈاکٹر کریگ سپینسر میں ایبولا کی تصدیق ہوئی ہے جو کچھ وقت پہلے گنی سے لوٹے تھے۔دونوں گورنروں نے کہا کہ جمعے کو افریقہ سے واپس آئے ایک اور طبی کارکن کو الگ تھلگ کر دیا گیا ہے لیکن ان میں ابھی تک ایبولا کی علامات نہیں پائی گئیں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) پولیس نے ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کےمرکزی ملزم کو کورنگی کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے، تفصیلات کے مطابق پولیس نے کورنگی کے علاقے زمان ٹاﺅن میں کارروائی کرکے ایدھی سینٹر میٹھادر میں ڈکیتی کے مرکزی ملزم مظہر عرف اکوکو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد 16 سال سے ڈکیتیوں کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور کئی ماہ جیل میں بھی رہ چکا ہے، رواں برس اس نے ایدھی سینٹر کے علاوہ دیگر کئی وارداتیں بھی کی ہیں، ملزم نے مسروقہ سونے اور دیگر نقدی کے علاوہ اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے جس پر کارروائیاں جاری ہیں۔