کراچی:پاکستان اکیڈمی آف سائینسز (پی اے ایس) سندھ چیپٹر اور ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر، جامعہ کراچی کے تحت”کویڈ19:2020ء اور اس سے ماوراء“ کے موضوع پر ایک آن لائن سیمینار آج 12بجے سے شام4بجے تک ہوگا۔ جس میں رجسٹرڈ شرکاء آن لائن شرکت کریں گے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس سیمینار کے مقررین میں پی اے ایس سندھ سیکٹریٹری پروفیسر ڈاکٹر خالد محمد خان، پی اے ایس کے صدر پروفیسر ڈاکٹرقاسم جان، گیلپ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز شفع گیلانی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل پروفیسر ڈاکٹرعامر اکرام، آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹرفیصل محمود، پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع، پروفیسر ڈاکٹر ذولفقار اے بھٹہ، پاکستان سائیکیٹری سوسائٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال آٖفریدی، سابق فیڈرل سیکریٹری مالیات ڈاکٹر وقار مسعود خان،سربراہ بین الاقوامی مرکز اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور پی اے ایس کے سیکریٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اسلم بیگ کے نام شامل ہیں
کراچی: جامعہ کراچی نے ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔ ناظم مالیات جامعہ کراچی طارق کلیم کے مطابق ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی داخلے برائے سال 2020 ء کی داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 11 ستمبر2020 ء تک توسیع کردی گئی ہے
۔ایسے طلباوطالبات جن کے نام جاری کردہ داخلہ فہرست میں آچکے ہیں وہ اپنی داخلہ فیس جامعہ کراچی کے کیمپس میں واقع ایچ بی ایل/سندھ بینک کی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔
اسلام آباد: وزارت تعلیم نے وفاقی نظامت تعلیمات کومراسلہ جاری کردیا۔ مراسلے میں کورونا وباء کے دوران ہونے والے تعلیمی نقصان کاازالہ کرنے کے لئے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں ہفتہ کی چھٹی ختم کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔ وفاقی وزارت تعلیم کاکہنا ہے کہ ہفتے کے روز سپیشل کلاسز لگائی جائیں اور استاتذہ تعلیمی لحاظ سے کمزور طلبہ کو ہفتے والے دن سپیشل تیاری کروائیں ۔
علاوہ ازیں وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں رواں سال موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں ہونگی۔آئندہ سال وفاقی تعلیمی بورڈ کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 روز تاخیر سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے میٹرک اور انٹر کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔
ترجمان وزیر تعلیم سندھ کاکہنا ہے کہ نویں اور دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان 15 ستمبر کو کیا جائے گا جب کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان 30 ستمبر کو ہو گا۔
جبکہ مارک شیٹ نتائج کے اعلان کے ایک ہفتے بعد تعلیمی اداروں میںبھیج دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سب کمیٹی نے سفارشات اسٹرینگ کمیٹی میں پیش کیں، سفارشات منظور کی گئی ہیں لیکن حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہو گا۔
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبےبین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم نے داخلےدےدیئے۔
تفصیلات کےمطابق جامعہ کراچی کے اعلان کے مطابق بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)نے102امیدواروں کو ”ایم فل اور پی ایچ ڈی“ پروگرام برائے2020ء میں داخلے دیے ہیں۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق بین الاقوامی مرکز کے”ایم فل اور پی ایچ ڈی“پروگرام برائے2020ء کے تحت منعقدہ داخلہ انٹرویومیں102امیدواروں کو انٹرویو کے بعد کامیاب قرار دیکر”ایم فل اور پی ایچ ڈی“ پروگرام میں داخلے دیے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ دیئے گئے کُل 102داخلوں میں سے58داخلے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں اور44داخلے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اورڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)جامعہ کراچی میں دیےگئے ہیں
یہ داخلے نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن جیسے اہم شعبہ جات میں دیے گئے ہیں۔
داخلے کےلئے انٹرویو میں تقریباً432اُمیدواروں نے شرکت کی تھی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا کے باعث بند تعلیمی ادارے کھولنے کی ایک اور درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں کورونا وائرس کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد درخواست مسترد کردی اور تعلیمی ادارے کھولنا یا بند رکھنا ایگزیکٹو کا اختیار قرار دے دیا۔
دوران سماعت اپنے ریمارکس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرنا ایگزیکٹو کا اختیار ہے، یہ عدالت مفروضے کی بنیاد پر تو کوئی حکم جاری نہیں کر سکتی، یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ مفاد عامہ کا اتنا اہم معاملہ ایگزیکٹو کے مدنظر نہ ہو۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میں نے پہلے بھی پٹیشن دائر کی عدالت نے متعلقہ ادارے سے رجوع کی ہدایت کی، میں نے متعلقہ اداروں میں درخواست دی لیکن کچھ نہیں ہوا، حکومت تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سنجیدگی نہیں دکھا رہی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ پالیسی کا معاملہ ہے اور عدالت ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، ایگزیکٹو کا کام ہے اس کی ذمہ داری ہے انہیں اپنا کام کرنے دیں۔
واضح رہے عدالت اس سے قبل بھی تعلیمی ادارے کھولنے کی درخواست مسترد کر چکی ہے
کراچی: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے20اکتوبر سے تعلیمی ادارےکھولنے کی خبر کو بے بنیا د قرار دےد یا۔
ذرائع کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پروفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹوئٹ میں 20 اکتوبر سے جامعات سمیت تمام تعلیمی ادارے کھولنے کی خبر کو جھوٹی خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ سوشل میڈیا پرکچھ جعلی اکائونٹس سے بے بنیادخبریں پھیلائی جارہی ہے،ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ 7 ستمبر کو ہونے والے صوبائی وزرا تعلیم کے اجلاس میں کیاجائے گا
اسلام آباد: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے کوروناوائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات اور تعلیمی اداروں کی تقریباً 6 ماہ بندش کے نتیجے میں ایم اے ، بی ایس ایم ایس سی، ایم ایس اور ایم فل پی ایچ ڈی کے ان طلبا و طالبات جن کے تحقیقی مقالے یا پروجیکٹ ، تھیسس جمع کرانے کی پانچ ماہ کی مہلت دے دی۔
اعلان کے مطابق تھیسس جمع کرانے کی اب نئی تاریخ 31جنوری 2021ہے ۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر امتحانات ڈاکٹر زاہد محمود نے کہا ہے کہ طلبہ کے مطالبے اور چیئرمینز ، ڈینز ، سپروائزرز کی تائید اور صدر جامعہ کی منظوری سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے تحقیقی مقالے یا پروجیکٹ ، تھیسس جمع کرانے کی آخری تاریخ 31اگست 2020تھی۔