Friday, 15 November 2024

اسلام آباد:  پی ٹی اے نے یو ٹیوب کو غیر اخلاقی مواد بلاک کرنے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی اے نے یوٹیوب کو غیر اخلاقی مواد بلاک کرنے کی ہدایت کر دی، پی ٹی اے نے یوٹیوب انتظامیہ سے رابطہ کیا اور کہا کہ یوٹیوب غیر قانونی اور قابل اعتراض مواد کو بلاک کرے، نفرت انگیز اور نقصان دے آن لائن مواد کو فوری بلاک کیا جائے، یو ٹیوب مواد کی نگرانی کیلئے موثر میکنزم بنائے نیزکمپنی کو مقامی قوانین اور معاشرتی روایات کی پاسداری کرنے کا کہا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق پی ٹی اے یوٹیوب کو پاکستان کی ڈیجیٹل مارکیٹ میں کام کیلئے ہر طرح کی مدد دے گی۔

 

کراچی: جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گذشتہ روز جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔

مفاہمتی یادداشت پر دونوں جامعات کے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹرز پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن اور ڈاکٹر سید محمود حسن نے دستخط کئے۔

مفاہمتی یادداشت کامقصددونوں جامعات کے مابین تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں سے باہمی مفاداتی اور تعلیمی اشتراک کو فروغ دینا ہے جس میں مشترکہ تحقیق،مقالوں کی اشاعت اور مشترکہ تحقیق سے بننے والی مصنوعات کا پیٹنٹ حاصل کرناہے۔

علاوہ ازیں مشترکہ تحقیقی پروپوزل سے فنڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔دونوں جامعات کی جدید لیبارٹریز سے استفادہ حاصل کیا جائے گااور ٹریننگ،کانفرنسز،ورکشاپس اور تعلیمی اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔دونوں جامعات تحقیق کی کمرشلائزیشن میں بھی ایک دوسرے کی معاونت کریں گی۔

کراچی: محمد علی علی جناح یونیورسٹی کراچی میں 15 ستمبرسے تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی۔ گزشتہ روز ماجو یونیورسٹی کیمپس میں ڈائریکٹر آن لائن ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر عاصم امداد کی زیرصدارت چھ ماہ کے تعطل کے بعد تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لینے کا جائزہ لینے کے لئے  ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی احکامات کے بعد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اس ضمن میں تمام طلبہ کو بیک وقت یونیورسٹی کیمپس میں بلانے کے بجائے انہیں مرحلہ وار طلب کیا جائے گا ، سب سے پہلے نئے سمسٹر فال 2020 میں داخلہ لینے والے طلبہ کی فزیکل کلاسز شروع کی جائیں گی جبکہ پہلے سے ہی زیر تعلیم بقیہ طلبہ کی کلاسز مرحلہ وار شروع کی جائیں گی۔ یونیورسٹی کھلنے کے بعد فزیکل کلاسز کے ساتھ ساتھ آن لائن کلاس کا سلسلہ بھی بدستور جاری رکھا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فزیکل کلاسز لینے کے لئے آنے والے طلبہ کو ایک حلف نامہ دینا ہوگا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کسی بیماری کا شکار ہونے پر یونیورسٹی انتظامیہ قطعی ذمہ دار نہیں ہوگی۔ یونیورسٹی آنے والے طلبہ کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا ، سماجی دوری کا خیال کرے گا اور یونیورسٹی کی حدود میں کم سے کم نقل و حرکت کرے گا ۔

اجلاس کو کو بتایا گیا کہ کسی کلاس میں طلبہ کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں ڈبل شفٹ کی جائے گی یا ایک دن چھوڑ کر دوسرے دن بلایا جائے گا۔ اجلاس میں طلباء کو سینیٹائزر کی فراہمی ، سینیٹائز بکس لگانے، ٹمپریچر گن ، قطار کی صورت میں فٹ اسٹیپس اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔

اسلام آباد: پاکستان کی پہلی بلڈ لیس ڈائیلاسس مشین تیار کرکےنیاکارنامہ انجام دےدیا۔

پاکستان کی نجی میڈیکل کمپنی نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سےپاکستان کی پہلی بلڈ لیس ڈائیلاسس مشین تیار کرلی جس سے مریض گھر میں ہی بغیر کسی جسمانی تکلیف کے ڈائیلاسس کر سکیں گے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کی پہلی بلڈ لیس (bloodless) ڈائیلاسس مشین بنانے والی میڈیکل ڈیوائسز کمپنی بائی اونکس (Byonyks) کے بانی فرخ عثمان نے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق سے ملاقات کی۔

فرخ عثمان نے انہیں بتایا کہ بائی اونکس نے یہ رسک فری ڈائیلاسس مشین اگنائیٹ سیڈ (SEED) فنڈنگ اور اینجل انویسٹرز کے تعاون سے تیار کی ہے، اس ڈائیلاسس مشین سے کڈنی کے مریض گھر میں بلڈ لیس اور بغیر کسی جسمانی تکلیف کے ڈائیلاسس کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ مشین کی تمام متعلقہ اداروں سے منظوری کے بعد کمرشل بنیادوں پر تیاری ہوگی، اس مشین سے مہنگے طرز علاج سے نجات اور عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔

ویب ڈیسک: ہایئر ایجو کیشن کمیشن اور وزیر اعظم پاکستان اسکالرشپ احساس پرو گرام برائے انڈر گریجویٹ کے تحت ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں طلبا و طالبات میں اسکالر شپ کے چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سینئر وائس پریزیڈنٹ ملتان چیمبر آف کامرس مس رومانیہ تنویر شیخ، ڈاکٹر سلمان مبارک اور ڈاکٹر شفیق پتا فی تھے ۔

تقریب میں 281طلبا و طالبات میں 2کروڑ 64لاکھ 39ہزار روپے کی سکالر شپ کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ اس پروگرام کے تحت زرعی جامعہ کے انڈر گریجوایٹ پروگرام کے ہر سمسٹر میں سے منتخب کئے گئے طلبا و طالبات کی مکمل ڈگری کی ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی اور اس کے علاوہ نمایاں طلبا و طالبات کو وظیفے بھی دئیے جائینگے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہاکہ اس سکالر شپ کی وجہ سے مستحق طلباو طالبات کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئیگی اور وہ بخوبی اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کے جانب سے شروع کئے گئے احساس پرو گرام کے ذریعے مستحق لوگوں کو مدد مل رہی ہے ۔

کراچی : آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور مرکزی رہنماؤں محمد یونس شہاب اقبال، ، محمد اسلم، ڈ اکٹر نجیب میمن ،مرتضیٰ شاہ، دوست محمد دانش اعجاز علی، محمد سلیم، محمد ساجد، مسعود شاہ، شکیل سومرو، اختیار مارکھانی، توصیف شاہ، مرزا اشفاق بیگ اور منیر عباسی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے لازمی طور پر کھولے جائیں، 7 ستمبر کی بین الصوبائی وزرا کانفرنس میں دو ٹوک اور واضح پالیسی کا اعلان اور اسکول کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے

رہنماؤں کا مشترکہ بیان میں کہنا تھا کہسے تعلیمی اداروں کی گزشتہ سات ماہ طویل بندش نے اسکولوں سے جامعات تک تعلیم، تعلیمی اداروں، طلبہ اور ان سے منسلک افراد کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، بہتر صورتحال اور عالمی اداروں کی حوصلہ افزا رپورٹس کی روشنی میں اب تعلیمی ادارے کھولے جانے کی پالیسی کا فوری اعلان کیا جائے کیونکہ یہ معاملہ اب تعلیم کے ساتھ اداروں کی بقا کا مسئلہ بھی بن چکا ہے ۔

رہنماؤں نے کہا کہ اگر اب بھی مبہم اور غیر واضح پالیسی جاری رکھنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں کو تمام ٹیکسز میں تین سال تک کیلئے چھوٹ دی جائے ، بلا سود قرضے دیئے جائیں اور کم از کم دو سال کیلئے رجسٹریشن اور بورڈ سے الحاق کی فیس معاف کی جائے ، اساتذہ، والدین اور طلبہ کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق تحریری مواد کتابچے کی صورت میں فوری تیار اور تقسیم کیا جائے ۔

اسلام آباد: فیس بک نے پاکستان میں غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام اور فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کو اضافی پس منظر کے ہمراہ ایک سال سے زائد پرانی تصاویر شیئر کرنے والی ممکنہ نقصان دہ اور گمراہ کن معلومات پر مبنی پوسٹس کو محدود کرنے کے لئے نئی سہولت متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی بڑھنے کے ساتھ ساتھ تصاویر اور ویڈیوزکی شکل میں غلط معلومات پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے اور اس کے حل کے لیے فیس بک پر کافی دباؤ بھی ہے۔ایسی تصاویر جن کا غیرمتعلقہ پس منظر ہے، وہاں فیس بک کی نئی سہولت غلط معلومات کو روکنے کے لیے تین جہتی طریقے ہٹانے، محدود کرنے، آگہی پر کاربند ہے۔

فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ "ہم لوگوں کو گمراہ کن مواد کی پہچان کے لیے بااختیار بنا رہے ہیں۔"

اس نئی سہولت کے تحت پاکستان میں صارفین کو اس وقت ایک پیغام ظاہر ہوگا،جب وہ مخصوص اقسام کی تصاویر بشمول ایک سال پرانے فوٹوز شیئر کرنے کی کوشش کریں گے اور جو فیس بک کی پرتشدد مواد سے متعلق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی سے قریب ہوں گی۔

صارفین کو وقتاً فوقتاً انتباہی پیغام بھی ملیں گے کہ جو تصویر وہ شیئر کرنے والے ہیں وہ نقصان دہ یا گمراہ کن مواد پر مبنی ہے جس کی نشاندہی مصنوعی ذہانت اور انسانی جائزوں کے امتزاج سے کی جائے گی۔

ویب ڈیسک: کورونا کی وجہ سے کئی ماہ سے بنداسکولز چین، روس، برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک میں کھول دیے گئے۔

بچوں نے کئی ماہ بعد اسکول میں پہلا دن ماسک لگانے، ہاتھ دھونے اور فاصلے سے بیٹھنے کی لازمی ہدایات کے ساتھ گزارا، امریکی شہر نیویارک میں اسکول 21 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں 7 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

کورونا وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے چین کے شہر ووہان میں بھی اسکولوں سمیت تمام تعلیمی ادارے کھل گئے۔گزشتہ سال دسمبر میں ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سخت لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تاہم اپریل میں کیسز میں کمی کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی تھی۔ووہان میں تمام کورونا مریضوں کی صحت یابی کے بعد زندگی معمول پر آنا شروع ہوگئی تھی اور کئی تقریبات بھی منعقد کی گئیں تھیں تاہم اب شہر کے تمام اسکول و دیگر تعلیمی ادارے بھی کھول دیے گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ووہان یونیورسٹی کو طالب علموں کے لیے پیر کو کھولا گیا تھا جس کے بعد آج شہر میں تمام 2842 نرسری، پرائمری اور سیکنڈری اسکولز کھول دیے گئے ہیں جہاں 10 لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔اسکول آنے والے طلبہ کا درجہ حرارت چیک کیا گیا اور ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا جب کہ سینیٹائزر، ماسک اور دیگر جراثیم کش اشیاء ہر کلاس میں موجود ہوں گی۔ اس کے علاوہ کلاسوں میں بھی روز جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔طلبہ کو پبلک بس اور ٹرین سے سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں رواں سال مارچ سے تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

لاہور: پنجاب حکومت نے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا 6ماہ کے لئے مختصر نصاب جاری کردیا۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق15 ستمبر سے تعلیمی سال کا آغاز کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں

جس کے مطابق نویں او ردسویں جماعت کے گیارہ مضامین کے مختصر باب اور صفحات نمبرز جاری کئے گئے ہیں جن کو مزید چھ ماہ پڑھانے کے بعدانہی میں سے امتحانات لئے جائیں گے۔ 11 کتابوں میں اردو، انگریزی، حساب (سائنس و آرٹس) ،اسلامیات، مطالعہ پاکستان، فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، کمپیوٹر سائنسز اور جنرل سائنس شامل ہیں۔

ہوم ورک اور اسکول ورک کو علیحدہ سے جاری کیا گیا ۔نویں جماعت کی انگریزی کی پاکستان اسٹڈی متنازعہ ہونے کی وجہ سے شائع نہیں ہوسکی اوراس کے صفحات کو بھی نصاب کا حصہ بنایاگیاہےجس سے طلبہ اور اساتذہ میں تشویش ہے کہ تیاری کس کتاب سے ہو گی۔

دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت نے کہا محکمہ تعلیم بچوں کا نقصان نہ کرے کیونکہ ہمارے ٹیچرز کے اندر یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ایک سال کا نصاب ان چھ ماہ کے اندر ختم کروا سکتے ہیں اس طرح نویں جماعت کا مختصر نصاب پڑھنے والے طالب علم کو دسویں جماعت اور دسویں جماعت کے طالب علم کو گیارہویں جماعت کانصاب پڑھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔

کراچی:سندھ یونیورسٹی میں 71 کروڑ روپے کی کرپشن کا معاملہ، وائس چیئرمین سندھ یونیورسٹی فتح محمد برفت اور رجسٹرار امیر ابڑو ضمانت کے لیے عدالت پہنچ گئے
 
سندھ ہائیکورٹ نے فتح محمد برفت اور امیر ابڑو کی عبوری ضمانت منظور کرلی
عدالت نے اینٹی کرپشن کو فتح محمد برفت سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
 
عدالت کا ملزمان کو 50،50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دےدیا
اینٹی کرپشن پولیس نے گزشتہ روز تین ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا