Sunday, 17 November 2024

کراچی: کراچی کے سابق سٹی ناظم اورجماعت اسلامی کے رہنما نعمت اللہ خان طویل عرصے کی علالت کےبعد 90 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
وہ زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ رہے اور بعد ازاں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی وہ 2001 سے 2005ء تک کراچی کی شہری حکومت کے ناظم اعلی رہے اور ان کے دور نظامت کو کراچی کا سنہری دور قرار دیا جاتا ہے۔

یکم اکتوبر1930ء کو نعمت اللہ خان ہندوستان کے علاقے اجمیر شریف میں پیدا ہوئے تھے۔ 1948ء میں پاکستان ہجرت کی اور کراچی میں آبسے۔ وہ ایک متحرک فلاحی شخصیت کے ساتھ ساتھ کامیاب وکیل بھی تھے اور کراچی کی خدمت پر بابائے کراچی کہلائے جاتے تھے۔نعمت اللہ خان نے پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن اور فارسی ادب میں کراچی یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا۔ کراچی یونیورسٹی سے ہی انہوں نے صحافت میں ڈپلومہ کیا اور ساتھ ساتھ ایل ایل بی کا امتحان بھی پاس کیا۔ وہ کامیاب وکیل اور انکم ٹیکس معاملات کے ماہر جانے جاتے تھے۔
وہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر تھے لیکن شہری حکومت کے ناظم کا عہدہ سنبھالنے سے قبل ضابطے کی کارروائی کے تحت جماعت اسلامی کی رکنیت سے استعفی دے دیا۔
نعمت اللہ خان نے1957ء میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ 1985ء کے غیر جماعتی الیکشن میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ساڑھے تین سال تک اپوزیشن لیڈر کے منصب پر فائز رہے۔

انہوں نے انتھک محنت اور دیانت کے ذریعے شہر کراچی کی بے مثال خدمت کی اور4 سال کے مختصر عرصے میں شہر قائد کی شکل بدل کے رکھ دی۔

بحیثیت ناظم کراچی نعمت اللہ خان نے شہر میں سڑکوں، فلائی اوورز، انڈر پاسز اور پلوں کا جال بچھادیا۔ اربن ٹرانسپورٹ اسکیم شروع کی، امراض قلب کے جدید ترین اسپتال قائم کیا، سیکڑوں ماڈل پارکس بنائے، کے تھری واٹر سپلائی پروجیکٹ شروع کیا جبکہ المرکز الاسلامی بھی قائم کیا۔ وہ الخدمت ویلفئیر سوسائٹی کے سربراہ بھی تھے اور اس حیثیت سے کراچی میں اسپتالوں، ڈسپنسریوں، اسکولوں اور مدارس کا جال بچھادیا۔

کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گلستانِ جوہر میں واقع Deaf Reach School & College کا دورہ کیا اوراسکول و کالج کے مختلف کلاس رومز میں جاکر طالب علموں کو فراہم کی جانے والی تعلیم کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

گورنرسندھ نے کمپیوٹر لیب، سائنس لیب کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کو سراہا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کاکہنا تھاکہ سماعت سے محروم بچوں کو اعلیٰ درجہ کی تعلیم کی مفت فراہمی پر ادارہ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس ادارہ کے طالب علموں کا ٹیلنٹ دیکھ کر وہ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ اس ادارے سے فارغ التحصیل بچے معاشرے میں اہم خدمات انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچے صلاحیتوں کے اعتبار سے دوسرے بچوں سے کسی طور کم نہیں ہوتے بلکہ بعض اسپیشل بچے عام بچوں سے کہیں زیادہ ٹیلنٹڈ ہوتے ہیں جس کا ثبوت اس ادارے کے طالب علم ہیں۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر اسکول کے لئے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپے ماہانہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

ادارہ کے بانی اور ڈائریکٹر رچرڈ گیری نے گورنر سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کی 7 برانچیں ملک بھر میں کام کر رہی ہیں جن میں سے 5 سندھ میں ہیں جوکہ کراچی، سکھر، نواب شاہ، ٹنڈو الہ یاراور حیدرآباد میں واقع ہیں۔ رچرڈ گیری نے مزید بتایا کہ اسکول میں تمام سہولیات بالکل مفت ہیں جن میں ٹیوشن فیس، لَنچ اور ٹرانسپورٹیشن بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کی فراہمی پر فی بچہ ماہانہ 7500 خرچ آتا ہے۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کے کام کو سراہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رچرڈ گیری اور ان کی اہلیہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ایک نیک مقصد کے لئے پاکستان کو اپنا دوسرا وطن بنایا اور ایک طویل عرصہ سے سماعت سے محروم بچوں کو تعلیم دینے میں مصروف ہیں۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گندم کے بعد اب چینی اور مختلف اقسام کی خام چینی کی درآمد پر عائد 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے ، جس کے تحت ایف بی آر نے چقندر سے تیار کردہ چینی اور دیگر اقسام کی خام چینی کی درآمد پر عائد 40 فیصد ریگولیٹری ختم کردی ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانا اور رمضان المبارک کے دوران چینی کی معقول قیمت پر دستیابی کے حوالے سے پیشگی اقدامات ہیں تاکہ اگر ضرورت پڑے تو چینی درآمد کی جاسکے۔

کراچی: پاکستانی نجی کمپنی اے ایف سی او پرائیویٹ لمیٹڈ اور برطانیہ کی ایم ایم سی ہیلتھ کیئر لمیٹڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کےمطابق 80 ہزار سے ایک لاکھ نرس، 25 ہزار ڈاکٹر، 10 ہزار فارماسسٹ اور 20 ہزار پیرامیڈکس کو برطانیہ بھیجا جائے گااور پاکستانی ماہرین کو باقاعدہ طور پر اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی جائے گی۔

معاہدے پر دستخط کے بعد گورنر ہاؤس پنجاب میں ملازمتوں کا ایک پورٹل بھی قائم کیاگیا ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ویب پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئےکہا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی بھرتی اور برطانیہ میں ملازمتوں کے ساتھ ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی اور زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

مزید کہا کہ وہ برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کی طرز پر پاکستان کے دوردراز علاقوں میں سستی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں۔

 

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری میڈیکل گروپ کے ضمنی امتحانات کے نتائج کااعلان کردیا ہے، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیس انعام احمد نےنتائج کی تفصیلات بتاتےہوئے کہاکہ سائنس پر ی  میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 7364امیدوارں نے رجسٹریشن کرائی جبکہ 7091 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں 2370 امیدوار کامیاب ہوئے،کامیابی کا تناسب 33۔42 فیصد رہا، نتاج بورڈ کی ویب سائٹ  www.biek.edu.pk  پر اپلوڈ کردیئے گئے ہیں۔

کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان نے ملاقات کی
پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی اردوکی واحدجامعہ ہے جس کے چانسلر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ہیں۔جامعہ اردو ملک کی ایک بڑی سرکاری یونیورسٹی ہے جس کے دو کیمپسز کراچی اور ایک اسلام آباد میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق کے اس ادارے کی ترقی کے لئے سب مل کر کام کریں گے اور یہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا۔ یہ بہت امید افزا ء بات ہے کہ یہاں تمام تر دفتری خط وکتابت اردو زبان میں کی جاتی ہے۔ہماری کوشش ہے کہ اردو زبان کی ترویج اور ترقی کیلئے اس جامعہ کو مزید بہتر بنائیں جس کیلئے ہم جلد ہی جامعہ میں کانووکیشن کا انعقاد کررہے ہیں جس میں طلبہ کوگولڈ میڈلز اور ڈگریاں تفویض کی جائیں گی۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان نے کہا کہ جیسے ہی ایم این اے فنڈزجاری ہوں گے جامعہ اردو کے جو بھی ترقیاتی مسائل ہیں انہیں ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جن میں فوری طور پر جامعہ سے متصل گراؤنڈ کو پلے گراؤنڈ اور جامعہ کی اندرونی راستے کو از سر نو تعمیر کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے گزارش کرینگے کہ وہ جامعہ اردو کے کانووکیشن میں بطور چانسلر شرکت کریں۔رجسٹرارڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کہا کہ دنیا بھر میں وہی اقوام ترقی کرتی ہیں جو اپنی قومی زبان میں تعلیم حاصل کرتی ہیں۔اردو لشکری زبان ہے جس میں دیگر زبانوں کے الفاظ شامل کرنے کی بہت گنجائش ہوتی ہے اس لئے اسے رائج کرنا زیادہ مشکل امر نہیں ہے۔ ہم طلبہ کو بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ یہ ملک کی واحد جامعہ ہے جہاں ملک بھر کے طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر ساجد جہانگیر،سعد اللہ اور شاہ زیب بھی موجود تھے۔

کراچی : سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے حج کی انیسویں قرعہ اندازی کی تقریب کردی ۔
سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام حج کی انیسویں قرعہ اندازی میں چار خوش نصیب کامیاب قرار پائے جن میں عظمیٰ عتیق (آفس اسسٹینٹ) ،عبدالباسط (آفس اسسٹینٹ ) ، زبیر احمد ( الیکٹریکل سپروائزر ) اور لیکچرار فیاض علی (شعبہ سافٹ وئیر انجینئرنگ) شامل ہیں ۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے حج قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پانے والے چاروں خوش نصیبوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی عبادات میں مسلم اُمہ کی بہتری و خوش حالی اور یونیورسٹی کی ترقی کے لئے بھی دعا کریں ۔
س
انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا سے انہیں فریضہ حج کی ادائیگی کا سنہری موقع ملا ہے لہذا وہ ہر کام میں اللہ کی خوشنودی کو پیشِ نظر رکھیں ۔ رجسٹرار سید سرفراز علی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

 

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کورونا وائرس کی روک تھام کےلئےایرانی سرحد بند کردی گئی۔

جام کمال خان کا کہنا ہے کہ ایران میں کورونا وائرس کی صورتحال کے بعد ہماری ٹیم سدرن کمانڈ کے ساتھ تفتان سرحد گئی جب کہ ایران کے ساتھ سرحد احتیاطی طور پر بند کر دی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلوچستان میں وقت سے پہلے احتیاطی تدابیر بہت ضروری ہیں۔ جام کمال خان کا کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ حکومت اکیلے روک تھام نہیں کر سکتی، اس کے لیے ہمیں عوام کا تعاون بھی درکار ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آ رہے ہیں اور وائرس کے باعث 50 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں لیکن ایران کے نائب وزیر صحت 50 افراد کی ہلاکت کی خبر کی تردید کر چکے ہیں۔