Monday, 18 November 2024

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والی کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے  پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

گزشتہ روز  ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 2 وزرائے اعلیٰ اور 3 صوبوں کے گورنرز بھی شریک ہوئے۔

کور کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے تفصیلی فیصلے پر مشاورت ہوئی اور سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس حوالے سے ایک  پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے  بتایا کہکور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے پرویز مشرف کے کیس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں شامل دیگر ارکان کا کہنا تھا کہ فیصلے میں جلد بازی کی گئی اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ  خصوصی عدالت کے فیصلے سے فاصلے بڑھ رہے ہیں۔آئندہ چار سے پانچ دنوں میں ہونے والے ایک اور اجلاس میں حکومت کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

گزشتہ روز ہونے والی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ اجلاس میں مختلف ایشوز پر تفصیلی بحث کی گئی،اہم ایشو مشرف کے حوالے سے ہونے والا فیصلہ تھا۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کو مشرف کے فیصلے پر علی ظفر اور بابر اعوان نے تفصیلی طور پر کیس سے جڑے نکات سے بریف کیا، بابراعوان نے فیصلے میں موجود خلاء اور قانونی سقم سے آگاہ کیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم کا کور کمیٹی کے اجلاس میں کہنا تھا کہ ادارے ہر حال میں اہم اور مقدم ہیں، ہم نے اپنے اداروں کو تقویت دینی ہے اور ہم نے قانون اور آئین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ہم اداروں میں تصادم نہیں ہم آہنگی چاہتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ادارے آئینی اور قانونی دائرے میں ذمہ داریاں نبھائیں، ہمیں افواج پاکستان کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کرنا چاہیے اورہمیں انصاف کے تقاضوں کو یقینی بنانا ہے، انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

سڈنی: دنیا بھر میں موسمِ سرما کا آغاز ہونے کے باوجود آسٹریلیا کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور منگل کے روز سب سے زیادہ 40 ڈگری سے زائد درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جس نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں سورج کے آگ برسانے کا سلسلہ جاری رہا اور منگل کے دن ملک کے مختلف علاقوں کا اوسط درجہ حرارت 40.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 2013 میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 40.3 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے اور ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق گرمی کا تسلسل آئندہ چند روز میں صورتحال کو مزید خراب کرسکتا ہے، آسٹریلیا میں ہیٹ ویو کو بڑے خطرے کی علامت قرار دیا جارہا ہے اور  ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین نے حکومت پر دباؤ ڈالا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کے مختلف جنگلات گزشتہ ماہ سے لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکتا جس کی وجہ سے اب تک 30 لاکھ ایکڑ اراضی کو نقصان پہنچا۔

آسٹریلیا کے تمام بڑے شہروں کی حکومتوں نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے، محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ ہی بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی اہم وجہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات کو نیو ساؤتھ ویلز کے چند علاقوں میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خوشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی، پیشگوئی میں متعصبانہ بالا دستی کے نظریے کے ساتھ بھارت کی سمت بتائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بھارتی دانشور خوشونت سنگھ کا آرٹیکل شیئر کر دیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خوشونت سنگھ نے بھارت میں متعصبانہ بالا دستی کی پیش گوئی کی تھی، پیشگوئی میں متعصبانہ بالا دستی کے نظریے کے ساتھ بھارت کی سمت بتائی گئی۔

اس سے قبل ایک موقع پر وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کا غیر قانونی الحاق اور محاصرہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مودی سرکار نے آسام کے 2 ملین مسلمانوں کو شہریت سے محروم کیا اور اب مودی سرکار نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کرلیا۔ بھارت میں مسلمان غیر مسلم ہجوم کا نشانہ بھی بن رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو سمجھنا چاہیئے نازی جرمنی میں نسل کشی کا ایجنڈا جنگ عظیم دوئم کا سبب بنا، مودی کا بھی ہندو بالا دستی کا ایجنڈا ہے، پاکستان کو دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔ اس سب کا نتیجہ خون خرابہ اور طویل مدت اثرات کی شکل میں ہوگا۔

اسمارٹ فون متعارف ہونے کے بعد مختلف کمپنیوں کی جانب سے موبائل ایپلیکشن بھی سامنے لائی گئیں، سال 2010 کے بعد سے 2019 تک ہزاروں کی تعداد میں ایپس آئیں البتہ اس دورانیے میں صارفین کی دلچسپی سوشل میڈیا سے متعلق ایپلیکشنز پر ہی رہی۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کی جانب سے 2010 سے 2019 (دہائی) کی فہرست جاری کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ سماجی رابطے کی سب سے بڑی موبائل اپیلیکشن فیس بک کو صارفین نے سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیا۔

اگر صرف رواں سال کی بات کی جائے تو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس استعمال کرنے والے 1ارب کھرب 20 ارب صارفین نے اسے ڈاؤن لوڈ کیا۔ یہ تعداد گزشتہ برس کی نسبت پانچ فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق 90 ارب کے قریب لوگوں نے فیس بک پر گزشتہ سال کی نسبت 15 فیصد اضافی وقت دیا۔

اسی طرح صارفین نے موبائل گیمز، ویڈیو ایڈیٹر، انٹرٹینمنٹ ایپس میں بھی دلچسپی لی جبکہ لائیو اسٹریمنگ کی ایپس بھی لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

دس سال کے دوران ٹاپ ٹین میں آنے والی موبائل ایپلیکشنز

فیس بک

فیس بک میسنجر

واٹس ایپ میسنجر

انسٹاگرام

اسنیپ چیٹ

اسکائپ

ٹک ٹاک

یوسی براؤزر

یوٹیوب

ٹویٹر

رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں ٹک ٹاک اور لائیکی وہ ایپس ہیں جو ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے ابھر کر سامنے آئیں اور انہیں بھی لاکھوں صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا۔

فیس بک میسنجر

فیس بک

واٹس ایپ

ٹک ٹاک

انسٹاگرام

شیئر اٹ

لائیکی

اسنیپ چیٹ

نیٹ فلکس

اسپاٹی فائی

علاوہ ازیں گیمز مین اگر دیکھا جائے تو سال 2019 میں پب جی نے بہت تیزی کے ساتھ صارفین کی توجہ حاصل کی اور لاکھوں کی تعداد میں صارفین نے اسے ڈاؤن لوڈ کیا۔

سال 2019 میں ڈاؤن لوڈ ہونے والے گیمز

فری فائر

پب جی موبائل

سب وے سفرز

کلر بمپ تھری ڈی

فن ریس تھری ڈی

رن ریس تھری ڈی

مائی ٹاکنگ ٹوم 2

ہوم ایسکیپ

اسٹاک بال

کال آف ڈیوٹی موبائل

اسلام آباد کی خصوصی عدالت سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں کن دو ججز نے سزائے موت کے فیصلے کی حمایت کی۔

خصوصی عدالت کے 3 رکنی بینچ نے 17 دسمبر کو پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت سنائی تھی اور کیس کا فیصلہ دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا تھا۔

ذرائع کے مطابق اکثریتی فیصلہ جسٹس وقار سیٹھ اور جسٹس شاہد فضل کریم نے کیا جب کہ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نذر محمد نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز مشرف کی سزائے موت کا فیصلہ 150 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔

رجسٹرار خصوصی عدالت راؤ عبدالجبار کا کہنا ہے کہ کیس کا تفصیلی فیصلہ کچھ ہی دیر میں جاری کر دیا جائے گا اور فیصلے کی کاپی مقدمے کی پارٹیوں کو دی جائے گی۔

راؤ عبدالجبار کا کہنا ہے کہ فیصلے کے قانونی لوازمات پورے کیے جا رہے ہیں۔

بدین: صوبہ سندھ میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے، انسداد پولیو حکام نے پولیو کیس کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدین کی یو سی میں سوا 2 سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، ایمرجنسی سینٹر پولیو کا کہنا ہے کہ رواں سال سندھ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

پولیو سینٹر کے مطابق کراچی سے رواں سال پولیو کے 6 کیسز سامنے آئے، حیدر آباد،جامشورو اور لاڑکانہ میں پولیو کے 2،2 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ میر پور خاص، سجاول، شہید بے نظیر آباد سے پولیو کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

یاد رہے کہ پانچ دن قبل میر پورخاص سے پولیو حکام نے مزید دو پولیو کیسز کی تصدیق کی تھی، خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہو چکی ہے، یہ شرح 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

پولیو حکام کے مطابق خیبر پختون خوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہے، 17 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آ چکے ہیں۔

تین دن قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی ذمے داری ہے۔ امید ہے ہم مستقبل میں پولیو کیسز پر قابو پالیں گے، ہم نے نئی حکمت عملی ترتیب دی ہے، حکومت نے پچھلے 3 سال میں انسداد پولیو کے لیے وسائل فراہم کر لیے ہیں۔

کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 3 وکٹوں پر 72 رنز بنا لیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کھانے کے وقفے تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر بہتّر رنز بنا لیے ہیں۔

شان مسعود 5، کپتان اظہر علی صفر اور عابد علی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے ہیں، جب کہ اسد شفیق ایک اور بابر اعظم 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

آج دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جب پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو حسب معمول وکٹیں دھڑا دھڑ گرنے لگیں، دو وکٹیں یکے بعد دیگرے 10 رنز پر گریں، شان مسعود 5 رنز بنا کر وشوا فرنینڈو کا شکار بنے، سری لنکا کے خلاف پاکستان کی تیسری وکٹ 65 رنز پر گری جب کہ ٹرپل سینچری بنانے کے عزم کے ساتھ کریز پر آنے والے بیٹسمین عابد علی 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کراچی: سندھ پولیس کو میڈیا سے دور رہنے کے احکامات دوبارہ جاری کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع  نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کو میڈیا سے دور رہنے کے احکامات دوبارہ جاری کیے گئے ہیں، کابینہ اجلاس میں افسران کو میڈیا ٹاک اور پریس کانفرنس سے ایک بار پھر روک دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع  کا کہنا ہے کہ پولیس افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ اپنی کارکردگی صرف پریس ریلیز کے ذریعے ہی میڈیا کو بتائی جائے۔ پولیس افسران کو یہ حکم بھی دیا گیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔  

دوسری طرف پولیس ذرائع  نے کہا ہے کہ میڈیا سے دوری کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی نظر نہیں آ رہی ہے،

ضلعی افسران نے بھی اعلیٰ حکام سے شکوہ شروع کر دیا ہے کہ کوریج نہ ہونے سے پولیس کا مورال گر رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایم کیوایم کے گرفتار ٹارگٹ کلر ’یوسف ٹھیلے والا‘ کے وزیر اعلیٰ سندھ سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد پولیس افسران کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

سندھ پولیس اور صوبائی حکومت کے درمیان اختیارات کا تنازع حل نہیں ہو سکا ہے، گزشتہ ہفتے آئی جی سندھ کلیم امام نے افسران کو صوبہ بدر کرنے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان فیصلوں نے پولیس کے مورال اور آئی جی کی کمانڈ کو کم زور کیا ہے۔

اسلام آباد: پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا تفصیلی فیصلہ کچھ دیر بعد جاری ہونے کا امکان ہے،

فیصلے کی کاپی لینے پرویز مشرف کی قانونی ٹیم عدالت پہنچ گئی۔

رجسٹرار خصوصی عدالت راؤ عبد الجبار نے کہا ہے کہہ تحریری فیصلہ پرویز مشرف کے وکلا کی ٹیم کو دیا جائے گا، تحریری فیصلہ میڈیا کو دینے کی اجازت نہیں، قانونی لوازمات پورے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب فیصلے کی کاپی کیلئے وزارت داخلہ و قانون کے نمائندے بھی عدالت میں موجود ہیں، پرویز مشرف کے نمائندہ خصوصی بھی عدالت پہنچ گئے۔

دبئی: متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ نے نئے سال کے جشن اور آتش بازی کے مقامات کا اعلان کردیا۔

متحدہ عرب امارات نئے سال کے جشن کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں نئے سال کی آمد پر سیاحوں کا سمندر امڈ آتا ہے جہاں تمام ہوٹلز کی پیشگی بکنگ کر لی جاتی ہے اور بلند عمارتوں پر آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا جاتا ہے۔

موسیقی، روشنی اور آتش بازی کو دیکھتے ہوئے اگر دبئی کو مشرق وسطیٰ کا پیرس کہا جائے توغلط نہ ہوگا کیونکہ یہاں دنیا بھر سے ہر رنگ و نسل اور زبان بولنے والا شخص موجود ہوتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے منتظمین کی جانب سے گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا، اس ضمن میں حکام کی طرف سے مختلف مقامات کا اعلان کیا گیا جہاں پر نئے سال کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

اس ضمن میں دبئی کی بلند و بالا عمارت برج الخلیفہ پر اکتیس دسمبر کی رات ایل ای ڈی لائٹس کا زبردست شو منعقد کیا جائے گا بعد ازاں شاندار آتشبازی بھی ہوگی۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کے پیش نظر عمارت کی طرف آنے والے تمام راستے ٹریفک کے لیے بند کردیئے  جائیں گے۔

اسی طرح الجمیرہ، برج العرب اور دبئی فیسٹیول سٹی میں بھی شاندار تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جن میں ایک محتاط اندازے کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی سیاح شرکت کریں گے۔

علاوہ ازیں دبئی فریم کے مقام پر تین منٹ کا لیزر لائٹ شو منعقد کیا جائے گا، دبئی فاؤنٹین، دبئی ساحل سمندر پر بھی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔