Monday, 18 November 2024

  اسلام آباد: حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن اور مقامی سطح پر موبائل فون سیٹ مینو فیکچرنگ کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مراعات دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اجلاس میں ہوا جس میں موبائل فون سیٹ کی ریگولیشن، اوور سیز پاکستانیوں کو ایک موبائل فون سیٹ بغیر ڈیوٹی لانے کی اجازت دینے اور موبائل فونز کی درآمد پر ڈیوٹی و ٹیکسوں کو ریشنلائزبنانے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ڈیجٹیل پاکستان ویژن کی سربراہ تانیہ ایدروس، جہانگیر ترین اور ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گرین فیلڈ میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ڈیوٹی و ٹیکسوں میں چھوٹ حاصل ہے، اس کے علاوہ خصوصی اکنامک زونز میں نئی سرمایہ کاری پر بھی ڈیوٹی و ٹیکسوں میں چھوٹ حاصل ہے۔

ملک میں متعدد چینی کمپنیاں موبائل فون سیٹ مینو فیکچرنگ میں دلچسپی رکھتی ہیں، اس کے علاوہ ایک کمپنی نے چھوٹی کاروں کی پاکستان میں اسمبلنگ اور مینو فیکچرنگ میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

مانیٹر نگ ڈیسک: فیس بک اور ٹویٹر نے سیاسی موضوعات پر غیر متوازن مضامین اور پروپیگنڈا کرنے والے 6 ہزار کے لگ بھگ اکاؤنٹس بند کردیئے۔

فیس بک اور ٹویٹر نے اپنے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر بھرپور تحقیق کے بعد 6 ہزار کے قریب اکاؤنٹس بند کردیئے ہیں۔ اس کے علاوہ لاتعداد پیجز، گروپس اور پوسٹس کو بھی بند کیا گیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کے مطابق سب سے زیادہ پیجز سعودی عرب سے بند کیے گئے ہیں جن کی تعداد 5 ہزار 929 سے زائد ہے

فیس بک نے سعودی عرب سے بھی 88 ہزار اکاؤنٹ کو دیکھا ہے اور کہا ہے کہ وہ ہر موضوعات پر ایک بڑے منفی پروپیگنڈا کا حصہ تھے جسے منظم انداز میں چلایا جارہا تھا۔

علاوہ ازیں جارجیا سے چلانے جانے والے نیٹ ورک کے 39 فیس بک اکاؤنٹس، 350 پیج ، 13 گروپس اور انسٹا گرام کے 22 اکاؤنٹس بھی بند کیے گئے ہیں۔ ویت نام اور امریکا کے 620 اکاؤنٹس، 89 فیس بک پیج اور انسٹا گرام کے 72 اکاؤنٹس بند کیے گئے ہیں۔

تاہم کچھ پیجز پر جعلی خبریں چل رہی تھیں اور وہ پروفائل بھی جعلی ہی تھے۔ سعودی عرب میں شاہی خاندان کی ترجمانی کرنے والی ایک کمپنی اسماٹ بھی سامنے آئی جس نے ٹویٹر کے دو ملازمین کو بھرتی کرکے پورے نیٹ ورک پر ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کی جو سعودی خاندان پر تنقید کر رہے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی عرب سے چلائے جانے والے ٹویٹر اور فیس بک اکاؤنٹ میں ایران اور قطری مخالف پیغامات کی بھرمار تھی۔ کئی ہیش ٹیگز میں بطورِ خاص امیرقطر کو نامزد کیا گیا تھا اور ان پر غلط طریقے سے تنقید کی گئی تھی۔

ٹویٹر نے ایران سے تعلق رکھنے والے 4779 اکاؤنٹس بھی بلاک کردیے اور فیس بک نے مجموعی طور پر 800 صفحات اور 36 اکاؤنٹس بھی بند کیے ہیں

کراچی: حکومت سندھ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش، کرسمس اور بینظیر بھٹو کی برسی کے مواقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 25 دسمبر کو قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے تہوار کے موقع پر صوبے کے سرکاری اور ماتحت اداروں میں عام تعطیل ہو گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 27 دسمبر کو بینظر بھٹو کی برسی کے موقع پر بھی صوبے بھر میں عام تعطیل ہو گی۔

حکومت سندھ کی جانب سے 24 دسمبر کو قمبر ڈسٹرکٹ میں بھی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق 24 دسمبر کو یوم شہداء قمبر کے سلسلے میں عام تعطیل ہو گی۔

 مانیٹرنگ ڈیسک:  گلوکار عاطف اسلم نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پراپنے پرستاروں کے ساتھ خوشخبری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ ہمارے گھر ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔

عاطف اسلم نے اپنے بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچہ دونوں صحت مند اور ٹھیک ہیں۔ ہمیں ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور پلیز  ماشااللہ کہنا نہ بھولیں۔

تاہم عاطف اسلم نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے یا بیٹے کی اور نہ ہی بچے کا نام لوگوں کے ساتھ شیئر کیا۔ سوشل میڈیا پر عاطف اسلم کو دوبارہ والد بننے پر مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔مختلف فلمی اور مشور شخصیات کا عاطف اسلم کو مبارکباد کے پیغامات۔واضح رہے کہ  عاطف اسلم اورسارہ بھروانا  کا ایک 5 سال کا بیٹا بھی ہے جس کا نام احد عاطف اسلم ہے۔

کراچی: پاکستان کے معروف شاعر اور ادیب  امجد اسلام امجد کو ترکی کے اعلیٰ ثقافتی اعزاز سے نواز دیا گیا۔

 اپنی شاعری سے لوگوں کادل  جیت لینے والے  شاعر  امجد اسلام امجدکوترکی میں منعقدہ ایک تقریب میں  نصیب فضیل انٹرنیشنل کلچرل  اور آرٹ ایوارڈ سے نوازا گیاجو کہ ترکی کا اعلیٰ ثقافتی ایوارڈہے-جس میں ان کی شاعری بھی سنی گئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ترک صدر طیب اردگان تھے  انہوں  نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے امجد اسلام امجد کی شاعری کو بہت سراہا اور کہا کہ امجد اسلام امجد جدید دور میں اردو ادب کے سب سے اہم  شاعر اور پاکستان کی نامور شخصیت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ترکی کا انتہائی عزیز اور قریبی دوست ملک ہے، دونوں ممالک کا مفاد یکساں ہے، یہ تعلقات باہمی اعتماد، یکجہتی اور خلوص پر مبنی ہیں۔

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد امجد اسلام امجد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی ہر پاکستانی کے دل کے قریب ترہے اور اس ایوارڈ پر ترک بھائیوں کے شکر گزار ہیں کے انہوں نےان کے کام کو اس قدو عزت  و محبت سے نوازا۔

 

کراچی: تمغہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس کی حامل پاکستان کی معروف گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی آج19ویں برسی منائی جارہی ہے۔ نور جہاں کے بارے میں کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے- آپ21 ستمبر 1926 کوعظیم صوفی شاعر بلھے شاہ کی دھرتی قصور میں پیدا ہوئیں،ان کا اصل نام اللہ وسائی جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھاانہوں نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم استاد بڑے غلام علی خاں صاحب سے حاصل کی۔
 
نور جہاں نے 9 سال کی عمرمیں گلوکاری کا آغاز کیا۔
قیام پاکستان سے قبل نور جہاں نے ممبئی میں کئی فلموں نادان، نوکر، لال حویلی، دل، ہمجولی اور جگنو وغیرہ میں کام کیا۔ قیام پاکستان کےبعدوہ لاہورمنتقل ہو گئیں جہاں پرانہوں نے اداکاری اورگلوکاری کا سلسلہ جاری رکھا۔بےبی نور جہاں نے  چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے بھی متعدد فلمیں کیں - ۱۹۳۹ میں فلم گل بکاولی  میں اداکاری اور گلوکاری  نے نورجہاں کو ایک اسٹار بنا دیا
 
موسیقار غلام حیدر نے1941میں انہیں اپنی فلم ’خزانچی‘ میں پلے بیک سنگر کے طور پر متعارف کروایا اور اسی برس بمبئی میں بننے والی فلم ’خاندان‘ ان کی زندگی کا ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ اسی فلم کی تیاری کے دوران ہدایت کار شوکت حسین رضوی سےان کی شادی ہوگئی،جبکہ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے شوہر شوکت حسین رضوی کے ہمراہ ممبئی سے کراچی منتقل ہوگئیں –
 
  جہاں 1951 میں انہوں نے فلم چن وے سے پاکستانی فلمی صنعت میں نئی جان ڈال دی۔ انہوں نے گلنار، پاٹے خان، انتظار، لخت جگر، کوئل، مرزا غالب اور ڈوپٹہ سمیت کئی فلموں میں ادا کاری اور گلوکاری کا جادو جگایا۔ 1957 میں نور جہاں کو فلم انتظار کے لیے صدارتی ایوارڈ دیا گیا-میڈم نور جہاں نےتقریباََ10 ہزار سے زائد غزلیں و گیت گائے جن میں سے بیشتر اب بھی لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہیں۔
 
میڈم نور جہاں کی خوبصورت اور کانوں میں رس گھولنے والی آواز کی وجہ سے انہیں ملکہ ترنم کا خطاب ملا -ملکہ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000 کو 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔اگرچے یوں لگتا ہے کہ وہ ہم میں نہیں لیکن ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی عوام میں بےپناہ مقبول ہیں۔

مانیٹرنگ ڈیسک: رواں سال کے لیے 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی رات پورے سال کی طویل ترین رات تھی جو گزر چکی جبکہ 22 دسمبر کا دن پورے سال کا سب سے مختصر دن تھا۔

فلکیاتی اداروں کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب زمین کے شمالی نصف کرے (Northern Hemisphere) میں سال کی طویل ترین رات تھی اور اتوار کا دن سال کا مختصر ترین دن گزرا۔
یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر تک کسی بھی دن ہوسکتی ہیں۔ اس سال یہ موقع گزشتہ رات گزارا۔

واضح رہے کہ وہ موقع جب شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہو، اسے فلکیات کی زبان میں ’’انقلابِ سرما‘‘ (winter solstice) یا ’’انقلابِ شمالی‘‘ (Northern solstice) بھی کہا جاتا ہے۔ البتہ اس حوالے سے ایک عام غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ انقلابِ سرما کے موقع پر زمین کا سورج سے فاصلہ سب سے زیادہ ہوتا ہے؛ ایسا نہیں ہوتا۔

اس کے برعکس، حقیقت یہ ہے کہ زمین اپنے محور پر 23.4 درجے جھکی ہوئی ہے جبکہ محوری گردش (axial rotation) کے دوران زمین کا اپنا محور بھی کسی گھومتے ہوئے لٹو کی مانند لڑکھڑاتا رہتا ہے۔

مانیٹرنگ ڈیسک : پاکستان میں زرعی مٹی کے لاتعداد نمونوں سے معلوم ہوا ہے کہ ایک جانب تو زرعی زمین میں نمیاتی اجزا کم ہورہے ہیں تو دوسری جانب ان میں قدرتی اجزا مثلاً فاسفورس اور پوٹاشیئم سمیت کئی معدنی اجزا خوفناک حد تک کم ہوچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی زرعی پیداوار کوششوں کے باوجود بڑھ نہیں پارہی۔

اس ضمن میں کئی برس تک بالخصوص صوبہ پنجاب کے کھیتوں سے مٹی کے نمونے دیکھے گئے تو معلوم ہوا کہ مٹی میں نائٹروجن کی سطح 98 فیصد، فاسفورس کی 90 فیصد، پوٹاشیئم کی کمی 53 فیصد اور زنک کی کمی 70 فیصد تک نوٹ کی گئی ہے۔ اس طرح پورے ملک میں کئی ٹیوب ویل کا سروے کیا گیا اور معلوم ہوا کہ ان کی 66 فیصد تعداد سے لیا ہوا پانی خود زراعت کے لیے موزوں نہیں۔

اس مسئلے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے صوبائی حکومت کا محکمہ زراعت کو ایک سروے کے احکامات دیئے جسے ’سوئل سیریز سروے‘ کہا جاتا ہے۔ اس میں مٹی کے ایسے نمونے دیکھے جاتے ہیں جو مرکزی مٹیریل سے حاصل کیے جاتے ہیں۔

اس ضمن میں 1972ء میں پنجاب کو 105 سیریز سروے میں تقسیم کرکے اس کا سروے کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 2018ء میں ایک اور سروے کیا گیا اور اس بار سوئل سیرز 800 تک جاپہنچی۔ اس ضمن میں حکومتِ پنجاب کے محکمہ زراعت نے ایک تفصیلی ویب سائٹ بھی بنائی جو اگلے چند دنوں میں لانچ کی جائے گی۔ اس کا اہم مقصد صوبہ پنجاب کی زرعی زمین کا نامیاتی آڈٹ کیا جائے گا اور ہر کسان اور ماہرِ زراعت اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکے گا۔

پاکستانی زرعی مٹی تیزی سے اپنی تاثیر کھورہی ہے
66 فیصد تعداد سے لیا ہوا پانی خود زراعت کے لیے موزوں نہیں

پاکستان کی زرعی پیداوار کوششوں کے باوجود بڑھ نہیں پارہی۔

 

مانیٹرنگ ڈیسک: امریکا میں آن لائن ٹیکسی سروس اوبر کے ڈرائیورز کی جانب سے 2017ء سے 2018ء کے دوران خواتین صارفین کے ساتھ 450 جنسی زیادتی اور 6 ہزار کے لگ بھگ جنسی ہراسانی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اوبر امریکا نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے لیے انتظامیہ پر حکومتی اور عوامی دباؤ تھا، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 450 خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی جب کہ 6 ہزار کے قریب جنسی ہراسانی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوبر گاڑیوں پر بھی جان لیوا حملے ہوئے ہیں جن میں 19 افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں 8 رائیڈرز، 7 ڈرائیورز اور 4 راہگیر ہلاک ہوئے ہیں۔ اسی طرح ٹریفک حادثے کے 97 واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں 107 افراد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ آن لائن ٹیکسیوں کا استعمال بہت عام ہوگیا ہے، امریکا میں 30 لاکھ اوبر گاڑیاں ہیں اور 7 کروڑ صارفین ہیں۔ یہ ایک نفع بخش کاروبار بھی ہے جس سے صارفین کو بھی فائدہ ہوتا ہے تاہم زیادتی اور لوٹ مار کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

مانیٹرنگ ڈیسک: سام سنگ نے خاموشی سے گلیکسی اے 01 متعارف کرا دیا ہے۔سام سنگ کا گلیکسی اے 01 کمپنی کا کم تر ہارڈ وئیر کا فون ہے۔ سام سنگ نے اس فون کی قیمت سمیت بہت سی تفصیلات نہیں بتائی۔
اس فون میں 5.7 انچ انفینٹی وی ایل سی ڈی 720p+ڈسپلے ہے۔ اس فون کے ڈسپلے کی نوچ میں 5 میگا پکسل کا ہے۔
اس فون کی بیک پر 13 میگا پکسل کا مین کیمرہ اور 2 میگا پکسل کا ڈیپتھ سنسر ہے۔سام سنگ نے باضابطہ طور پر تو نہیں بتایا لیکن یہ کیمرہ سیٹ اپ 1080p ویڈیو ریکارڈ کر سکتا ہے۔
اس فون میں اوکٹا کور پروسیسر، 2 جی بی ریم اور 16 جی بی انٹرنل سٹوریج ہے۔
اس فون کی سٹوریج کو مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 512 جی بی تک بڑھایا جا سکتا ہے۔فون میں مائیکرو ایس ڈی کے لیے الگ سے کارڈ سلاٹ ہے، اس لیے صارفین فون کے ڈوئل سم فنکشنزکو پوری طرح استعمال کر سکتے ہیں۔