Wednesday, 20 November 2024
 
 
 
 
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد میں“احساس سیلانی لنگر” اسکیم کا افتتاح کریں گے ، لنگر اسکیم سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام “احساس” کا اہم جزو ہے۔
 
وزیراعظم عمران خان نادار اور مستحق افراد کیلئے ایک اور احسن قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں آج “احساس لنگر” پروگرام کا آغاز کریں گے، پروگرام کے تحت مستحق اور غریب افراد کے لئے کھانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
 
اسلام آباد سے شروع کی جانے والی اس اسکیم کو ملک بھرمیں پھیلایا جائے گا ، لنگر اسکیم سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام “احساس” کا اہم جزو ہے۔
 
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس احساس پروگرام سے متعلق کہا کہ حساس لنگر‘‘ ایک مکمل طور پر مختلف سکیم ہے جو وزیراعظم کی ہدایت پر مستحق افراد کے لئے شروع کی جا رہی ہے ، یہ احساس لنگر اسکیم ضرورت مند افراد کو روزانہ کی بنیاد پر کھانا فراہم کرے گی۔
 
خیال رہے احساس‘‘ کے زیرانتظام حکومت پاکستان کی یہ پہلی سکیم ہے جو سرکاری اور نجی شراکت داری کے تحت شروع کی جا رہی ہے۔
 
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ احساس پروگرام کو ملک گیر سطح تک پھیلایا جائے گا، احساس پروگرام کے ثمرات پورے پاکستان کوملیں گے، پروگرام کا مقصد پسے ہوئے طبقے کی زندگی کو بہتر کرنا ہے، حکومت نے احساس پروگرام کے لیے 190 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت اس سال کئی اقدامات کیے جائیں گے، احساس پروگرام کا مقصد لاکھوں غریبوں کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے ، محروم طبقے کو وسائل، مخصوص فنڈز اور تربیت فراہمی کے ذریعے ان کو غربت سے نکالا جائے گا۔
 
اس سے قبل وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا وزیراعظم نے خود احساس پروگرام کوشروع کیاہے، ہرماہ نیا پروگرام لائیں گے، احساس پروگرام پاکستان کاسب سےبڑاجامع پروگرام ہے، پروگرام سےمتعلق 115پروگرامز ہیں۔
 
 
 
 
کراچی :سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کریں گے لیکن پیپلزپارٹی دھرنے میں شریک نہیں ہوگی۔
 
  مولانافضل الرحمان کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کریں گے لیکن عملی طور پر پیپلزپارٹی دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے۔
 
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو بھی اظہارکرچکے ہیں ، جمہوریت کوخطرات لاحق ہیں ، بلاول بھٹو عوام کو مسائل سے نکالنا چاہتے ہیں۔
 
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا اپنے کام کے علاوہ سب کام کرتےہیں ، شیخ رشید ریلوے کو بہتر بنانے کے بجائے سیاست میں مصروف ہیں، شیخ رشید کو چاہیے کہ وہ وزیراعظم کو مشورے دیں پیپلزپارٹی کو اس کی ضرورت نہیں ہے۔
 
یاد رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہو، ہم ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں مگر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
 
 
بلاول کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی کس حد تک مدد کر سکتے ہیں پارٹی اجلاس بلایا ہے
 
واضح رہے مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا آزادی مارچ کی تاریخ سے متعلق کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، ملک بھر سے اس مارچ میں قافلے شریک ہوں گے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
بینکاک : تھائی لینڈ کے جج نے بھری عدالت میں قتل کے مقدمے کے فیصلہ سنانے کے بعد خود کو گولی مار لی۔
 
تھائی جج نے قتل اور فیس بک کی لائیو ویڈیو میں سلطنت کے عدالتی نظام کی برائی کرنے کے کیس میں کئی ملزمان کو بری کرنے کے فیصلہ سنانے کے بعد خود کو سینے میں گولی ماری۔
 
ناقدین کا کہناتھا کہ تھائی لینڈ کی عدالتیں اکثر امیروں اور طاقتور افراد کے حق میں فیصلے سناتی ہیں جبکہ عام آدمی کو معمولی جرم میں بھی جلد اور سخت سزائیں سنائی جاتی ہیں تاہم کسی جج کے منہ سے آج تک عدالتی نظام پر تنقید سننے میں نہیں آئی۔
 
یالا شہر کی عدالت کے جج کاناکورن پیانچانا پانچ مسلم ملزمان کے خلاف قتل کے کیس کی سماعت کر رہے تھے،انہوں نے قتل کرنے والے گروپ کے ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا اور اس کے بعد پستول نکال کر خود کو سینے میں گولی مار لی۔
 
قبل ازیں عدالت میں ریمارکس اور فیس بک لائیو پر اپنے الفاظ نشر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی کو سزا سنانے کے لیے آپ کو شفاف اور ٹھوس ثبوتوں کی ضرورت ہوتی ہے لہذا اگر آپ کو یقین نہ ہو تو کسی کو سزا نہیں دینی چاہیے۔
 
انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ پانچوں ملزمان نے کوئی جرم نہیں کیا، انہوں نے شاید کیا ہو لیکن عدالتی نظام کو شفاف اور قابل اعتبار ہونے کی ضرورت ہے اور بے گناہوں کو سزا دینا انہیں قربانی کا بکرا بنانا ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کے بعد فیس بک لائیو ویڈیو ختم ہوگئی تاہم عینی شاہدین نے کہا کہ جج نے سابق تھائی بادشاہ کی تصویر کے سامنے آئینی حلف کے الفاظ دہرائے اور پھر خود کو گولی مار لی۔
 
عدالتی دفتر کے ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹرز جج کا علاج کر رہے ہیں اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ جج نے ذاتی دباؤ کی وجہ سے خود کو گولی ماری تاہم اس دباؤ کی وجہ فی الوقت واضح نہیں جس کی تحقیقات کی جائے گی۔
 
 
 
 
 
لندن :ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کی ویب سائٹ ہالٹ دی ہیٹ نے کہا ہے کہ بھارت میں 2016 سے نفرت انگیزی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جو رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں بدترین حد تک پہنچ گیا ہے۔
 
ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کی رپورٹ میں کہاگیاکہ 2019 کے ابتدائی 6 ماہ میں 181 مبینہ نفرت انگیز واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جو گزشتہ تین برس کے اس دورانیے سے دوگنا ہے۔
 
رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ کی رپورٹ میں بھارت میں صورت حال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں صورت حال خطرناک ہے۔
 
ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کے نمائندے آکار پٹیل کا کہنا تھا کہ بھارت نے نفرت انگیز جرائم کے خاتمے کا عزم کیا تھا جہاں لوگوں کو ان کی شناخت، مذہب، ذات، جنس اور دیگر بنیادوں پر نشانہ بنایا جاتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ بھارت کے قوانین میں خامیوں کی نشان دہی کی جائے اور ان واقعات کو ترتیب دیا جائے۔
 
بھات کی ریاست اترپردیش میں 52 سالہ محمد اخلاق کو گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں قتل کیے جانے کے بعد نفرت انگیز واقعات کے حوالے سے ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 2015 میں ہالٹ دی ہیٹ ویب سائٹ کا اجرا کیا تھا۔
 
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2015 سے جون 2019 تک ہالٹ دی ہیٹ نے بھارت میں مجموعی طور پر 902 واقعات ریکارڈ کیے جن میں سے 181 مبینہ نفرت انگیز واقعات رواں برس جنوری سے جون کے درمیان پیش آئے،ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں سے 37 ہلاکتیں بھی ہوئیں۔
 
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون 2019 کے دوران دو تہائی واقعات دلت شناخت پر پیش آئے اور دوسرے نمبر پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے 40 واقعات ریکارڈ ہوئے، آدیواسی 12، عیسائی 4 اور جنسی تفریق پر 6 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
 
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ ان میں سے کئی واقعات دلت کو سرعام چلنے، پانی اور اسکولوں کی سہولت سے دور رکھنے سے متعلق تھے، گائے اور غیرت کے نام پر قتل کے 17 واقعات رپورٹ ہوئے۔
 
رپورٹ کے مطابق کئی افراد کو ان کی مخصوص شناخت پر نشانہ بنایا گیا، جن خواتین نے خود کو دلت، مسلمان، عیسائی یا کسی جنس کے حوالے سے شناخت کرائی ان کو نشانہ بنانے کے 58 واقعات پیش آئے جن میں 30 خواتین کو یا تو ریپ کا نشانہ بنایا گیا یا جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔
 
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ویب سائٹ کی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ فروری 2019 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں بھارتی فوج کے 42 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد ہجوم کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے 14 واقعات بھی پیش آئے اور نشانہ بننے والے اکثر کشمیری چھوٹے تاجر تھے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ فروری 2019 میں سب سے زیادہ 37 واقعات پیش آئے جس کے بعد مارچ میں 36 نفرت انگیز واقعات رپورٹ ہوئے،بھارت میں ہجوم کی جانب سے نشانہ بنانے کے واقعات کے حوالے سے کہا گیا کہ ہجوم کا نشانہ بننے والے واقعات مجموعی طور 72 ریکارڈ ہوئے جن میں سے نصف سے زیادہ 37 واقعات میں مسلمان نشانہ بنے۔
 
رپورٹ کے مطابق ان تمام واقعات میں متاثرین کو یا تو وندے ماترم یا جے شری رام یا جے ہنومان یا پاکستان مردہ باد کہنے یا سر سے ٹوپی اتارنے پر مجبور کیا گیا جبکہ 5 افراد کو ہجوم کے تشدد میں مارا گیا۔
 
ایمنسٹی انٹرنیشل کا کہنا تھا کہ بھارت میں 2015 میں نریندر مودی کی قیادت میں بننے والی بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کی حکومت کے دوران اترپردیش، گجرات، راجستھان، ہریانہ اور شدت پسند جماعت کی قیادت میں تامل ناڈو میں نفرت انگیز واقعات میں بدترین اضافہ ہوا ہے۔
 
 
 
 
کر اچی : پی آ ئی اے کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے تحفہ کے طور پر اضافی سامان کی نئی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔
 
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ۤئی اے نے مسافروں کے اضافی سامان کی بکنگ پر نئی اسکیم متعارف کرائی ہے، جس کے تحت مسافروں کو اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔
 
پی آئی اے نے مذکورہ اسکیم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے تحفہ کے طور پر متعارف کرائی، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ شیڈول فلائٹ سے چار گھنٹے قبل مسافروں کو اضافی سامان کی بکنگ پر پچاس فیصد تک رعایت ملے گی۔
 
اسکیم سے برطانیہ ،کیینڈا ،یورپ سمیت دیگر خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی، ترجمان کے مطابق اضافی سامان کی نئی اسکیم سے اوورسیز پا کستانیوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
 
 
اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے مسا فروں کے لیے بھی سہو لت میسر ہوگی، قومی اییر لائن کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام سے ادارے کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوگا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
لاہور : پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے سولو فلائٹ کا فیصلہ کیا ہے، اے پی سی کی روشنی میں مولانا کا فیصلہ ٹھیک ہے، پیپلزپارٹی سندھ سے دوبارہ جلسوں کا آغاز کرے گی۔
 
 حکومت کیخلاف احتجاج کا تمام اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا لیکن اپوزیشن نے مشترکہ اور متفقہ فیصلہ نہیں کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سولو فلائٹ کا فیصلہ کیا ہے، اے پی سی کی روشنی میں مولانا کا فیصلہ ٹھیک ہے، پیپلزپارٹی خود بھی رواں ماہ سے مارچ کا سلسلہ شروع کر رہی ہے۔
 
ایک سوال کے جواب میں قمرزمان کائرہ نے کہا کہ جے یو آئی کے مارچ میں بھی شامل ہوسکتے ہیں، تاہم پیپلزپارٹی دھرنے کے خلاف ہے کیونکہ یہ ملک دھرنوں سے ڈسا ہوا ہے۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مذہبی ایشوز کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرے گی، ہم مذہب کارڈ کے استعمال کے خلاف ہیں، پیپلزپارٹی رواں ماہ ہی سندھ سے مارچ کا آغاز کرے گی۔
 
 
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے ماہ اکتوبر میں آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے، ن لیگ کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کے اکتوبر میں اعلان کردہ آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ مارچ میں عملی شرکت کیلئے جے یو آئی ف سے مشاورت کریں گے، تاہم آزادی مارچ میں شرکت کا حتمی فیصلہ نوازشریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
 
 
 
 
 
لاہور: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد سیاسی تھی۔
 
پاکستان تحریک انصاف نے دھرنا سیاسی جدوجہد کے لیے دیا تھا جبکہ اپوزیشن کی تحریک کا کوئی مقصد نہیں ہے۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام جانتے ہیں مولانا صاحب کس وجہ سے بے چینی ہے، انہیں پہلی بار کسی حکومت میں حصہ داری نہیں مل سکی۔
 
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ مولانا تمام ادوارمیں حکومتوں کاحصہ رہےہیں اوراب اُن سے باہر رہنا برداشت نہیں ہورہا۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخواہ کے وزیرسیاحت عاطف خان نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اسلام کا نہیں بلکہ اسلام آباد کا درد ہے، وہ 17 سال بعد بے روزگار ہوئے ہیں۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ مولانافضل رحمان 17سال بعدبےروزگار ہوئے، اُن کے پاس اب نوکرچاکراورسرکاری دفترنہیں تو وہ تکلیف میں ہیں، فضل الرحمان تھوڑا صبر کریں کیونکہ انہوں نے 30 سال تک اقتدار کے مزے لوٹے ہیں۔
 
یاد رہے کہ جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اُن کی جماعت کے کارکن 27 اکتوبر کو ملک بھر سے اسلام آباد کے لیے مارچ کرنا شروع کریں گے اور آزادی مارچ کے شرکاء ڈی چوک پر مظاہرہ کریں گے۔
میر پور: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں اتوار کی علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
 
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر اور میرپور میں 24 ستمبر کو آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اتوار کی علی الصبح ایک مرتبہ پھر مختلف علاقے زلزلے کے جھٹکوں‌ سے لرز اٹھے جس سے شہریوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔ خالق آباد میں مکان زمین بوس ہونے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
 
قومی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ صبح 5 بج کر 36 منٹ پرآیا، جس کا مرکز جہلم سے 15 کلومیٹرمغرب کی طرف تھا،زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر3.8 ریکارڈ کی گئی۔

مانِترنغ ڈیسک : بالوں کا گرنا خوبصورتی کو متاثر کرتا ہے، یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا بہت سی خواتین اور مردوں کو کرنا پڑتا ہے، بال جھڑنے کی بے شمار وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں غیر میعاری خوراک، ناقص شیمپو اور جسم میں ضروری وٹامنز کی کمی سر فہرست ہیں۔

کڑی پتوں کے بارے میں ہم سب کو معلوم ہی ہوگا کہ یہ کھانے میں ذائقہ بڑھانے کے کام آتا ہے، ان کڑی پتوں کو کھانے میں استعمال کرنے کے علاوہ انسان کی صحت کو بہتر بنانے میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کڑی پتے قیمت میں بھی سستے ہوتے ہیں اور ان سے بالوں کے جھڑنے کا علاج بھی کیا جا سکتا ہے۔

کڑی پتے میں وٹامن سی، فاسفورس، آئرن اور کیلشیم وافر مقدارمیں پایا جاتا ہے جو بالوں کی نشونما بہتر کرنے کی صلاحیت اور بالوں کو گرنے سے روکنے میں انتہائی مفید ہوتے ہیں۔

آئیے ہم آپ کو وہ طریقے بتائیں جن کو آزما کر آپ بالوں کے جھڑنے کو روک سکتے ہیں۔

کڑی پتے اور ناریل کا تیل

ناریل کے تیل میں کڑی پتوں کو ڈال کر اتنا پکائیں کہ کڑی پتوں کا رنگ تبدیل ہو جائے، پھر اسے ٹھنڈا کر کے چھان کر ایک بوتل میں ڈال کر رکھ لیں۔ اس تیل سے ہفتے میں 2 مرتبہ سر کا مساج کیا جائے تو بالوں کا جھڑنا کافی حد تک کم ہو جاتا ہے، اگر اسے مستقل مزاجی سے استعمال کیا جائے تو بالوں کا جھڑنا مکمل طور پر بھی ختم ہو جائے گا۔

کڑی پتوں کا پانی

اگر آپ کے بال روکھے ہیں اور کنگھا کرتے ہوئے بہت جلدی ٹوٹ جاتے ہیں تو اس کے لیے ایک پتیلے میں پانی لیجیے اور اس میں کڑی پتوں کو شامل کر کے جوش دیجیے،  جب یہ پانی اچھی طرح اُبل جائے تو اسے ٹھنڈا کر کے نہاتے وقت بالوں میں شیمپو کرنے کے بعد سر پر اچھی طرح ڈال لیجیے، ایسا کرنے سے بال چمکدار اور ٹوٹنا بند ہو جائیں گے۔

پشاور: پشاور میں تھانہ چمکنی کے علاقہ جھگڑا میں غیرت کے نام نوجوان اور لڑکی کو قتل کر دیا گیا جبکہ دونوں کی لاشیں دریائے باڑہ میں پھینک دی گئیں۔
 
تھانہ چمکنی کی حدود میں دریائے باڑہ علاقہ جھگڑا سے ایک لڑکے اور ایک جوان العمر لڑکی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے، لڑکے کی شناخت جواد ولد فاروق سکنہ خالق آباد چمکنی کے نام سے ہوئی ہے۔
 
پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس نے مقتول جواد کے لواحقین کو اطلاع دے دی ہے جس کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔