Wednesday, 20 November 2024
 
 
 
 
 
 
نئی دہلی :بھارتی خلائی ادارے اسرو (انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن) کے سائنسدان سریش کمار کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کردیا۔
 
تفصیلات کے مطابق 56 سالہ سریش کمار بھارتی خلائی ادارے کے ذیلی ادارے نیشنل ریموٹ سینسنگ سینٹر (این آر ایس سی) میں بطور سائنسدان خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
 
رپورٹس میں بتایا گیا کہ سریش کمار بھارتی شہر حیدر آباد میں اکیلے رہتے تھےمنگل کے روز دفتر سے غیر حاضری پران کے ساتھیوں نے رابطے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر ان کی اہلیہ کو آگاہ کیا گیا۔
 
رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر چنئی میں رہائش پذیر سریش کمار کی اہلیہ نے پڑوسیوں سے رابطہ کیا جنہوں نے پولیس کی مدد سے گھر کا دروازہ توڑ ا جہاں ان کی خون میں لت پت لاش ملی۔
 
پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سریش کمار کی موت سر میں بھاری چیز لگنے سے ہوئی ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کی چاند پر اترنے کی دوسری کوشش بھی ناکام ہوگئی تھی اور خلائی مشن چندریان ٹو کا رابطہ چاند پر لینڈنگ سے چند منٹ پہلے منقطع ہوگیا تھا۔
 
 
 
 
 
لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ 35 سال سے اقتدار میں ہے کچھ کو آئے جمعہ جمعہ ہوا ہے، بتائیں پہلے 35 سال والے کا احتساب ہوگا یا جو ابھی اقتدار میں آئے۔
 
قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال نے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ جرم ہے، سپریم کورٹ نے کئی کیسز ہمارے حوالے کیے، ٹیکس سے بچنا اور منی لانڈرنگ الگ الگ ہیں۔
 
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس معاملات کے تمام کیسز ایف بی آر کو بھیجیں گے، ٹیکس معاملات کا کوئی کیس نیب نہیں دیکھے گا۔ بینک ڈیفالٹ کا نیب نے کبھی براہ راست کیس نہیں دیکھا۔ بینک نادہندہ سے متعلق بھی کبھی نیب نے براہ راست مداخلت نہیں کی۔
 
انہوں نے کہا کہ نیب اپنے دائرہ کار سے نکل کر کوئی کام نہیں کرتا، قومی احتساب بیورو عوام دوست ادارہ ہے۔ نادہندہ سے متعلق بینک درخواست کرے تو دیکھتے ہیں۔ کسی کو سزا اور جزا دینا عدالتوں کا کام ہے۔ اقبال زیڈ احمد کا معاملہ علم میں ہے ایک ایک چیز جانتا ہوں۔ اقبال زیڈ احمد کی خدمات کے بارے میں بھی علم ہے۔
 
چیئرمین نیب نے کہا کہ پاناما کے دیگر کیسز بھی چل رہے ہیں، پاناما میں دیگر ممالک شامل ہیں جواب جلدی آتا ہے تو کیس آگے بڑھتا ہے۔ یہ بات 100 فیصد غلط ہے کہ نیب میں حکومت مداخلت کر رہی ہے۔ عدلیہ میں 35 سالہ دیانتداری اور ایمانداری کا تجربہ داؤ پر نہیں لگاؤں گا۔
 
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل پر سوال کریں تو کہا جاتا ہے معمار قوم کو گرفتار کرلیا، قوم کے معمار غلطی کریں گے تو حساب بھی دینا پڑے گا۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ضعیف ماں کا بیٹا ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر دم توڑ دیتا ہے کیوںکہ اسپتالوں میں کتے کاٹے کی ویکسین موجود نہیں۔
 
چیئرمین نیب نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم لاہور سے شروع ہو کر اسلام آباد پہنچتا ہے، وہاں سے دبئی اور دیگر ریاستوں میں پہنچ جاتا ہے۔ سو ارب خرچ ہوا اور بچے رکشوں اور فرش پر جنم لے رہے ہیں۔ ایک شخص کو میں نے 90 کی دہائی میں موٹر سائیکل پر دیکھا آج اس کے دبئی میں ٹاورز ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ 35 سال سے اقتدار میں ہے کچھ کو آئے جمعہ جمعہ ہوا ہے، بتائیں پہلے 35 سال والے کا احتساب ہوگا یا جو ابھی اقتدار میں آئے۔ میری منظوری کے بغیر کوئی پلی بارگین نہیں ہوسکتی۔
 
 
 
 
 
 
کراچی: شہر قائد میں ایک اور طالبہ ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کی بھینٹ چڑھ گئی، اس سے پہلے بھی کئی معصوم پولیس اور ڈکیتوں کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔
 
حالیہ واقعہ کراچی کےعلاقے گلشن اقبال میں واقع موچی موڑکےقریب پیش آیا جہاں علی الصبح ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سےنجی یونیورسٹی کی طالبہ جاں بحق ہوگئی۔
 
پولیس کےمطابق طالبہ مصباح اطہر کے والد معمول کے مطابق اسے یونی ورسٹی چھوڑنے جارہےتھےکہ موچی موڑکےقریب ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ واردات کے دوران مسلح ملزمان نے موبائل اور پرس چھینے اور اسی دوران انہوں نے فائرنگ کردی۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤ ں کی فائرنگ سے ایک گولی مصباح نامی طالبہ کے سر میں لگی جو کہ اس کی موت کا سبب بن گئی۔واقعہ صبح سات بجے پیش آیا۔ ڈکیتی اور قتل کی یہ واردات دو نامعلوم ملزمان کے ہاتھوں عمل میں آئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھے، تاحال ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
 
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں شہر قائد کے علاقے انڈا موڑ پر پولیس مقابلے کی زد میں آکر نمرہ نامی طالبہ سر پر گولی لگنے کے سبب جاں بحق ہوگئی تھی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 23سال کی نمرہ کو رات 10بجکر21 منٹ پرجس وقت جناح اسپتال کراچی لایاگیا وہ دم توڑ چکی تھی، طالبہ کے سر کے سیدھے حصے پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی تھی۔
 
اسی برس اپریل میں صفورہ چورنگی کے قریب پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے مقابلے کے دوران دو سالہ معصوم ا حسن جاں بحق اور اس کا والد کاشف شیخ زخمی ہوگیا تھا، پولیس نے مقابلہ کرنے والے چار اہلکاروں کو حراست میں لے لیا تھا ، بعد ازاں آئی جی سندھ نے اس واقعے پر احسن کے ورثا ء سے معافی بھی مانگی تھی۔
 
رواں سال اپریل 2019 تک کراچی میں اس نوعیت کے مختلف واقعات میں 11 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔ ا ن واقعات پر گزشتہ برس امل نامی ۱۱ سال کی بچی کی ہلاکت کے بعد سندھ حکومت نے قانون سازی بھی کی تھی تاہم ابھی تک ایسے واقعات کی روک تھام ممکن نہیں ہوسکی ہے۔

 لاہور:سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کراچی میں ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد لاہور پہنچ گئی۔

مہمان ٹیم آج شام صوبائی دارالحکومت پہنچے گی، سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچنے پر پاکستانی  کھلاڑیوں کو ہار پہنائے گَئے اور انہیں خوش آمدید کہا گیا، سیریز جیتنے پر تمام کھلاڑی بہت خوش دکھائی دے رہے تھے۔  ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل کئے گئے تینوں کھلاڑی احمد شہزاد ، عمر اکمل اور فہیم اشرف پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں ۔

قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹونٹی میچز 5 ، 7 اور 9 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ پروگرام کے مطابق دونوں ٹیمیں 4 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی، ٹیموں کے کپتان ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ نشترپارک اسپورٹس کمپلکس میں واقع کے داخلی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمد و رفت کے لیے بند کردیاگیاہے، ان میچوں کے لیے اہلکاروں سمیت تمام متعلقہ افراد کو خصوصی کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی ہاؤسنگ اسکیمیں بنائیں تاکہ اہلکار اپنے گھرمیں رہنے کے قابل ہوں۔
 
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت محکمہ پولیس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انہوں نے پولیس اسپتال پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی ہدایت کردی۔
 
مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس والوں کو صحت کارڈ ملنے میں مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ہاؤسنگ اسکیمیں بنائیں تاکہ اہلکار اپنے گھرمیں رہنے کے قابل ہوں۔
 
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہرتھانے کو 50 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے، 50 ہزارپیٹرول، اسٹیشنری و دیگراخراجات پرخرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیسے جیسے ہی خرچ ہوں گے مزید پیسے ڈال کر 50 ہزار کردیے جائیں۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کابینہ نے پولیس قانون پرکمیٹی کی منظوری دی تھی۔
 
سیکرٹری داخلہ نے سندھ کابینہ کو بریفنگ میں بتایا تھا کہ پولیس قانون میں مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی میں مشیر قانون، ایڈووکیٹ جنرل سندھ شامل ہیں۔
 
 
 
سری نگر : مقبوضہ کشمیرکی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے کہا کہ کشمیریوں کوعمران خان کا اقوام متحدہ میں کشمیر پربات کرنا اچھا لگا، نوجوان عمران خان کی تقریر کے بعد سڑکوں پر نکلے اور نعرے لگائے۔
 
مقبوضہ کشمیرکی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے برطانوی نشریاتی ادارے کوانٹرویو میں کہا ہے کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر پر بات کی، کشمیریوں کو عمران خان کا کشمیر پر بات کرنا اچھا لگا، کشمیری نوجوان عمران خان کی تقریر کے بعد سڑکوں پر نکلے اور نعرے لگائے۔
 
التجا مفتی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں زندگی معمول کے مطابق نہیں، کشمیری نوجوانوں میں بھارت مخالف جذبات ہیں، بھارت لنچستان بن چکا ہے، ہجوم کے ساتھ مل کرمسلمانوں پر تشدد کرنے والے وزیروں کو ہار پہنائے جاتے ہیں۔
 
مودی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئین کی شق 370 اور ترقی کا آپس میں کوئی لینا دینا نہیں ہے لیکن چونکہ بھارتی حکومت دنیا کے سامنے ایک جواز پیش کرنا چاہتی ہے اس لیے وہ عذرلنگ تراش رہی ہے۔
 
مودی حکومت کے اقدامات اور عزائم کے حوالے سےالتجا مفتی کا کہنا تھا کہ یہ نہیں چاہتے ہیں کہ کشمیر پر کوئی آواز اٹھے۔
 
محبوبہ مفتی کی بیٹی نے مزید کہا کہ ایک دفعہ انٹرنیٹ آجائے گا تو کشمیری بتائیں گے کہ دو ماہ میں ان پر کیا گزری ہے؟ انہیں کیسے قید میں رکھا گیا ؟ اور کس طرح لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا؟
 
یاد رہے چند روز قبل بھی ایک انٹرویو کے دوران التجا نے کہا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ بہت ظلم ہورہا ہے، نوجوان بوڑھے اور بچے سب پریشان ہیں، بازار بند ہیں، مواصلاتی نظام بھی شروع نہیں ہوا جبکہ پابندی ڈال کر 52 دن گزر چکے ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی قانون کی دھجیاں اُڑا رہی اور کشمیریوں پر ظلم کرکے یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ہے، مگر عوام پریشان ہیں، لوگ مکمل طور پر ایک دوسرے سے کٹے ہوئے ہیں کو خیر خیریت معلوم نہیں ہو رہی ہے یہ کہاں کا انصاف ہے۔

مانیٹرنگ ڈیسک: چاولوں کا پانی ہماری جِلد کے لیے  بےحد فائدے مند ہوتا ہے اور قدیم دور سے ہی لوگ اسے استعمال کرتے آرہے ہیں جب کہ جِلد کے ماہرین بھی چاول کے آٹے اور پانی کو جِلد کے مؤثر قرار دیتے ہیں۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی جِلد بھی حَسین، خوبصورت اور چمکدار نظر آئے تو آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں چاولوں سے تیار کردہ ایسا فیس ماسک جس کو لگانے سے آپ کی جلد بھی ترو تازہ ہوجائے گی۔

ماسک تیار کرنے کا طریقہ

چاول کا ماسک تیار کرنے کے لیے ایک بڑا چمچہ چاول کا پاؤڈر لیجیے، پھر اس کے میں ایک بڑا چمچہ بیسن اور ایک چٹکی ہلدی شامل کر لیجیے۔

ان تمام چیزوں کو یکجا کرنے کے بعد اس میں دودھ یا عرق گلاب ڈال کر اپنے چہرے پر ہلکے ہاتھ سے مساج کیجیے۔

مساج کرنے کے بعد اسے اپنے چہرے پر 15 سے 20 منٹ کے لیے لگا رہنے دیں۔

جب ماسک خشک ہوجائے تو  اسے دھو لیں، ایسا کرنے سے چہرہ ترو تازہ اور جلد بھی ملائم ہوجاتی ہے۔

 
 
 
 
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دن رات کی محنت سے نہ صرف پاکستان کو اندھیروں سے نکالا ہے بلکہ درست سمت میں بھی گامزن کیا ہے۔
 
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی نوعیت مختلف ہونے کی وجہ سے کبھی متحد نہیں ہو سکتیں اور ان کی فرینکونسی تبدیل ہوتی رہتی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران اپنی طرف سے تو ملک کو اندھے کنویں میں دھکیل کرگئے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان نے دن رات کی محنت سے نہ صرف پاکستان کو اندھیروں سے نکالا ہے بلکہ درست سمت میں بھی گامزن کیا ہے۔
 
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ والے آگاہ ہیں کہ موجودہ حکومت اصلاحات کے ذریعے ملک کو جس جانب گامزن کر رہی ہے، آنے والے چند سالوں میں ان کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہوگا جس کی وجہ سے ان کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔
 
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وژن رکھنے والے لیڈر ہیں اور ان کی قیادت میں بہتری کی جانب پیشرفت کی جا رہی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس سوائے اپنی کرپشن پر واویلا کرنے کے کوئی کام نہیں ہے، اس لیے کبھی آزادی مارچ، کبھی لاک ڈاﺅن اور کبھی مشاورت کے نام پر چھُپن چھپائی کھیل رہی ہیں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار غیر ملکی لیگ کا حصہ بننے والی پہلی پاکستان کرکٹر بن گئیں۔

پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹر ندا ڈار آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، ان کا سڈنی تھنڈر سے معاہدہ ہو گیا ہے اور وہ کسی بھی انٹرنیشنل لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔

آل راؤنڈر ندا ڈار آسٹریلیا کی ویمن بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کریں گی، ندا کا شمار پاکستان کی تجربہ کار ویمن کرکٹرز میں ہوتا ہے۔

اب ان کے نام یہ بھی اعزاز ہوگیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر ملکی لیگ میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن جائیں گی۔

آف اسپنر ندا ڈار 96 ٹی ٹوئنٹی اور 71 ون ڈے میچزمیں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں، وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 88 وکٹیں لینے والی کھلاڑی ہیں۔ ندا ڈار 5 اکتوبر کو آسٹریلیا روانہ ہوں گی۔

 
 
 
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سولر کمپنیوں کو کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
 
وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت اجلاس ہوا میں جس میں سولرانرجی کے لیے پبلک پرائیویٹ اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیا۔
 
سولر کمپنیز نے شمسی توانائی کی فراہمی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
 
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت سولر انرجی کا استعمال بڑھانے کی حکمت عملی بنا رہی ہے۔
 
صوبائی وزیر نے کہا کہ سولر کمپنیاں انڈسٹریل اسٹیٹس کے لیے شمسی توانائی کا قابل عمل پلان دیں، سولر کمپنیوں کو کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
 
 
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اطلاعات پنجاب میاں‌ اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے، ملک کو مستحکم بنیادیں دینا چاہتے ہیں۔
 
میاں‌ اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ کہ انشاءاللہ آنے والے چار برس ترقی وخوشحالی کی نوید ثابت ہوں گے اور عام آدمی کی مشکلات کم سے کم کرنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام جاری ہے۔