لاہور: لاہور میں پاک سری لنکا ٹوئنٹی 20سیریز کیلیے کڑا سیکیورٹی حصار قائم کر دیا گیا اور نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے علاقے کو بدھ سے عوامی سرگرمیوں کیلیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
کراچی کے بعد لاہور میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کا میدان سجنے کو ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان5 اکتوبر سے شروع ہونے والی 3 ٹوئنٹی 20میچز پر مشتمل سیریز کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے علاقے کو بدھ سے عوام کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز بھی اسی روز ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مجموعی طور پر 12ہزار پولیس اہلکاروں کی خدمات لی جائیں گی، پاک آرمی اور رینجرز کے چاک وچوبند دستے الگ ہوں گے۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں موجود سیکیورٹی اینڈ ویجلینس سیل کے اہلکار درجنوں خفیہ کیمروں کی مدد سے ہر آنے جانے پر کڑی نظر رکھیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں پچزکی تیاری کا کام بھی آخری مراحل میں ہے،مقابلوں کے دوران شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلیے پی سی بی کی طرف سے سپورٹنگ پچز تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،اس اسٹیڈیم میں رنگ وروغن کا کام مکمل ہو چکا جبکہ خفیہ کیمروں کو بھی چیک کر لیا گیا ہے۔
لاہور:اپنی اداکاری سے سب کو محظوظ کرنے والے بھولے کو کس نے نہیں سراہا تاہم اداکارفردوس جمال نے ماہرہ خان کے بعد اب ایک بارپھرعمران اشرف پر وارکرنا شروع کر دیئے۔
پاکستانی اداکار فردوس جمال نے کچھ عرصے قبل اداکارہ ماہرہ خان پرتیربرسائے تھے اورکہا تھا کہ ماہرہ خان کو اب اداکارہ کا نہیں بلکہ ماں کا کردارادا کرنا چاہیئے جب کہ ان کے نزدیک ماہرہ خان ہیروئن بننے کے لائق نہیں ہیں، جس پرماہرہ خان نے بھی انہیں جواب دیا تھا جب کہ ماہرہ خان کے مداحوں کی جانب سے بھی فردوس جمال پرکڑی تنقید کی گئی تھی۔
اب اداکارفردوس جمال نے ایک بار پھرٹی وی شو کے دوران عمران اشرف کی طرف توپوں کا رخ موڑتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ ’’رانجھا رانجھا کردی‘‘ میں ان کی جانب سے ادا کیا گیا بھولے کا کرداربہترین اداکاری نہیں بلکہ محض دکھاوا تھا، اورایسا کردارپہلے بھی بہت سے فنکارادا کرچکے ہیں اورعمران اشرف نے اُن جیسی ہی اداکاری کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی ایک بھی ایسا اداکار نہیں جو آگے چل کر ایک اسٹاربن جائے۔
واضح رہے کہ اداکار فردوس جمال پرماہرہ خان کی اداکاری کرنے پربھی تنقید کی گئی تھی اور اب بھولے کی اداکاری پروار کرنے کے بعد انہیں ایک بار مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دو اکتوبر کو مغرب سے پاکستان میں داخل ہونے والا بارش اور ہواؤں کا سلسلہ شہر میں ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 2 اکتوبر کو ایک نیا سلسلہ مغرب کی جانب سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے سبب کراچی میں پھوار اور ہلکی بارش کے ساتھ تیز سمندری ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق ہواؤں اور بارش کے اس نئے سلسلے کا مون سون سے کوئی تعلق نہیں، مون سون کی بارشیں اختتام کو پہنچ چکی ہیں، مغربی سسٹم کے اثرات کی وجہ سے اکتوبر کا پہلا ہفتے قدرے بہتر رہنے کا امکان ہے۔ سردارسرفراز کے مطابق شہر میں گذشتہ دنوں بارشوں کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباو ہنوز گجرات پر موجود ہے جس کے اثرات کے نتیجے میں سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں پھر معمولی متاثر ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر میں گرمی کا پارہ 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے قت کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری رہا، گذشتہ روز ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے زیادہ 64 فیصد رہا جس کی وجہ سے حدت رہی اور گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زائد رہی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آج (منگل) کو شہر کا مطلع گرم و مرطوب رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے