کراچی: سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ کراچی میں 7 ریکٹر کا زلزلہ آگیا تو 50 لاکھ سے ایک کروڑ کی آبادی ختم ہوجائے گی۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرف اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ کے روبرو سی بریز پلازہ گرانے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے آپ کے افسران اور ملازمین صرف مفت کی تنخواہ لے رہے ہیں۔ بتائیں کراچی میں کتنی بلڈنگز زیر تعمیر ہیں؟ ڈی جی ایس بی سی اے نے بتایا 4 سے 5 سو عمارتیں ہوں گی۔ جسٹس گلزار احمد نے ریماکس دیئے آپ ہمیں بے وقوف سمجھتے ہیں ؟ ہمیں نہیں معلوم یہاں کیا ہورہا ہے؟ آپ کو شرم نہیں آتی کراچی کے ساتھ کیا سلوک کیا ہے۔
جسٹس سجاد علی شاہ نے ریماکس دیئے آپ نے دہلی کالونی میں 30 گز پر 11 منزلہ عمارت کی تعمیر کی اجازت دی۔ ہائیکورٹ نے گرانے کا حکم دیا تو کنٹونمنٹ نے کہا ہمارے پاس اختیار نہیں ہے۔ عدالت میں موجود وکیل نے موقف دیا کہ سی بریز پلازہ خالی ہے وہاں کوئی آباد نہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے ریماکس دیئے یہ کیسے ہوسکتا ہے کوئی عمارت کراچی میں 40 سال تک خالی رہے اور قبضہ نہ ہو۔ عدالت نے سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے افغان شہری کی گرفتاری کالعدم کرنے کے فیصلے کے خلاف محکمہ کسٹمز کی نظر ثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے افغان شہری کو اپنے ملک جانے کی اجازت دے دی۔
دوران سماعت چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ریما رکس دیے کہ ایک جانب تو افغان مہاجرین کو واپس جانے کیلیے سرکار پیسے دیتی ہے اور دوسری طرف کسٹمز حکام افغان شہری کو واپس جانے سے روکنے کیلیے عدالت پہنچ گئے، ہم تو افغانیوں کی منت کر رہے ہیں کہ واپس چلے جائیں، وہ جانا چاہتا ہے اور آپ جانے سے روک رہے ہیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو عدالت کوبتایا گیاکہ ٹرائل کورٹ نے ملزم کو بری کرتے ہوئے افغانستان جانے کی اجازت دے دی تھی، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ برقرار رکھا لیکن محکمہ کسٹمز نے فیصلہ چیلنج کردیا۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ڈیمز فنڈ میں موجود رقم کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ نے ڈیمز فنڈ میں موجود رقم کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے، عدالت نے اسٹیٹ بنک کو فنڈ میں موجود 10 ارب 60 کروڑ روپے نیشنل بنک کو منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے مطابق 19 جون کو ٹی بلز کی نئی بولی کے بعد منافع کی شرح کا اعلان ہوگا، نیشنل بنک سپریم کورٹ کی جانب سے بولی میں حصہ لے گا جب کہ طے شدہ شرح منافع پر ڈیمز فنڈ کی ٹی بلز میں 3 ماہ کے لیے سرمایہ کاری ہوگی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے حکم جاری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے دو ڈیمز دیامیربھاشا اورمہمند کی تعمیرکے لیے فنڈز قائم کیے تھے جس میں پاک فوج، سرکاری ملازمین، قومی کھلاڑیوں، اداکاروں اور سماجی شخصیات سمیت عام افراد نے پیسے جمع کرائے تھے۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اورنج لائن کے راستے میں جو آئے اسے ٹریک کا حصہ بنادیا جائے۔
جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کیس کی سماعت کی۔
جسٹس عظمت سعید نے ہدایت کی کہ فنڈز کی وجہ سے منصوبے پر کام نہیں رکنا چاہیے، پراجیکٹ کے راستے میں جو آئے اسے ٹریک کا حصہ بنادیا جائے، تعمیراتی کمپنیاں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گی توکہیں اور جائیں گی، منصوبے پر کام نہیں ہوگا تو معاملہ نیب کو بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
عدالت نے صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکریٹری فنانس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، نیب پراسیکیوشن ٹیم کے نمائندے اور تعمیراتی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیوز کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔