بدھ, 02 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

نیدرلینڈز: 5G نیٹ ورکس سے تحفظ فراہم کرنے کی دعویدار اشیاء مثلاً گلے کے ہار یا بریسلٹ وغیرہ انتہائی ریڈیائی لہروں کی حامل قرار دی گئی ہیں۔

غیرملک خبررساں ادارے کے مطابق ڈچ اتھارٹی برائے جوہری ہتھیاروں اور تابکاری سے تحفظ (اے این وی ایس) نے ایسی 10 مصنوعات کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے جو انسانوں کیلئے نقصان دہ خطرناک تابکاری شعاعوں کی حامل ہیں۔

اتھارٹی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی مصنوعات ہرگز نہ پہنیں جنہیں طویل مدت تک استعمال کیا جائے تو صحت کے اعتبار سے اس کے نقصانات شدید ہوں۔ مصنوعات میں انرجی آرمر، گلے میں پہنے جانے والے مخصوص ہار اور بریسلٹ شامل ہیں۔

تاہم یہ خیال رہے کہ 5 جی نیٹ ورکس کے نقصانات سے متعلق ابھی تک کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق 5 جی نیٹ ورک بے ضرر ہے اور بنیادی طور پر موجودہ 3 جی اور 4 جی نیٹ ورکس سے مختلف نہیں ہے۔

ڈھاکا: پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین چیمپینز ٹرافی کےسیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں جاری ایشین چیمپینز ٹرافی کے چھٹے ایڈیشن میں پاکستان نے سیمی فائنلز میں جگہ بنالی۔ رابن راؤنڈ میچز کے سلسلہ میں آخری میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 2-6 گول سے شکست دے کر پول پوزیشن بہتر بناتے ہوئے تیسری پوزیشن پر قدم جما دیے۔

پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، کوریا 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ پاکستان پانچ پوائنٹس اور بہتر گول ایوریج کے ساتھ تیسری اور جاپان 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔

ایشین چیمپینز ٹرافی کے سیمی فائنلزکل سے کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سیمی فائنل میں کوریا کے مدمقابل پاکستانی وقت 2:30 بجے دوپہر کھیلے گا جبکہ انڈیا اور جاپان کے مابین میچ 5:00 بجے پاکستان ٹائم کھیلا جائے گا۔

ٹینیسی: ایک امریکی پروفیسر نے طلبا و طالبات کو سبق اچھی طرح پڑھنے کی ترغیب کے طور پر رقم کا لالچ دیا ہے لیکن اس رقم تک صرف اسی وقت پہنچا جاسکتا ہے جب نصاب کو اچھی طرح پڑھا جائے۔

یونیورسٹی آف ٹینسی کے کینیون وِلسن نے ایک لاکر میں 50 ڈالر کا نوٹ بطور انعام رکھا تھا۔ نصاب کے اندر ایک جگہ اس کا اشارہ کچھ یوں دیا گیا تھا۔

’جو بھی پہلے حاصل کرے گا یہ اس کا ہوگا۔ لاکر نمبر 147 اور اس کا کمبی نیشن ہے 15، 25 اور 35۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئی بھی طالبعلم اسے حاصل نہ کرسکا کیونکہ کسی نے بھی سنجیدگی سے نصاب یا کورس نہیں پڑھا تھا۔ کیونکہ سیمسٹر کے اختتام پر جب پروفیسر نے لاکر کھولا تو50 ڈالر کا نوٹ وہیں موجود تھا۔

پروفیسر کینیون نے بتایا کہ بچے نصاب اور مضامین پڑھنے میں دلچسپی نہیں لیتے اور تیزی سے آگے بڑھ جاتے ہیں۔ ان کی جماعت مین 71 طلبا و طالبات تھے لیکن کسی نے بھی مضمون پڑھ کر رقم حاصل نہیں کی۔ حالانکہ پروفیسر نے کلاس کے پہلے ہی روز کہا تھا کہ اب نصاب بدل چکا ہے اور اس لئے ضروری ہے کہ سارے متن کو اچھی طرح پڑھنا ضروری ہوگا۔

پروفیسر کینیون نے لاکر میں رقم کے نیچے مبارک باد کے پیغام کے ساتھ کہا گیا تھا کہ وہ رقم لے کر اپنا نام اور تاریخ ضرور لکھیں تاکہ اس کی تصدیق ہوجائے۔ لیکن کوئی بھی طالبعلم یہ انعام حاصل نہ کرسکا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے طالبعلم پڑھتے ضرور ہیں لیکن وہ حرف بہ حرف پڑھنے کا تکلف نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس رقم سے محروم رہ گئے ہیں۔

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال دسمبراورجنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن کی ملاقاتوں کے بعد نیوزی لینڈ کے پاکستان کے دوروں کو حتمی شکل دی گئی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

مہمان ٹیم کا دوسرا دورہ اپریل 2023 میں ہوگا جہاں وہ 10 وائٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو5ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔دونوں بورڈز اب دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ مارٹن سینیڈن اور ان کے بورڈ کے شکر گزار ہیں اور ان سے ہونی والی ملاقاتوں کے نتائج پر خوش ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ اور مارٹن سینیڈن کی دبئی میں نتیجہ خیز اور تعمیری گفتگو ہوئی جس سے دونوں بورڈز کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

پاکستان مارچ 2022 سے اپریل 2023 کے دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف 8 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔

اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈ میٹرک کے سالانہ امتحانات کےدوسرےمرحلےکے نتائج کا اعلان کل کرے گا

نتائج کااعلان سہہ پہر3 بجے فیڈرل بورڈ کے آڈیٹوریم میں ہوگا ۔

اعلان کے بعد نتائج ویب سائٹ پراپلوڈ کردیئے جائیں گے۔

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈکراچی نے سائنس اورجنرل گروپ ریگولرسالانہ امتحانات 2022ء کیلئےانرولمنٹ فارم جمع کرانےکانیاشیڈول جاری کردیاہے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ہونے کے باعث اسکول سربراہان اور طلباء وطالبات کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بغیر لیٹ فیس کے 31دسمبر 2021ء تک انرولمنٹ فارم جمع کرانے کی تاریخ بڑھا دی گئی ہے۔

انہوں نے بورڈ سے الحاق اسکولوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد طلباء وطالبات کے انرولمنٹ فارم جمع کرا دیں، تاریخ گزرنے کے بعد نئے شیڈول کے مطابق فارم لیٹ فیس کے ساتھ جمع کئے جائیں گے۔گورنمنٹ اسکول بھی اسی شیڈول کے مطابق بغیر کسی فیس کے انرولمنٹ فارم جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کو والدین کی طرف سے مسلسل یہ شکایات آرہی ہیں کہ مختلف اسکولز طلباء و طالبات سے بورڈ کے نام پر امتحانی فیسوں کی مد میں زیادہ فیسیں لے رہے ہیں،چیئرمین بورڈ نے ان تمام اسکولوں کو تنبیہ کی ہے کہ اسکول ز ائدامتحانی فیسیں وصول نہ کریں، بورڈ کی طرف سے پہلے ہی انرولمنٹ کی فیس کم کر کے 900 روپے کر دی گئی تھی اور فارم کی فیس صرف 100 روپے مقرر ہے، شکایت کی صورت میں زائد فیسیں لینے والے اسکولوں کی رجسٹریشن ختم کر دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ 3جنوری 2022ء سے 14جنوری تک 200 روپے، 17جنوری سے 28جنوری تک 600روپے،31جنوری سے 11فروری تک 1200روپے،14فروری سے 25فروری تک 1800روپے،28فروری سے 11مارچ تک 2000روپے اورآخری تاریخ گزرنے کے بعد2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کئے جائیں گے۔ اسکولوں کے سربراہان کو تاکید کی جاتی ہے کہ فارم کو جمع کرانے کیلئے طلباء وطالبات کو انفرادی طور پر بورڈ آفس نہ بھیجا جائے۔

کراچی: جامعہ کراچی نے 12 دسمبر 2021 ء کو ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیئے۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق تعلیمی سال 2022 ء کے ڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،بی ای،بی ایس اور بی ایڈ(آنرز) پروگرام کے لئے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیئے گئے ہیں۔طلبہ نتائج اپنے پورٹل پر دیکھ سکتے ہیں جبکہ حتمی داخلہ فہرست26 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جن کو تاحال انٹرمیڈیٹ کی مارکس شیٹ موصول نہیں ہوئی ان طلبہ کی سہولت کے پیش نظر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ہدایت پر داخلہ کمیٹی کی جانب سے طلبہ کے نتائج کی تصدیق کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کو خط ارسال کردیا گیا ہے تاکہ ان کے نتائج کو بھی حتمی داخلہ فہرست میں شامل کیا جاسکے اور اس کے ساتھ ساتھ حتمی داخلہ فہرست جاری کرنے کی تاریخ 19 دسمبر کے بجائے 26 دسمبر2021 ء کردی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سے مستفید ہوسکیں اورمیرٹ کی بنیاد پر جاری ہونے والی حتمی فہرست کا حصہ بن سکیں۔

علاوہ ازیں شعبہ ویژول اسٹڈیز کی داخلہ فہرست بھی اب 19 کے بجائے 26 دسمبر 2021 ء کو جاری کی جائے گی۔دریں اثناء اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں بھی 28 دسمبر 2021 ء تک توسیع کردی گئی ہے تاکہ داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں سے محروم رہ جانے والے طلبہ بروقت اوپن میرٹ کی بنیاد پر اپنا داخلہ فارم جمع کراسکیں

کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں ”صحت سے متعلق علوم میں آرٹیفیشل انٹلیجنس“کے موضوع پر پیر (20 دسمبر) کوایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوگی۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق یہ ایک روزہ ورکشاپ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کے تحت سرگرم سینٹرفار آرٹیفیشل انٹلیجنس اِن ہیلتھ سائینسز جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے منعقد ہورہی ہے۔

اس ورکشاپ کا آغازصبح 9 بجے ایل ای جے نیشنل سائینس انفارمیشن سینٹر میں ہوگا جس سے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سمیت ملکی و غیر ملکی ماہرین خطاب کریں گے جبکہ اس موقع پربرطانیہ کی یونیورسٹی آف لیسسٹر شائر کے ڈاکٹر عاشق انجم خصوصی خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ ورکشاپ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ورکشاپ ہے جس سے ہلیتھ سائینسز میں آرٹیفیشل انٹلیجنس کی تحقیق کے نئے دریچے روشن ہوں گے۔

کراچی :  ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ریکارڈ کیا گیا۔سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی سخت سردی ہے جب کہ محنت کش سرد موسم میں بھی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سردی میں اضافے کے سبب موسمی بیماریاں بھی بڑھ رہی ہیں جس سے شہری پریشان ہیں۔

دوسری جانب ملک میں سب سے کم درجہ حرارت گوپس میں منفی 16 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، قلات منفی 12،گلگت، کوئٹہ، استور میں منفی 08 ، ہنزہ میں منفی 06 ریکارڈ کیا گیا۔

، مری منفی 1،ایبٹ آباد منفی 3 اسلام آباد ، ڈیرہ اسماعیل خان صفر، ملتان، پشاور1 ،سکھر 4، لاہور ، فیصل آباد، نوابشاہ 6 اور حیدر آباد میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے این سی او سی کے فیصلے کے خلاف موسم سرما کی چھٹیاں 20 دسمبرسےیکم جنوری تک کرنےکااپنافیصلہ برقرار رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق محکمہ تعلیم کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی چھٹیاں کرنے کی منطوری دی گئی تھی۔

اسی فیصلے کے تحت سندھ میں تعلیمی ادارے اسکول و کالجز پیر 20 دسمبر سےیکم جنوری تک موسم سرماکی چھٹیوں کی وجہ سے بند رہیں گے اور بروز 3 جنوری سے سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے۔

واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں چھٹیاں 20 دسمبر بروز پیر سے ہوں گی تاہم ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے ہی اسکول بند رہتے ہیں اس لیے موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہفتہ سے ہی ہوگیا ہے۔