ھفتہ, 18 مئی 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ مخالفین ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ سے ہٹانا چاہتے ہیں جب کہ میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے مثبت اقدام پربھی منفی رویئے کا اظہار کررہے ہیں۔ جبکہ پاناما لیکس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کی رائے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرنگرانی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا جب کہ قوم کو اپنے اثاثوں سے متعلق پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ہیں لیکن اس کے باوجود میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے ہمارے مثبت اقدام پر بھی منفی رویئے کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے اپنا پینترا پھرسے بدل لیا اور وہ ایشوز کے بجائے کھوکھلے نعروں کی سیاست کررہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے تین سالوں میں ریکارڈ منصوبوں کا افتتاح کیا اور یہ رسمی افتتاح نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے مکمل بھی کرائے، ایبٹ آباد، اوگی، شنکیاری اور مانسہرہ میں گیس فراہم کی جائے گی، ارکان پارلیمنٹ صدق دل سے عوام کی خدمت کریں۔

ایمزٹی وی (تعلیم) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے کتابوں کی ترسیل کا آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے طلبہ کو درسی کتابوں کی ترسیل شروع کرد ی ۔ یونیورسٹی کے میلنگ سیکشن نے وائس چانسلر کے دئیے گئے ٹائم فریم کے مطابق کام کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان پوسٹ آفس کے تعاون سے ترسیل کتب کے کام کو تیز کردیا ہے۔ اس حوالے سےپروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے شعبہ ترسیل کتب کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترسیل کتب کے عمل کو کم سے کم وقت میں مکمل کر ے ۔

ایمزٹی وی (تعلیم) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کا نواں کانووکیشن یونیورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں 597طلباو طالبات کو ڈگریاں دی گئیں اور 45 پوزیشن ہولڈر طلبا کو سونے ، چاندی اور کانسی کے میڈل اور ایوارڈ بھی دیے گئ۔ کانووکیشن میں سندھ کے صوبائی سینئر وزیر اور پرو وائس چانسلر نثار احمد کھوڑو، سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر مظہرالحق صدیقی، مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی اور دیگر شریک ہوئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سندھ میں 40جامعات تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں، جامعات کو نئے پراجیکٹس اور اسکیموں پر کام کرنا چاہیے اور جدید نصاب کو رائج کرنا چاہیئے مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے جب زرعی گریجویٹس کو فیلڈ میں کام کرتے ہوئے دیکھتا ہوں۔بیج، پانی، اور مارکیٹنگ سمیت فی ایکڑ پیدوار کے اضافے میں بھی تحقیق کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی میں موجودہ انتظامیہ کے ویژن کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ہم زرعی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ جبکہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر مظہرالحق صدیقی نے کہا کہ سندھ کی زمین زرعی گریجویٹس کے کوششوں اور تحقیق سے سرسبز ہوتی ہے اور زرعی ماہرین زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو زرعی تعلیم پر خاص توجہ دینی ہوگی۔

ایمزٹی وی (تعلیم)جامعہ کراچی نے داخلوں میں توسیع کا اعلان کردیا۔ اعلامیے کے مطابق ایم فل،پی ایچ ڈی،ایم ایس اور ایم ڈی میں داخلوں کے لیے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 5 مئی تک توسیع کردی گئی ہے ۔داخلے کے خواہشمند امیدوار داخلہ فارم جامعہ کراچی کی ویب سائٹ (www.uok.edu.pk)سے ڈاؤن لوڈ کرکے 3 ہزار روپے کے پے آرڈر اوردستاویزات کے ساتھ مجوزہ شعبہ جات میں جمع کراسکتے ہیں۔ا

ایمزٹی وی(تعلیم)وفاقی اردو و جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پرفیسر وحیدالرحمان عرف یاسر رضوی کو دنیا سے گئے ایک سال کا عرصہ بیت گیا لیکن ان کے قاتل آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ برس 29 اپریل کو ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں نامعلوم افراد نے پروفیسر وحیدالرحمان کو گولیاں کا نشانہ بنایا ۔ جہاں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ پروفیسر وحید الرحمان جامعہ کراچی اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے بیک وقت پرفیسر تھے۔ انہوں نے وفاقی اردو یونیورسٹی سے ماسٹرزاور پی اییچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اورپھر جامعہ کراچی سے منسلک ہوگئے۔ آج پروفیسر وحید الرحمان کی یاد میں ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ ان کے قاتلوں کے گرفتاری کے حق میں کراچی پریس کلب میں احتجاج کیا جائے گا

ایمزٹی وی (لیہ)لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے متاثرہ خاتون لاہور کے جناح ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئی جس کے بعد سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد انتیس ہو گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر لیہ میں مٹھائی کھانے سے متاثرہ نو افراد کو نشتر ہسپتال ملتان سے ایمبولینسوں کے ذریعے لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ بدھ کی صبح نصرت بی بی حالت خراب ہونے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی جس کے بعد اس واقعے میں مرنے والے افراد کی تعداد انتیس ہو گئی ہے۔ گزشتہ رات مزید نو مزید متاثرہ افراد کو جناح ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس وقت ہسپتال میں مٹھائی کھانے سے متاثرہ سترہ مریض زیرعلاج ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر جناح ہسپتال میں متاثرہ افراد کو خصوصی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ آج وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی جبکہ ٹیم نے علاقہ مکینوں کے بیانات اور متاثرین کا ریکارڈ قبضے میں لے لیے ہیں۔

ایمزٹی وی(لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے پر پیش رفت اور دیگر متعدد امورکا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پرشہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر ملک کی تاریخ کا منفرد منصوبہ ہے، مفاد عامہ کے اس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے، یہ ادارہ صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، شعبہ صحت کے ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی کی جانب سے ہدایت بھی دی گئی کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے اس منصوبے پرقومی جذبے اور محنت سے کام کیا جائے

ایمزٹی وی (اسلام آباد)قومی احتساب بیورو نے کرپشن کیخلاف جاری تحقیقات ، انکوائریز اور ای سی ایل میں شامل کیے گئے ناموں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں ۔ تفصیلات کے مطابق نیب 638 انکوائریز اور 336 کی تحقیقات کر رہا ہے ۔ نیب رپورٹ کے مطابق کرپشن کی چھ سو اڑتیس انکوائریز ، 336 مقدمات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقدمات میں نامزد 401 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جا چکے ہیں ۔ کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ تحقیقات اور انکوائریز لاہورمیں جاری ہیں جہاں پر 221 مقدمات و انکوائریز زیر التواء ہیں۔ کراچی میں 215 راولپنڈی میں 179 مقدمات کی تحقیقات اور انکوائریز جاری ہیں ۔ خیبرپختونخوا میں 168، بلوچستان میں 120 کیسز کی تحقیقات اور انکوائریز چل رہی ہیں ۔ ای سی ایل میں سب سے زیادہ نام راولپنڈی سے ڈالے گئے جن کی تعداد 140 ہے جبکہ لاہور سے 106 ، کراچی کے91 ، کے پی سے 43 اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 18 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے گئے ۔ سپریم کورٹ نے کرپشن کے ایک مقدمے میں ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کی تفصیلات طلب کی تھیں.

ایمزٹی وی (تعلیم) فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2015کے نتائج جاری کردیئے ۔اعلامیے کے مطابق مقابلے کے اعلی ترین امتحان میں ملک بھر سے12176افراد شریک ہوئے جبکہ نتیجہ انتہائی ناقص رہا۔ نتائج کے مطابق 97فیصد امیدوار سی ایس ایس کے امتحان میں فیل ہوگئے جبکہ صرف 3فیصد امیدوار سی ایس ایس کا تحریری امتحان پاس کرسکے ۔ابتدائی 10کامیاب امیدواروں میں 2خواتین بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں شریک امیدوراوں میں صرف 379امیدواروں نے سی ایس ایس کا تحریری امتحان پاس کیاجبکہ 11امیدوار زبانی امتحان میں فیل ہوگئے سی ایس ایس کا امتحان دینے والوں میں سندھ سے صرف 63امیدوار سی ایس ایس کا امتحان پاس کرسکے جبکہ سندھ کے شہری علاقوں سے صرف 21امیدوار مقابلے کے اعلی ترین امتحان میں کامیاب ہوسکے ۔۔سی ایس ایس کی پہلی پانچ پوزیشن میں سندھ کا کوئی امیدوار شامل نہیں ہوسکا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)کانووکیشن نہ ہونے کےباعث کامسیٹس کے طلبہ وطالبات ایچ ای سی کے باہراحتجاج کیا۔ اس حوالے سے طلبہ کا کہنا تھا کہ ہمارا کانووکیشن منعقد ہونے والا تھا لیکن ایچ ای سی انتظامیہ نے کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرلیا جس سے ہماری دوہری ڈگری رک گئی ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکم امتنا عی واپس لیا جائے