ھفتہ, 18 مئی 2024
Reporter SS

Reporter SS

    • ایمزٹی وی (تعلیم)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کو صوبہ سندھ میں پہلے لوڈشیڈنگ فری تعلیمی بورڈ بننے کا اعزاز حاصل ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق انٹربورڈ کو لوڈشیڈنگ فری زون بنانے کیلئے کے-الیکٹرک اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین محمد اختر غوری سب اسٹیشن کا افتتاح آج شام6 بجے کریں گے ۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں ہونے والی اس اہم پیش رفت پر چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ محمد اختر غوری اور کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کے مابین ایک طویل مشاورتی سلسلہ چلا جس کے نتیجے میں مذکورہ سب اسٹیشن بنانے پر اتفاق ہوا۔ لوڈشیڈنگ فری زون بننے کے بعد اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں ہونے والے جنریٹر اور ڈیزل کے اخراجات میں بڑی بچت ہوگی اور ساتھ ہی بجلی کی بلاتعطل فراہمی سے بورڈ ملازمین کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

       
       
     
     
     

ایمزٹی وی (تعلیم) امریکی قونصل خانے کے تعاون سے یونیورسٹی آف میسا چوسٹس اور بلوچستان کی تین جامعات یونیورسٹی آف بلوچستان،سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے درمیان شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں کراچی میں متعین قائم مقام امریکی قونصل جنرل چاڈ پیٹرسن اور معاہدے میں شریک جامعات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چاڈ پیٹرسن نے کہا کہ معاہدے کے تحت ان چار یونیورسٹیوں کو طلبا،اساتذہ اور دیگر عملے کے باہمی اشتراک کو فرو غ دینے کا موقع ملے گا۔

ایمز ٹی وی (تعلیم) جامعہ کراچی نے پہلے سیمسٹر کا شیڈول جاری کردیا۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر معظم علی خان کے اعلامیے کے مطابق پہلے سیمسٹر برائے تعلیمی سال 2016 کے امتحانات 19 مئی تا 3جون منعقد ہونگے جبکہ 6جون تا13 جولائی سیمسٹر بریک ہوگااور دوسرے سیمسٹر کا آغاز18 جولائی سے ہوگا۔

ایمزٹی وی (تعلیم)سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا)کے سیکریٹری تعلیم مختیار احمد سومرو سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد سپلا نے اپنا احتجاج موخر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ بھر کے لیکچررز اور پروفیسرز ڈی جے سائنس کالج میں جمع ہوئے تھے اور وہ سی ایم ہاؤس تک احتجاجی مارچ کرنا چاہتے تھے جب اس بات کا علم سیکریٹری تعلیم مختیار سومرو کو ہوا تو انہوں نے سپلا کے پانچ مرکزی عہدیداروں کو اپنے دفتر میں طلب کرلیا اس موقع پر ڈی جے سائنس کالج کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا، تاہم کسی بھی لیکچرر یا پروفیسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، سیکریٹری تعلیم نے سپلا کے تمام مطالبات وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو کو ارسال کردیے اوریقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے جس کے بعد سپلانے احتجاج موخر کردیا۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے 2 مئی کو مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی جس میں پاناما لیکس سے متعلق حکومت کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھے گئے خط کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ پریس بریفنگ کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھا گیا خط بے مقصد ہے، جوڈیشل کمیشن کے لئے ہماری مشاورت کے بغیر ٹی او آرز بھیجے جنہیں دیکھ کر شکوک و شبہات میں اضافہ ہوا ہمیں حکومتی ٹی او آرز قبول نہیں ، پانامالیکس کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیئے اور سب سے پہلے وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہونا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق پوزیشن جماعتوں کا اجلاس 2 مئی کو اعتزاز احسن کے گھر پر طلب کرلیا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور سپریم کورٹ بار کے ممبران اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت بااختیار کمیشن بنانا چاہتی ہے تو تمام جماعتوں کو ایک ساتھ بٹھا کر ٹی او آرز طے کرے، اپوزیشن کی بیشتر جماعتوں نے حکومتی ٹی او آرز کو مسترد کردیا۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم کے سینئررہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلا امتیاز احتساب ایم کیوایم کی بنیادی پالیسی ہے اس لیے ملک میں سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے، ایم کیوایم نے سب سے زیادہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور پاناما لیکس کے انکشافات انتہائی اہم ہیں اس حوالے سے کمیشن کا معاملہ ٹی او آرز پر رکا ہوا ہے لہٰذا اس معاملے پر قومی مشاورت سے راستہ نہ نکالا گیا تو عدم استحکام بڑھنے کا خدشہ ہے جس سے ملک کو نقصان ہوگا۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسسس کے اعلی حکام کا اجلاس آج نئی دلی میں ہوگا جس سے قبل پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات جاری ہے۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کے اعلیٰ حکام کا چھٹا اجلاس آج ہوگا جس سے قبل سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور بھارتی ہم منصب جے شنکر کے درمیان ملاقات جاری ہے جب کہ ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط بھی شریک ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہارٹ آف ایشیا پراسس میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا جس کا پانچواں اجلاس اسلام آباد میں ہوا جب کہ ہارٹ آف ایشیا افغانستان میں امن و استحکام کے لئے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔

ایمزٹی وی (تعلیم)آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد نے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد (شعبہ امتحانات) کی پریس ریلیز کے مطابق ایم اے ،ایم ایس سی کے ضمنی امتحان2015و سالانہ امتحان 2016ء کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے ،نئی تاریخ کے مطابق عام فیس کے ساتھ داخلہ فارم کی تاریخ28اپریل سے بڑھا کر10مئی کر دی گئی ہے جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ5مئی سے بڑھا کر 25مئی کر دی گئی ہے ۔

ایمزٹی وی (تعلیم) پنجاب ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم میں سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ ۔سیمینارکا مقصد ہائرایجوکیشن کمیشن میں درس و تدریس، ذہنی مہارت اور اس کی تشخیص کو فروغ دینا تھا۔ سیمینارسے پروفیسر محمود الحسن ، وائس چانسلر یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ ، ڈاکٹر نجیب اللہ اور ڈاکٹر ناصر نے خطاب کیا۔

ایمزٹی وی (پشا ور) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 8ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات گئے زلزلے کے جھٹکوں سے خوف وہراس پھیل گیا۔ زلزلے کا دورانیہ کم تھا تاہم شدت زیادہ تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ اور گہرائی 116 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

پشاور، ملاکنڈ، سوات، شانگلہ،ایبٹ آباد، مانسہرہ،دیر لوئر،دیر اپر ، بٹگرام اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق زلزلے سے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کسی ضلع میں جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کپ میں آئے روز تنازعات جنم لے رہے ہیں اور کھلاڑی کھلے عام پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں تاہم حکام کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جاری پاکستان کپ کے اب تک 6 میچز ہوچکے ہیں لیکن آئے روز کھلاڑیوں کی جانب سے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ یونس خان کے بعد احمد شہزاد اور اب عمراکمل تنازع کی زد میں آچکے ہیں جو فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامے کے دوران کسی سے جھگڑ پڑے جس کا پی سی بی نے سختی سے نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران عمر اکمل کے ساتھ دیگر 4 کھلاڑی بھی موجود تھے جن میں بلاول بھٹی، اویس ضیا، محمد نواز اور شاہد یوسف شامل ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے عمر اکمل کے جھگڑے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیج ڈرامے کے دوران مبینہ جھگڑے کی اطلاعات پر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اگر کھلاڑی اس میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی