پیر, 30 ستمبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کے خواہشمند تمام گروپس کے امپروومنٹ آف مارکس /گریڈ، بینیفٹ کیسز، ایڈیشنل سبجیکٹس، شارٹ سبجیکٹس اور ٹی پی (ٹوٹل پیپرز) کے پرائیویٹ امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔

ان امتحانات میں شرکت کے خواہشمند تمام پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز جمعہ 10 فروری سے بروز منگل28 فروری تک بورڈ آفس لائبریری میں واقع یونائیڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔

یاد رہے آئی بی سی سی اور بی او جی کے فیصلوں کے مطابق اب طالب علم انٹرمیڈیٹ پاس کرنے کے بعد چار سال تک امپروومنٹ آف مارکس /گریڈ کے امتحانات دے سکتے ہیں۔

طلبہ امتحانی فارم، فیس واؤچر اور اسپیشل چانس کا پروفارما بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk  سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کےلیے سیکیورٹی کے انتظامات تقریبا مکمل کرلیے گئے۔

تین بڑے شہروں میں کھیلے جانےوالے میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں اور میچ آفیشلز کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا گیا جبکہ غیر ملکی کمنٹیٹرز، عمائدین، و پروڈیکشن اسٹاف کو وی آئی پی کا درجہ دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل 8 کے انعقاد کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی پنجاب، ایڈیشل آئی جی آپریشن پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت راولپنڈی، ملتان کے ریجنل و سٹی پولیس افسران کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے سیکورٹی حصار تشکیل دیکر سخت ترین حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انٹیلی جنس ایجنسیوں، فوج اور رینجرز کے ساتھ کوارڈینیشن رکھ کر کھلاڑیوں و آفیشلز کو ایئرپورٹ اور اسٹیڈیم کے درمیان قیام اور نقل و حرکت کے دوران بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں داخل ہونے والی بسوں اور ٹرکوں سمیت تمام گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جائے، پولیس اور سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کے دوران اپنے نام کے ٹیگ و سیکیورٹی کارڈ لازمی آویزں رکھیں ورکشاپس، پیٹرول پمپس، بس اسٹاپ، بس اور ٹرک اڈوں پارکنگ اسٹینڈز، پبلک پارکنگ ایریاز، پارکنگ پلازہ اور دیگر ایسی جگہوں کی مکمل اسکریننگ کی جائے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں نمٹنے و کراؤڈ کو کنٹرول کرنے کی خاطر مختلف مقامات پر اینٹی رائٹس فورس تعینات رکھی جائے اور ٹورنامنٹ کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات یقینی بنائیں جائیں۔

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن سمیوٹا نے ریڈ بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کی طرف سے دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر عاطف جمیل پر وحشیانہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر سمیوٹا آصف حسین سموں نے کہا ہے کہ اگر جامعات کے اساتذہ کے ساتھ یہ ناروا سلوک ہے تو عام شہریوں کے ساتھ اس شہر میں کیا حال ہوگا؟ ہم اس واقعے میں ڈرائیور اور کنڈکٹر کی فی الفوری برطرفی اور بس انتظامیہ کی فوری معطلی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

سمیوٹا کی طرف سے ریڈ بس انتظامیہ اور عملے کی شہریوں کے ساتھ خراب رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریڈ بس انتظامیہ کے مسافروں کے ساتھ برتاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سمیوٹا صدر کی طرف سے دائود یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن اور ڈاکٹر عاطف جمیل کے ساتھ یکجہتی اور بھرپور ساتھ کا اعلان کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر قانونی کارروائی نہیں کی گئی تو پھر سارے یونیورسٹی اساتذہ سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔

انقرہ: شام اور ترکی میں قیامت خیز زلزلے سے اموات کی تعداد 8 ہزار704 ہوگئی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ترکی اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزارسے زائد ہوگئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق متاثرین کی تعداد 23 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ سخت سردی میں لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ زلزلے سے متعدد علاقے مٹی کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ سڑکیں اور مواصلات کا نظام تباہ ہونے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

گوادر: یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیرِ صدارت گوادر یونیورسٹی اکیڈمک کونسل منعقد کیاگیا۔

یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی بہتری کے لیے وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اکیڈمک کونسل کے معزز ممبران کو بتایا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ چند مہینوں میں اپنے احاطے اور تعلیمی پروگراموں کو وسعت دی ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکہا اچھی تعداد میں نئے داخلوں اور مجموعی طور پر تعلیمی ترقی کے لیے گوادر یونیورسٹی کے انتظامی عملے اور فیکلٹی ممبران کی کوششوں کو سراہا۔

اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار دولت خان، ڈائریکٹر فنانس شفیع محمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر جان محمد، چیئرمین کامرس ڈیپارٹمنٹ اینڈ ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر کمبر فاروق، ، چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مختار بشیر، چیئرمین مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ فدا حسین ، چیئرمین کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ حفیظ اللّٰہ، لیکچرار شہناز نور، سعدیہ نصیر، ہیم گل اور کے لائبریرین غلام سرور نے شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے معیاری تحقیقی اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔کونسل نے اکیڈمک کونسل کے دوسرے اجلاس کے منٹس کی توثیق کی۔ اس میں یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعلیمی ترقی سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کو حل کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے شرکاء کو بتایا کہ گوادر کی جغرافیائی اور بین الاقوامی اہمیت کے پیش نظر یونیورسٹی میں ابتدائی طور پر سمندری امور، سی پیک، جدید تکنیکی اور سائنسی علوم سے متعلق مضامین پڑھائے جائیں۔ جبکہ گوادر یونیورسٹی کو جلد ہی صوبے اور ملک کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے برابر بنانے کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کرایا جائے گا۔

وائس چانسلر نے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کو فعال بنانے کے لیے جی پی اے کے ساتھ ایک معاہدے پر بات چیت کرنے میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد کی کوششوں کو سراہا جو کہ چار فریقی معاہدے کے ذریعے یونیورسٹی کے حوالے کیا گیا ہے۔ایوان کے اراکین نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔آخر میں وائس چانسلر نے اجلاس میں تمام ممبران کی شرکت اور ان کے گرانقدر تعاون پر شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نےڈگری پروگرامز میں داخلوں کی آخری تاریخ مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیوسٹی میں داخلہ لینے والے خواہشمندامیدواروں کے لئے سمسٹربہار2023کے پہلے مرحلے میں بی ایس،ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں کی آخری تاریخ 15 فروری مقرر کی گئی ہےجبکہ میڑک ، ایف اےاور آئی کام کے داخلے21 فروری تک جاری رہیں گے۔

جامعہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی ایچ ڈی، ایم ایس اور ایم فل پروگراموں میں داخلے کےلئے ٹیسٹ کا شیڈول جاری کردیا جو مین کیمپس کے اکیڈمک کمپلیکس 17تا22فروری ہونگے۔

معروف برازیلی فٹبالر رونالڈینو کے 17 سالہ بیٹے باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسپینش فٹبال کلب بارسلونا سے معاہدہ کرسکتے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دو بار فیفا ورلڈکپ میں برازیلین ٹیم کی نمائندگی کرنے والے رونالڈینو کے 17 سالہ بیٹے جواؤ مینڈس نے ٹرائل پاس کرلیا ہے جس کے بعد اسپینش فٹبال کلب بارسلونا سے معاہدے ہوسکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جواؤ مینڈس معاہدہ حاصل کرنے کیلئے گزشتہ ماہ سے ٹریننگ کررہے تھے جبکہ انکی نگرانی بارسلونا کے صدر جان لاپورٹا اور ایجنٹ رابرٹو ڈی اسس نے کی تھی

سابق فٹبالر رونالڈینو نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارسلونا میرے بیٹے کو سائن کرے گا، کلب ہمیشہ میری زندگی کے قریب ہے۔

نوجوان اسٹرائیکر مینڈس کے والد رونالڈینو نے سال 2003 سے 2008 کے دوران اسپینش کلب بارسلونا سے منسلک رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے 207 میچز میں 94 گولز اسکور کیے جبکہ 70 گولز میں معاونت فراہم کی تھی۔

سابق اسٹرائیکر رونالڈینو نے بارسلونا کو چھوڑ کر اے سی میلان کلب جوائن کیا تب وہ چیمپئنز لیگ، 2 ہسپانوی سپر کپ اور دو لیگ ٹائٹل اپنے نام کرچکے تھے۔

کراچی: ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنس کے پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر کی ڈائریکٹر پروفیسر آف گائناکولوجی ڈاکٹر سارہ قاضی کو ڈاکٹر نصرت شاہ کی جگہ ڈاؤ یونیورسٹی کا پرووائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے۔

ریٹائرمنٹ میں چند ماہ ہی باقی رہ جانےکےباعث اپنے عہدے پر تعینات رہیں گی ۔اسی طرح ڈاؤ یونیورسٹی کے ایک اور پرووائس چانسلر ڈاکٹر کرتار دیوانی بھی اپنی چار برس کی مدت کی تکمیل پر آئندہ ماہ رخصت ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر کرتار دیوانی سمیت 11 پرووائس چانسلرز کو تین سال قبل ریٹائرمنٹ کی بنیاد پر فارغ کردیا گیا تھا لیکن ڈاکٹر کرتار نے عدالت سے اسٹے لے لیا تھا اور محکمہ بورڈز و جامعات اسٹے ختم نہیں کراسکا تھا لیکن اسی دوران حیرت انگیز طور پر ڈاؤ میں سابق وزیر اعلیٰ کی صاحبزادی اور ریٹائرڈ پروفیسر نصرت شاہ کو ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں پی وی سی بھی تعینات کردیا گیا اور ان کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن میں مدت کا ذکر بھی غائب کردیا گیا تھا مگر انھیں گزشتہ مہینے لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کا وی سی مقرر کیا جاچکا ہے۔

ادھر ڈاؤ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر تاحال ڈاکٹر نصرت شاہ پرووائس چانسلر کے طور پر موجود ہیں جبکہ نئی پرووائس چانسلر ڈاکٹر سارہ قاضی کا نام موجود نہیں ہے۔

کراچی: جامعہ کراچی نےشعبہ اُردو کے زیر اہتمام سیمیناربعنوان: مرزااسداللہ خاں غالب کی تخلیقی جہات 09 فروری کو ہوگا۔

شعبہ اُردو جامعہ کراچی کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار بعنوان: ”مرزااسداللہ خاں غالب کی تخلیقی جہات“ جمعرات 09 فروری 2023 ء کوصبح10:00 بجے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہوگا۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی صدارت کریں گے جبکہ دیگر مقررین میں رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس، شعبہ فلسفہ جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب سوری،پروفیسر ڈاکٹر انتخاب الفت،پروفیسررمضان بامری،پروفیسر ڈاکٹر محمد افتخارشفیع اور ڈاکٹرذکیہ رانی شامل ہیں۔

تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹرعظمیٰ حسن جبکہ کلمات تشکر صدرشعبہ اُردو پروفیسرڈاکٹر عظمیٰ فرمان اداکریں گی۔

کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے منگل کو کراچی میں ترکی کے قونصل خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترکی کے قونصل جنرل کیمل سانگو سے ملاقات کی۔

قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر مجیب صحرائی نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے بھاری انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ترکی ہمارا برادر ملک ہے اس لیے ہم ترکی میں انسانی جانوں کے ضیاع کو اپنا سمجھتے ہیں۔

ڈاکٹر صحرائی نے کہا کہ پاکستان، خاص طور پر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ترکی کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں کیونکہ ترکی کی حکومت نے 19ویں صدی میں ایس ایم آئی کے بانی خان بہادر حسن علی کو "افندی" اور "بے" کے خطابات سے نوازا تھا۔

یہی وجہ ہے کہ مذکورہ قدرتی آفات نے پاکستانی عوام کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ڈاکٹر صحرائی نے قونصلیٹ جنرل میں رکھی تعزیتی کتاب میں بھی اپنے خیالات لکھے۔

Page 80 of 2379