جمعہ, 20 ستمبر 2024

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مرتضیٰ جتوئی نے وزیر اعظم نواز شریف کے نام ایک احتجاجی  خط لکھا ہے  جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ان کے ماتحت اداروں میں کام کرنے والے افسران وزیر اعظم کے نام پر حکم عدولی کرتے ہیں لہذایا تو انہیں حقیقی اختیارات دیئے جائیں یا پھر ان کو وزارت سے ہی فارغ کر دیا جائے۔ ان کا خط میں مزید کہناتھا کہ ایم ڈی پانی و بجلی عہدہ چھوڑ چکے ہیں مگر ابھی تک اختیارات استعمال کر رہے ہیں جبکہ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کاپوریشنز بھی میری بات نہیں سنتے۔ مرتضیٰ جتوئی نے وزیر اعظم سے فور ی شنوائی کی درخواست کی ہے۔جبکہ انھوں نے اس خط کے ہمراہ اپنا استعفیٰ بھی ارسال کر دیا ہے۔

ایمز ٹی وی:(کراچی) کراچی کے علاقے منگھو پیر  میں رینجرز نے کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کر رہی ہے جس میں متعدد افراد کے گرفتار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ منگھو پیر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر کے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے جس میں خواتین سرچر  سمیت 300 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ رینجرز نے گرفتار کئے گئے افراد کو خفیہ مقام پرتفتیش شروع کر دی ہے۔

گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے قائد آباد کی سوات کالونی میں پولیس کے ساتھ جھڑپ میں  کالعدم تنظیم کے مقامی امیر سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔

ایمز ٹی وی (ساہیوال) تحریک انصاف کا سونامی ساہیوال سے ٹکرانے کے لئے تیار ہے۔ جلسہ گاہ میں بھی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگا دی گئی ہیں، اور پارٹی قیادت کے تصاویر والے ہورڈنگز سے پنڈال کو سجا یا گیا ہے۔  تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے شیخ ظفر علی اسٹیڈیم کو جلسہ گاہ میں بدل دیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں کی تصاویر والے ہورڈنگز، پنڈال کے چاروں طرف لگا دیے گئے ہیں۔اسکے علاوہ  پارٹی پرچموں ، ٹوپیوں اور بیجز کے اسٹال جگہ جگہ موجود ہیں ۔ پی ٹی آئی کارکنوں کا جوش وخروش بڑھتا ہی جا رہا ہے ۔ پنڈال میں نوجوان ٹولیوں میں حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے ۔ تحریک انصاف کی مقامی قیادت پرامید ہے کہ ان کا جلسہ ساہیوال میں سیاسی تاریخ بدل دے گا۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)انڈو نیشیا  کے مشرقی جزیرے مالوکو کے سمندر میں 7.1  شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

 انڈونیشیا کے مشرقی جزیرے مالوکو میں سمندر کی تہہ میں 7.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زلزلے کے باعث اٹھنے والی سونامی کی لہر نے جزیرے جیلولو کو متاثر کیا تاہم  کسی جانی اور بڑے مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے ملک کے مشرقی شہروں میں محسوس کئے گئے اور لوگ خوف کے مارے اپنے گھروں سے باہر آ گئے۔  انڈونیشیا کے میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے پہلے سونامی کی وارننگ جاری کی  تھی تاہم طوفان کے خطرات ٹلنے کے بعد وارننگ واپس لے لی گئی۔

  ۲۰۰۴ میں انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں سمندر کے اندر آنے والے زلزلے کے بعد بننے والے سونامی نے مختلف ممالک میں تباہی مچادی تھی جس میں 2 لاکھ ۱۵ ہزار سے زائد کے قریب لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے-

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

نائجیریا کے شمال مشرقی شہر چیبوک میں

بوکوحرام کے شدت پسندوں نے قبضہ کرلیا- اسی شہر سے اپریل میںا سکول کی 200 سے زائد طالبات کو اغوا کیا تھا۔

ریاست بورنو کے شہر چیبوک سے فرار ہونے والے شہریوں نے  بتایا کہ جمعرات کی شام کو شدت پسندوں نے حملے کر کے شہر پر قبضہ کر لیا۔

ابوبکر شیکاؤ کی سربراہی میں سرگرم تنظیم بوکوحرام اس سے پہلے چیبوک کے اطراف میں دیہاتوں پر متعدد بار حملے کی چکی ہے۔

ایک سینیٹر نے بتایا  کہ چیبوک میں عیسائی آبادی اکثریت میں ہے اور یہاں تعینات سکیورٹی فورسز کے اہلکار بوکوحرام کے حملے کے وقت فرار ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز ملک کے شمالی مشرقی علاقوں کا دفاع کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوئی ہیں

چیبوک شہر کا دفاع کرنے والے موسیٰ علی کے مطابق شدت پسندوں نے دو گروپوں میں شہر پر حملہ کیا اور ہم ان کا مقابلہ نہیں کر سکے کیونکہ وہ تعداد میں بہت زیادہ تھے۔

’تمام سکیورٹی اہلکار اور فوجی شدت پسندوں پر ایک بھی گولی چلائے بغیر ہمیں شہر میں تہنا چھوڑ کر بھاگ گئے۔اس کے بعد ہمارے پاس اسلحے کا جتنا بھی ذخیرہ تھا وہ ختم ہو گیا اور ہمارے پاس شہر کا دفاع کرنے کا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔‘

نائجیریا شمال مشرقی علاقوں کے شہروں اور دیہاتوں کا دفاع کرنے کا ناکام رہی ہے اور اس وجہ سے بوکوحرام اپنے زیر قبضہ علاقے میں تسلسل سے اضافہ کر رہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ نائجیریا میں ہر آنے والے ہفتے میں بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے تاہم سیاسی قیادت کی زیادہ توجہ آئندہ سال کے انتخابات پر مرکوز ہے۔

بوکوحرام نے حالیہ ہفتوں میں نائجیریا کے شمال مشرقی علاقوں میں کئی قصبوں اور دیہات پر قبضہ کیا ہے۔

بوکو حرام کے خلاف بین الاقوامی سطح پر اس وقت آواز اٹھائی گئی تھی جب انھوں نے چیبوک شہر سے 14 اپریل کو 200 سے زیادہ طالبات کو اغوا کر لیا تھا جبکہ امریکہ، چین، برطانیہ اور فرانس ان لڑکیوں کی بازیابی میں نائجیریا کی حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک)

 پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے، سکیورٹی، تجارت اور معیشت کے حوالے سے آج اسلام آباد میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔

دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں پاکستانی وفد کی سربراہی وزیرِاعظم نواز شریف جبکہ افغان وفد کی سربراہی صدر اشرف غنی کریں گے۔

طرفین دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے بات چیت کریں گے۔

افغان صدر اشرف غنی نے آج اسلام آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہے۔

 افغان صدر سے پاکستان پیپلز پارٹی کی شیری رحمٰن، اعتزاز احسن، فرحت اللہ بابر، فیصل کریم کنڈی، نیشنل عوامی پارٹی کےسربراہ اسفندیار والی خان اور افرا سیاب خٹک، پختونخوا  نے ملاقات کی۔

افغان صدر اشرف غنی سے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے بھی ملاقات کی۔

 اشرف غنی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو از سرِ نو تشکیل دینا چاہتے ہیں جو کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی نے نہیں کیا۔ حامد کرزئی اکثر پاکستان پر الزام عائد کرتے تھے کہ پاکستان طالبان کو روکنے کے لیے موثر اقدامات نہیں کر رہا۔

افغان صدر اشرف غنی نے جمعے کو پاکستان بری فوج کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ کابل اسلام آباد کے ساتھ سکیورٹی اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور سرحدی انتظام میں تعاون چاہتا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے وفد کو پاک افغان سرحد پر سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

افغان صدر اشرف غنی کا دورہ پاکستان کی اہمیت جی ایچ کیو میں دیے گئے استقبالیے سے واضح ہوتی ہے۔ اشرف غنی کو نہ صرف جی ایچ کیو کے دورے کی دعوت دی گئی بلکہ انھیں گارڈ آف آنر دیا گیا اور انھوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ایمز ٹی وی (سیالکوٹ) بھارت اپنی ازلی جارحیت پر قائم ہے آج صبح بھی بھارتی فو ج کی جانب سے چارواہ سکیٹر میں ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ۔ بی ایس ایف نے ماٹر گولے اور مشین گنیں استعمال کرتے ہوئے دھمالہ گاﺅں اور تلسی پور گاﺅں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔جس سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم گولاباری اور فائرنگ سے لوگوں کی املاک اور مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے،پاکستانی فوج نے بھی بھارتی فوج کو منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس جارحیت کا بھرپور جواب دیا ،جس کے بعد بھارتی بندوقوں پر خاموشی طاری ہو گئی ۔

ایمز ٹی وی( نیوز ڈیسک)

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے بولان میں فرنٹیئر کور نے ایک سرچ آپریشن میں متعدد شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ شہر اور پشین میں مسلح افراد کے حملوں میں پولیس اور لیویز فورس کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔

فرنٹیئر کور بلوچستان کے ایک بیان کے مطابق جمعے کو کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی سمیت دو کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے کیمپوں کے خلاف سنی، شوران اور امپادہ کے علاقوں میں ہیلی کاپٹرز کی مدد سے آپریشن کیا گیا۔

انھوں نےکہا کہ ان کمیپوں میں موجود لوگ ریل گاڑیوں پر حملوں، گیس پائپ لائنوں کواُڑانے کے علاوہ جرائم کے دیگر واقعات میں ملوث تھے جبکہ وہ نیشنل ہائی وے پر پبلک ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنانے کی بھی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایف سی کے آپریشن میں عام شہریوں کو ہدف بنایا گیا تاہم اس الزام کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

پشین میں لیویز فورس کے اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں فورس کی ایک چیک پوسٹ قائم تھی جس پر مسلح افراد کے حملے میں فورس کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

اہلکار کے مطابق گرفتار کیے جانے والے شخص کے قبضے سے ایک پسٹل، ایک واکی ٹاکی سیٹ اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوا ہے۔

(ایمز ٹی وی) قومی ٹیم کے سلیکٹرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی فاتح ٹیم پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے آئندہ 2 ٹیسٹ میچز کے لئے بھی ٹیم برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر سے شروع ہونے والے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کے لئے فاتح اسکواڈ برقرار رکھا گیا ہے تاہم زخمی اوپننگ بلے بازاحمد شہزاد کی جگہ توفیق عمر کو گیارہ رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 

اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں کپتان مصباح الحق ، یونس خان،محمد حفیظ، اظہر علی، اسد شفیق، یاسر شاہ، راحت علی،ذوالفقار بابر، عمران خان، حارث سہیل، شان مسعود، احسان عادل اور محمد طلحہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد سر پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ وطن واپس آگئے جبکہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے مہمان نیوزی لینڈ کو 249 رنز سے شکست دی تھی۔

ایمز ٹی وی (کراچی) ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹرجنرل ثمینہ پرویز نے کہا ہے کہ جلد ہی دو نئے شارٹ ویوز ٹرانسمیٹر لگائے جا رہے ہیں جن کی بدولت ریڈیو کی نشریات یورپ میں بھی سنی جا سکیں گی۔

جمعرا ت کو یہا ں نئی منتخب ہونے والی سی بی اے یونین یو ایس او کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایک شارٹ ویوز ٹرانسمیٹر کو بحال کیا گیا ہے جس کے بعد ہماری نشریات مقبوضہ وادی میں سنی جا رہی ہیں ۔

ڈائریکٹر جنرل نے ریڈیو کے عملے کے انتھک کاوشوں کو سراہا کہ انہوں نے 2005 کے زلزلے میں مظفرآباد میں تباہ ہونے والی ریڈیو بلڈنگ کودوبارہ تعمیر کیا ۔ انہوں نے مشکل حالات کے باوجود تربت سے نشریات دوبارہ شروع کیں۔

ادارے کے عملے نے انتہائی پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں ایک نیا ٹرانسمیٹر لگایا جس سے ریڈیو پاکستان کی نشریات اب دوبئی تک سنی جا سکتی ہیں۔ 

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ قیمتی آواز خزانے کی ڈیجیٹائزیشن پر بھی ریڈیو کے اپنے لوگ کام کر رہے ہیں جس سے اس خزانے کو اطلاعات کے جدید ذرائع پر بھی سنا جا سکے گا۔

انہوں نے شعبہ سیلز کی بھی تعریف کی جس نے ادارے کی آمدن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں پندرہ کروڑ روپے کا اضافہ کیا۔

یونین کے سیکرٹری جنرل محمد اعجاز نے اس موقع پر ادارے کی بہتری کے لئے انتظامیہ کو عملے کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔