پیر, 23 ستمبر 2024


نیوزی لینڈ نے کلین سویپ کرکے ریکارڈبرقراررکھا

ایمزٹی وی(کھیل) پاکستان کے مڈل اور لوئرآرڈر بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث نیوزی لینڈ نے میچ138رنز سے جیت کر سیریز میں کلین سوئپ کرلیاجبکہ پاکستان کے خلاف ہوم سیریزمیں جیت کی روایت رکھی ۔

سیڈن پارک ہیلمٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستان نے 368رنز کے تعاقب میں ایک رن بغیر کسی نقصان کے اپنی اننگز آگے بڑھائی، اوپنر سمیع اسلم اور اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 131رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، اس موقع پر ایسا لگتا تھا کہ پاکستان بآسانی میچ بچانے میں کامیاب ہوجائے گا، لیکن سمیع اسلم 91اور کپتان اظہر علی 58رنزکے سوا کوئی بھی بیٹسمین کیویز کی بولنگ کے سامنے جم نہ سکا اور ایک کے بعد ایک پویلین کی راہ لی۔وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں، بابر اعظم صرف 16رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، سرفراز احمد غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے، وہ صرف 19رنز بناسکے۔

اسد شفیق بغیر کھاتہ کھولے ہینری کی نکولس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، سینئر ترین بیٹسمین یونس خان ساؤتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پاکستان کے چار کھلاڑی بغیر کوئی کھاتا کھولے آؤٹ ہوئے، یوں پوری ٹیم 230رنز پر ڈھیر ہوگئی اور نیوزی لینڈ نے میچ 138رنز سے جیت کر دو ٹیسٹ کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

پاکستان 27ماہ بعد کوئی ٹیسٹ سیریزہارا ہے جبکہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 31سال بعد کوئی ٹیسٹ سیریز جیتی ہے، اس سے قبل 1985میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ویگنر نے تین، ساؤتھی اور سینٹنر نے دو، دو جبکہ ہینری اور گرینڈ سم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment